بول سکھی۔ فاخرہ بتول

بول سکھی ، دل نے کس پل اُکسایا ہو گا ؟
پگلی ، جس پل اُس کا درشن پایا ہو گا

بول سکھی ، کیوں چندا مُجھ کو تاکے جھانکے ؟
پگلی ، اُس کو آخر کچھ تو بھایا ہو گا

بول سکھی ، نینوں سے نیند چُرائی کس نے ؟
پگلی ، وصل کا جس نے خواب دکھایا ہو گا

بول سکھی ، وہ رُوٹھا رُوٹھا کیوں لاگے ہے ؟
پگلی ، بیری لوگوں نے سکھلایا ہو گا

بول سکھی ، کیوں منوا جل کر طُور بنا ہے ؟
پگلی ، پیتم نے جلوہ دِکھلایا ہو گا

بول سکھی ، کیوں سُرخ گُلاب کسی نے بھیجا ؟
پگلی ، پیت کا سندیسہ بھجوایا ہو گا

بول سکھی ، یہ تَن مَن کس کی بھینٹ چڑھاؤں ؟
پگلی ، جس کے کارن جیون پایا ہو گا

بول سکھی ، کیوں نٹ کھٹ سکھیاں چھیڑیں مجھ کو ؟
پگلی ، تو نے بھید اُنہیں بتلایا ہو گا

بول سکھی ، منڈیر پہ کاگا کیوں بولے ہے ؟
پگلی ، تیرے در پر جوگی آیا ہو گا !

بول سکھی ، وہ بن ٹھن کر کیوں نکلا گھر سے ؟
پگلی ، بیرن سوتن نے بُلوایا ہو گا
 
Top