اقتباسات حلقۂ اربابِ ذوق کا جلسہ

عاطف بٹ

محفلین
عبادت صاحب غلام عباس کے گھر ہونے والے حلقہ کے ایک جلسہ کی روداد یوں سناتے ہیں کہ وہ بہت افراتفری کا وقت تھا۔ حلقہ کے لوگوں میں سے زیادہ لوگ پاکستان جاچکے تھے۔ چند ایک پا بہ رکاب تھے۔ حلقہ عربک کالج سے اکھڑ چکا تھا مگر اتوار کی شام کو حلقہ ہونا ضروری تھا۔ وہ عباس صاحب کے یہاں ہوا۔ ضیاء جالندھری سیکرٹری تھے۔ ایک عدد صدر بھی فراہم کرلیا گیا۔ غلام عباس افسانہ پڑھنے کے لئے تیار ہوئے مگر حاضرین میں بھی تو کسی کا ہونا ضروری تھا۔ غلام عباس نے کہا کہ یار، میرا ایک کتا ہے، اسے لے کر آتا ہوں۔ غلام عباس نے اپنے کتے کو سیٹی دے کر بلایا۔ سامعین کی صف میں بٹھایا اور اپنا افسانہ سنایا۔ لیجئے، حلقۂ اربابِ ذوق کا جلسہ ہوگیا۔

(انتظار حسین کی کتاب 'ملاقاتیں' میں شامل مضمون 'ڈاکٹر عبادت بریلوی' سے اقتباس)
 
Top