اے میرے دیس کے بچو! ہمیں شاہین بننا ہے۔۔۔ صفدر علی صفدر

فرحت کیانی

لائبریرین
اے میرے دیس کے بچو! ہمیں شاہین بننا ہے
خیالِ حضرتِ اقبال کے سانچے میں ڈھلنا ہے

چلو ہم خود کو ایسے حوصلوں کا کارواں کر دیں
کہ اپنے عزم کے آگے بچھا دے آسماں آنکھیں
ہمیں تاروں کی دنیا سے بھی آگے، آگے چلنا ہے

اے میرے دیس کے بچو! ہمیں شاہین بننا ہے

یہی تھی خواہشِ اقبال کہ اس دیس کے بچے
ہوں اپنی دُھن کے پکے اور اپنی بات کے سچے
ہمیں اقبال کے اس خواب کی تعبیر بننا ہے

اے میرے دیس کے بچو! ہمیں شاہین بننا ہے

خودی کا ہاتھ پکڑے زندگی کی راہ پر نکلو!
بزرگوں سے دعا لو، پربتوں کو جیب میں بھر لو
ہمیں اپنے ہی بازو پر بھروسہ کر کے چلنا ہے

اے میرے دیس کے بچو! ہمیں شاہین بننا ہے


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صفدر علی صفدر
 
Top