جنرل راحیل فوجیوں کے ساتھ عید منانے کیلئے میرعلی پہنچ گئے، شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی، عید بہادر

جنرل راحیل فوجیوں کے ساتھ عید منانے کیلئے میرعلی پہنچ گئے، شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی، عید بہادر فوجیوں اور متاثرین شمالی وزیرستان کے نام کرتا ہوں

اسلام آباد (این این آئی،نمائندہ جنگ) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی، عید بہادر فوجیوں اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کے نام کرتا ہوں، متاثرین وزیرستان کی آباد کاری تک عید کی خوشیاں ادھوری ہیں، ہمیں فرقہ پرستی کی سوچ کو ناکام بنانا ہو گا،ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ ملک کو دہشت گردی اور فرقہ پرستی کی لعنت سے پا ک فرمائے، وطن عزیز کیلئے جانیں قربان کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے قوم کے نام اپنے عید پیغام میں کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ملک کو دہشت گردی سے ہمیشہ کے لئے نجات ملے گی۔ عیدالفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو بالخصوص مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ عیدالفطر کا دن رمضان المبارک کے حوالے سے یوم تکمیل رحمت الٰہی اور یوم تشکر ہے۔ ہم عید کی حقیقی مسرت صرف اسی وقت حاصل کرسکتے ہیں جب ہم اس موقع پر اپنے غریب عزیز و اقارب، پڑوسیوں اور ضرورت مند بہن بھائیوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ آج کا دن شکر گزار ہونے کا دن ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اپنے ان شہیدوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کے امن وسلامتی کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دیں۔ آج خوشی کا دن ہے مگر ہماری ہر خوشی اس وقت تک ادھوری رہے گی جب تک شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے ہمارے بزرگ، بھائی، بہن اور بچے بحفاظت اپنے گھروں میں واپس جا کر آباد نہیں ہو جاتے۔ ماہ رمضان المبارک ہمیں صبر و تحمل اور برداشت کا سبق دیتا ہے۔ اس ایک مہینے کی یہ تربیت ہماری عملی زندگی میں بھی نظر آنی چاہئے۔ ہمیں بہترین اخلاق سے کام لیتے ہوئے اپنے رویے میں رواداری اور حسن سلوک کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ وہ لوگ جو کسی محرومی کا شکار ہیں ہم ان کی محرومی کو دور کر سکیں۔ اپنے عزیزوں اور ہمسائے میں موجود لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ اعلیٰ اخلاقی اقدار پر عمل کریں تاکہ پاکستان ایک مہذب معاشرے کی تصویر اور تعبیر پیش کرے۔ میری دعا ہے کہ وطن عزیز کا ہر شہری اور ہر شہر امن، ترقی اور خوشحالی کے ثمرات سے مستقل کامیاب ہوتا رہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کا تہوار اسلام کی اعلی اور روشن اقدار کا نقیب، اخوت ومحبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی و مذہبی تشخص کا مظہر ہے، عید کی مبارک گھڑی کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی محبت وتعلقات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا اور خوشگوار بنانا ہے، ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ اللہ پاک ہمارے ملک کو دہشت گردی و فرقہ پرستی کی لعنت سے پاک فرمائے اور ہمارے ملک کو امن ، ترقی و خوشحالی کی نعمت سے مالا مال فرمائے،ہمیں منفی سوچ رکھنے والی قوتوں کی سازشوں اور کارروائیوں سے بچنا ہوگا اور حکومت کی اس سلسلہ میں شروع کردہ انسدادی کوششوں میں مکمل تعاون کرنا ہوگا تاکہ وطن میں امن و امان کی فضا پیدا ہوسکے ،اس پرمسرت موقع پر ہمیں شمالی وزیرستان کے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کیلئے جانیں قربان کرنیوالے پاک فوج کے شہداء کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عید کی ان خوشیوں میں اپنے شمالی وزیرستان کے اُن بہن بھائیوں کو بھی شامل کرنا چاہئے جو وطن عزیز کی سلامتی اور ہمارے روشن مستقبل کی خاطر بے گھر ہوئے ہیں ۔ آج کے دن ہمیں اپنے ان جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے خاندانوں سے اظہارِیکجہتی کرنا چاہئے جنہوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے مبارک دن کے موقع پر میں عالم اسلام اور تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ تمام اہلِ وطن کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور دنیاوی واُخروی خوشیوں سے نوازے۔

http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=221602
 
Top