امیر مینائی حشر کے دن رتبۂ والائے سرور دیکھنا - امیر مینائی (نعت)

حسان خان

لائبریرین
حشر کے دن رتبۂ والائے سرور دیکھنا
زیرِ پا اورنگِ شاہی، چتر سر پر دیکھنا

زیرِ منبر انبیا و اولیا و اتقیا
جلوہ فرما ہوں گے وہ بالائے منبر دیکھنا

وہ علم جس کا پھرہرا عرش پر سایہ فگن
مجتمع زیرِ علم لشکر کے لشکر دیکھنا

امتیں جتنی ہیں سب کو بخشوائیں گے نبی
ملتجی ہوں گے اُنہیں سے سب پیمبر دیکھنا

جلوہ گر ہو گی کسی جانب کو جنت کی بہار
موج زن ہو گا کسی جانب کو کوثر دیکھنا

کنجیاں بھیجے گا اُن کو نار و جنت کی خدا
انتہا کا التفاتِ ربِ اکبر دیکھنا

جب صفِ فوجِ ملائک کی طرف دیکھیں گے آپ
دستِ تسلیم اُن کے اٹھیں گے برابر دیکھنا

بہرِ زیبِ آئینہ برقِ تجلی روبرو
دستِ قدرت شانۂ زلفِ معنبر دیکھنا

لب کھلیں گے جس گھڑی بہرِ شفاعت آپ کے
ساتھ ہی ہوں گے کشادہ خلد کے در دیکھنا

نامۂ اعمالِ امت سادہ ہو جائیں گے سب
ابرِ رحمت روزِ محشر ہو گا سر پر دیکھنا

آپ کی مرضی سے ہو گا سارے عالم کا حساب
آپ کے قبضے میں ہو گا سارا دفتر دیکھنا

دشمنوں کی ہے خرابی دوستوں کی ہے نجات
خاتمہ اِس پر شرف اللہ اکبر دیکھنا

خدمتِ والا میں حاضر ہو گا جب اُس دن امیر
چشمِ رحمت سے اسے اے کُل کے داور دیکھنا

(امیر مینائی)
 
Top