جوش حُور کے اشارے

حسان خان

لائبریرین
بھری برسات میں جس وقت بادل گھِر کے آتے ہیں​
بجھا کر چاند کی مشعل، سیہ پرچم اُڑاتے ہیں​
​
مکاں کے بام و در، بجلی کی رَو میں جب جھلکتے ہیں​
سبک بوندوں سے دروازوں کے شیشے جب کھنکتے ہیں​
​
سیاہی اتنی چھا جاتی ہے جب ہستی کی محفل میں​
تصور تک نہیں رہتا سحر کا رات کے دل میں​
​
امنگیں روح میں اٹھتی ہیں جب یادِ الٰہی کی​
فضا میں پیچ و خم کھاتی ہیں زلفیں جب سیاہی کی​
​
ستارے دفن ہو جاتے ہیں جب آغوشِ ظلمت میں​
لپک اٹھتا ہے اک کوندا سا جب شاعر کی فطرت میں​
​
کڑک سے آنکھ کھل جاتی ہے جب کمسن حسینوں کی​
جھلک اٹھتی ہے موجِ برق سے افشاں جبینوں کی​
​
ہوائے دلستاں جب راگ ساون کے سناتی ہے​
کسی کافر کی جب رہ رہ کے دل میں یاد آتی ہے​
​
لبِ فطرت جب اتنے متصل ہوتے ہیں کانوں سے​
کہ گونج اٹھتا ہے دل عشق و محبت کے فسانوں سے​
​
سمٹ جاتی ہے جب بجلی، دکھا کر ابر سے جھلکی​
فلک پر دفعتاَ جب سانس رک جاتی ہے بادل کی​
​
فلک پر نور کی جس وقت بن جاتی ہیں تصویریں​
شگافِ ابر میں جب کانپنے لگتی ہیں تنویریں​
​
نظر آتے ہیں کچھ شعلے سے جب ظلمت کے دامن میں​
شکن بجلی کی جب تبدیل ہو جاتی ہے روزن میں​
​
معاً اک حُور اُس روزن میں آ کر مسکراتی ہے​
اشاروں سے مجھے اپنی گھٹاؤں میں بلاتی ہے​
​
(جوش ملیح آبادی)​
۱۹۲۵ء​
 
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top