باجوڑ ایجنسی کے قبائل کا حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنےکا اعلان

باجوڑ ایجنسی کے قبائل کا حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنےکا اعلان
24 Jun, 2014

باجوڑ ایجنسی (نمائندہ جنگ) باجوڑ ایجنسی کے ناوگئی، چہارمنگ اور ماموند قبائل کا گرینڈ جرگہ ہوا جس میں قبائل نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے اور اپنے علاقوں میں امن کمیٹی فعال کرنے اور سرحدی علاقوں میں گشت کو موثر بنانے اور علاقے میں کسی عسکریت پسند کو پناہ نہ دینے کا اعلان کیا، پناہ دینے والوں کے مکان نذر آتش علاقہ بدر اور جرمانہ کیا جائے گا اور ان کے خلاف قبائلی روایات کے تحت سخت کارروائی کی جائیگی۔ گرینڈ جرگہ صدر مقام خار میں ہوا۔ اس موقع پر باجوڑ ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ سید عبدالجبار شاہ، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ شاہ نسیم خان، پولیٹیکل تحصیلدار عبدالمالک بھی موجود تھے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے باجوڑ ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ سید عبدالجبار شاہ نے کہا کہ باجوڑ ایجنسی کے قبائل نے اپنے علاقے میں حکومتی عملداری اور امن کی بحالی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ انتہائی قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل انتظامیہ کو قبائل کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری پر فخر ہے پولیٹیکل ایجنٹ نے کہا کہ باجوڑ ایجنسی میں مکمل امن قائم ہے اور اس امن کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان سے لوگ نقل مکان کر رہے ہیں جو کہ تکلیف دہ عمل ہے لہٰذا اس وجہ سے ہمیں اپنے علاقوں پر نظر رکھنا ہو گی تا کہ کوئی امن کو نقصان نہ پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ذمہ داری پوری نہ کرنے والے قبائل کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے چہارمنگ، ناوگئی اور ماموند قبائل کے عمائدین شیخ جہانزادہ، ملک صابر، ملک محمد نواز خان، ملک گلزادہ، شیخ محمد اور دیگر نے کہا کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز کیساتھ پہلے بھی تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔
http://www.hamariweb.com/news/newsdetail.aspx?id=1208836
 
Top