حملے نہ رکے تو پھر فائر بندی موثر نہیں رہے گی: رحیم اللہ یوسف زئی

حملے نہ رکے تو پھر فائر بندی موثر نہیں رہے گی: رحیم اللہ یوسف زئی

10 اپریل 2014 (06:50)

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان سے مذاکرات کرنے والی پہلی حکومتی کمیٹی کے رکن اور سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ اگر سبزی منڈی جیسے دہشت گردی کے حملے نہ رکے تو پھر حکومت اور طالبان کے درمیان فائر بندی موثر نہیں رہے گی بلکہ مذاکرات پر شدید منفی اثرات بھی پڑیں گے، طالبان نے نا صرف دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے بلکہ شدید الفاظ میں مذمت بھی کی ہے، ایسے واقعات کے بعد مذاکرات پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جاتا رہے گا ‘ جو گروپ مذاکرات پر آمادہ ہیں ان سے بات چیت جاری رہنی چاہیے۔ بدھ کو بم دھماکے سے مذاکراتی عمل پر پڑنے والے اثرات بارے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے بھی مذاکراتی عمل کے دوران جب دہشت گردی کی کارروائیاں ہوئیں تو کافی تعطل پیدا ہو ا تھا۔ تحریک طالبان پاکستان سب سے بڑی اور مضبوط تنظیم ہے لیکن اس کے باوجود مذاکرات پر آمادہ ہے، باقی تنظیموں سے نا تو رابطے ہیں اور نہ ہی وہ بات چیت کے لئے تیار ہیں۔ رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ سب سے مذاکرات کرنا ممکن نہیں لیکن جو گروپ مذاکرات کے حامی ہیں ان سے بات چیت ہونی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیاں نہ رکیں تو حکومت اور طالبان کے درمیان فائر بندی موثر نہیں رہے گی جبکہ ایسی کارروائیاں کے منفی اثرات بھی مذاکراتی عمل پر شدت سے ظاہر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل پر شکوک و شبہات کا اظہار اور چہ مگوئیاں ہوتی رہیں گی، طالبان نے مثبت انداز میں نا صرف حالیہ دھماکوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے بلکہ سخت الفاظ میں مذمت بھی کی ہے جو کہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے معاون ثابت ہو گا۔

http://www.dailypakistan.com.pk/peshawar/10-Apr-2014/91335
 
Top