اینڈروئیڈ لولی پاپ کے نئے شاندار فیچرز !

arifkarim

معطل
اینڈروئیڈ لولی پاپ کافی اسمارٹ فونز کے لیے دستیاب ہو چکا ہے اور آہستہ آہستہ دیگر امیدوار بھی اسے حاصل کر رہے ہیں۔ اینڈروئیڈ صارفین کو ہمیشہ ہی اینڈروئیڈ کے نئے ورژن کا انتظار رہتا ہے۔ کیونکہ نئے ورژن میں نئی خوبیاں اور نئے فیچرز موجود ہیں۔ اگر لولی پاپ کا اینڈروئیڈ کے گزشتہ ورژن کِٹ کیٹ اگر آپ بھی اینڈروئیڈ لولی پاپ کے منتظر ہیں تو آئیے آپ کو بتاتے ہیں ایسے نمایاں فیچرز کے بارے میں جو آپ کو لولی پاپ میں دیکھنے کو ملیں گے۔

سیٹنگز کے لیے سرچ بار
یہ ایسا فیچر ہے جس کی اینڈروئیڈ میں اشد ضرورت تھی۔ اکثر ہم اپنی اینڈروئیڈ ڈیوائس میں کچھ تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں لیکن سمجھ نہیں آتا کہ ان کی سیٹنگز کہاں موجود ہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اس بار گوگل نے سیٹنگز میں بھی سرچ بار پیش کر دی ہے۔ جو چیز تلاش کرنی ہو سیٹنگز میں آ کر اسے تلاش کریں وہ فوراً ہی سامنے آجائے گی۔ اس فیچر کو بلاشبہ اینڈروئیڈ لولی پاپ کا سب سے بہترین فیچر کہا جا سکتا ہے۔

Search-in-Settings.jpg


کوئیک سیٹنگز کے لیے ٹو فنگر سوائپ
اینڈروئیڈ میں کوئیک سیٹنگز کھولنے کے لیے اسکرین پر اوپر سے نیچے انگلی پھیری جاتی ہے۔ اس کے بعد یہاں کوئیک سیٹنگز کھولنے کے لیے ایک آئی کن موجود ہوتا ہے۔ دراصل ایک دفعہ انگلی پھیریں تو حالیہ ایونٹس کی لسٹ موجود ہوتی ہے اس لیے سیٹنگز میں جانے کے لیے الگ آئی کن موجود ہوتا ہے۔ اینڈروئیڈ لولی پاپ میں فوراً ہی کوئیک سیٹنگز میں جانے کے لیے ’’ٹو فنگر سوائپ‘‘ کا فیچر دیا گیا ہے یعنی اگر آپ دو انگلیوں کے ساتھ اسکرین پر اوپر سے نیچے سوائپ کریں گے تو حالیہ ایونٹس کی بجائے براہِ راست کوئیک سیٹنگز کھل جائیں گی۔

فلیش لائٹ
اینڈروئیڈ کے پرانے ورژنز میں فلیش لائٹ استعمال کرنے کے لیے کوئی ایپلی کیشن انسٹال کرنی پڑتی ہے۔ فلیش لائٹ کو آن کرنے والی زیادہ تر ایپلی کیشنز میں اشتہارات کی بھرمار ہوتی ہے۔ جبکہ آئی فون اور ونڈوز فون کے صارفین کے لیے فلیش لائٹ آن کرنے کے لیے بِلٹ اِن فیچر موجود ہوتا ہے۔ یعنی لائٹ آن کرنے کا آپشن کوئیک سیٹنگز میں ہی موجود ہوتا ہے اس کے لیے کوئی ایپلی کیشن انسٹال نہیں کرنی پڑتی۔
اس خامی کو اینڈروئیڈ لولی پاپ میں دُور کر دیا گیا ہے۔ لولی پاپ میں فون کی LED لائٹ کو آن کرنے کا آئی کن کوئیک سیٹنگز میں موجود ہوتا ہے۔

Android-5.0-Lollipop-Builtin-Flashlight.jpg


موبائل ڈیٹا کے استعمال کی نوٹی فکیشن
سبھی انٹرنیٹ ڈیٹا پلان استعمال کرتے ہیں جس میں محدود انٹرنیٹ دستیاب ہوتا ہے جیسے کہ پانچ سو ایم بی، ایک جی بی یا پانچ جی بی وغیرہ۔ اگر اس مقرر کردہ حد کو پار جائیں تو اضافی پیسے ادا کرنے پڑتے ہیں۔ اس مسئلے کا بہت اچھا حل اینڈروئیڈ لولی پاپ میں فراہم کیا گیا ہے۔ اس میں آپ سیٹ کر سکتے ہیں کہ فلاں تاریخ سے فلاں تاریخ تک آپ کو اتنا انٹرنیٹ استعمال کرنے کی اجازت ہے۔

اس طرح جب موبائل ڈیٹا اپنی مقرر کردہ حد تک پہنچنے لگے گا تو آپ کو خبردار کیا جائے گا۔ اگرچہ یہ فیچر کِٹ کیٹ میں بھی موجود ہے لیکن لولی پاپ میں اسے مزید بہتر اور کارآمد بنا کر پیش کیا گیا ہے۔
یہ سیٹنگز کرنے کے لیے کوئیک سیٹنگز میں موجود SIM کے آئی کن پر کلک کریں۔ اس کے بعد ڈیٹا لمٹ وارننگ کو سیٹ کر دیں مثلاً ایک جی بی۔ اس طرح اتنا انٹرنیٹ استعمال ہوتے ہی موبائل ڈیٹا کو آف کر دیا جائے گا تاکہ آپ کو اضافی ادائیگی نہ کرنا پڑے۔

Quickly-check-your-data-usage.png


نوٹی فکیشنز کا خاتمہ
اینڈروئیڈ لولی پاپ میں نوٹی فکیشنز سے نمٹنے کے لیے خاص طور پر اقدامات کیے گئے ہیں۔ کوئی بھی ایپلی کیشن انسٹال کریں وہ فوراً ہی اپنی نوٹی فکیشنز دکھانا شروع کر دیتی ہے۔ اور کچھ نہ ہو تو اسے اپ ڈیٹ درکار ہوتی ہے جس کا دعوت نامہ اسکرین پر ارسال کر دیا جاتا ہے۔ یہ تمام نوٹی فکیشنز بہت تنگ کرتی ہیں۔ اینڈروئیڈ لولی پاپ میں اگر کوئی نوٹی فکیشن آپ کو پسند نہ ہو تو اس پر چند سیکنڈز تک پریس کر کے رکھیں، فوراً ہی اس پر چند آپشنز ظاہر ہو جائیں گے جن پر کلک کر کے فوراً ہی اس ایپلی کیشن کی نوٹی فکیشنز کو آئندہ کے لیے بلاک کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ فون لاک ہونے کے باوجود اہم ایپلی کیشنز جیسے کہ وٹس ایپ، فیس بک اور جی میل وغیرہ اپنی نوٹی فکیشنز اسکرین پر ظاہر کر دیتی ہیں۔ اگرچہ یہ نوٹی فکیشنز بہت ضروری ہیں لیکن ان میں موجود لکھے پیغام کا فون لاک ہونے کے باوجود اسکرین پر ظاہر ہو جانا پرائیویسی کے لیے خطرہ ہے۔ اس لیے اینڈروئیڈ لولی پاپ میں حساس نوٹی فکیشنز کو چھپایا جا سکتا ہے۔ یعنی نوٹی فکیشن تو موصول ہو گی لیکن اس میں کوئی ٹیکسٹ نہیں ہو گا۔

Hide-sensitive-notifications-from-your-lockscreen.jpg


یوزر، گیسٹ اور نئی پروفائل
اینڈروئیڈ لولی پاپ میں ایک اور اہم فیچر پروفائل کے حوالے سے متعارف کرایا گیا ہے۔ لولی پاپ میں پروفائل آئی کن اسکرین پر اوپر دکھایا جاتا ہے۔ اس پر کلک کرتے ہوئے پروفائل کو بدلا جا سکتا ہے۔ اس میں گیسٹ یعنی مہمان پروفائل بھی موجود ہے جبکہ نئی پروفائل بھی بنائی جا سکتی ہے۔ یہ فیچر اس وقت انتہائی کارآمد ثابت ہوتا ہے جب آپ اپنا فون کسی کو یا خاص طور پر بچوں کو دیتے ہیں تو پروفائل کو بدلا جا سکتا ہے۔ اس طرح وہ آپ کے اہم ڈیٹا تک نہیں پہنچ پاتے اور فون بالکل محفوظ رہتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی پروفائل پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے مثلاً ایسے کہ مہمان اکاؤنٹ فون سے نہ ایس ایم ایس کر سکتا ہے نہ ہی کوئی کال۔

Limit-connectivity-for-guest-and-user-accounts.jpg


ترجیحی موڈ
گوگل نے آخر کار اینڈروئیڈ میں ’’تنگ نہ کرو‘‘ یعنی Do not disturb کا فیچر بھی فراہم کر دیا ہے۔ اگر آپ فون پر کوئی اہم کام کر رہے ہیں اور نہیں چاہتے کہ نوٹی فکیشنز ، ایس ایم ایس یا کالز وغیرہ تنگ کریں تو اس موڈ کو استعمال کر سکتے ہیں۔ اس میں بنیادی طور پر تین موڈز موجود ہیں۔ ایک موڈ تو بہت سخت ہے جس میں کوئی نوٹی فکیشن نہیں ملتی، نہ کوئی کال تنگ نہ کرتی ہے نہ ایس ایم ایس۔ دوسرا موڈ ذرا درمیانہ ہے جس میں آپ کو اہم چیزیں منتخب کرنی ہوتی ہیں کہ صرف یہ تنگ کر سکتی ہیں۔ تیسرا موڈ خوشگوار موڈ ہے جس کے منتخب ہونے کی صورت میں فون بالکل عام حالت میں ہوتا ہے اور تمام نوٹی فکیشنز،کالز اور ایس ایم ایس کے لیے فون کے دروازے کھلے رہتے ہیں۔

Priority-mode.jpg


کالز کی مداخلت ختم
اینڈروئیڈ لولی پاپ میں اس فیچر کی انتہائی ضرورت تھی۔ دراصل جب کوئی کال آتی ہے تو آپ فون پر جو بھی کر رہے ہوں وہ اسکرین غائب ہو جاتی ہے اور کال کی اطلاع پوری اسکرین پر پھیل جاتی ہے۔ گوگل نے نے کالز کی اس بدمعاشی کو لولی پاپ میں ختم کر دیا ہے۔ اس طرح اب کوئی کال آئے گی تو شرافت کے ساتھ اسکرین کے درمیان میں ایک چھوٹا سا الرٹ دکھائے گی۔ جسے اگر آپ قبول کرنا چاہیں تو کر سکتے ورنہ یہاں Dismiss کا بٹن بھی موجود ہے۔

Non-intrusive-calls.jpg


ری اسٹارٹ کے باوجود تمام چلتی ایپلی کیشنز بدستور
اینڈروئیڈ کے گزشتہ ورژنز میں جب فون کو ری اسٹارٹ کیا جاتا ہے تو دوبارہ آن ہونے پر فون میں ری اسٹارٹ ہوتے وقت چلتی ایپلی کیشنز کو بند کر دیا جاتا ہے۔ اینڈروئیڈ لولی پاپ میں یہ تبدیلی کی گئی ہے کہ اگر آپ فون ری اسٹارٹ بھی کر لیں تو جو ایپلی کیشنز چل رہی ہوں گی وہ فون آن ہوتے ہی اپنا کام وہیں سے دوبارہ شروع کر دیں گی۔

Built-in-color-correction.jpg
رنگوں کی درستگی

ایک اندازے کے مطابق دنیا کی 7 فیصد آبادی رنگوں کے اندھے پن کا شکار ہے۔ اس بیماری کے شکار افراد رنگوں میں تمیز نہیں کر پاتے۔ کئی رنگ انھیں صرف سیاہی مائل ہی دِکھائی دیتے ہیں۔ یعنی یہ افراد رنگوں کو بالکل مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔ اینڈروئیڈ لولی پاپ میں گوگل نے رنگوں کو درست کرنے کا فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔ چونکہ یہ بیماری پیدائشی اور موروثی ہوتی ہے اس لیے اس کا علاج بھی بہت مشکل ہے۔ اس لیے لولی پاپ میں وہ اپنے حساب سے رنگوں کی سیٹنگز بدل کر اپنے فون سے زیادہ لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2015 میں شائع ہوئی)
 

اوشو

لائبریرین
ان میں سے اکثر سہولیات تھرڈ پارٹی ایپلیکشنز دے رہی تھیں۔ اچھے فیچرز ہیں اب ان کی انسٹالیشن سے جان چھوٹے گی۔
 
کچھ تاخیر سے اس لڑی کی شروعات نہیں کی گئی؟ بھئی پچھلے ہفتے اینڈرائڈ ایم یعنی اگلا میجر ریلیز اناؤنس ہو چکا ہے، گو کہ ابھی اس کا محض ڈیویلپر پریویو نسخہ جاری کیا گیا ہے۔ :) :) :)
 
اسکرین کیپچر موبائیل کے تھرو کیسے ہوتی ہے ؟ جیسے آپ نے کی ہوئی ہے
عموماً ولیوم ڈاؤن اور پاور کیز ایک ساتھ دبا کر اسکرین کیپچر کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی ڈیوائسیز کے لیے فریم بھی دستیاب ہوتے ہیں جن کی مدد سے اسکرین کیپچر کو فریم میں ایسے لگایا جا سکتا ہے جیسے اسکرین سمیت پوری ڈیوائس کی تصویر لی گئی ہو۔ :) :) :)
 

arifkarim

معطل
کچھ تاخیر سے اس لڑی کی شروعات نہیں کی گئی؟ بھئی پچھلے ہفتے اینڈرائڈ ایم یعنی اگلا میجر ریلیز اناؤنس ہو چکا ہے، گو کہ ابھی اس کا محض ڈیویلپر پریویو نسخہ جاری کیا گیا ہے۔ :) :) :)
یہ پاکستانی جریدہ ہے۔ شکر کریں ایک ہفتے کے اندر اندر ہی اپڈیٹ ہو گیا :)
اسکرین کیپچر موبائیل کے تھرو کیسے ہوتی ہے ؟ جیسے آپ نے کی ہوئی ہے
اینڈروئڈ میں اسکے لئے الگ سے بٹنز موجود ہوتے ہیں۔
 

نور وجدان

لائبریرین
عموماً ولیوم ڈاؤن اور پاور کیز ایک ساتھ دبا کر اسکرین کیپچر کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی ڈیوائسیز کے لیے فریم بھی دستیاب ہوتے ہیں جن کی مدد سے اسکرین کیپچر کو فریم میں ایسے لگایا جا سکتا ہے جیسے اسکرین سمیت پوری ڈیوائس کی تصویر لی گئی ہو۔ :) :) :)
میرے پاس سام سنگ گیلسی گریندڈ جی ٹی ۔۔۔۔ '' ہے ۔۔۔ کبھی خود ہی سکرئن کپچر ہوجاتی ہے ۔۔۔ پاور کے سساتھ تو موبائیل بند ہوجائے گا
 
میرے پاس سام سنگ گیلسی گریندڈ جی ٹی ۔۔۔۔ '' ہے ۔۔۔ کبھی خود ہی سکرئن کپچر ہوجاتی ہے ۔۔۔ پاور کے سساتھ تو موبائیل بند ہوجائے گا
اس ڈیوائس میں تو غالباً ہوم بٹن اور پاور بٹن ایک ساتھ دباتے ہیں، تقریباً ایک یا دو سیکنڈ کے لیے۔ :) :) :)
 

نکتہ ور

محفلین
کچھ تاخیر سے اس لڑی کی شروعات نہیں کی گئی؟ بھئی پچھلے ہفتے اینڈرائڈ ایم یعنی اگلا میجر ریلیز اناؤنس ہو چکا ہے، گو کہ ابھی اس کا محض ڈیویلپر پریویو نسخہ جاری کیا گیا ہے۔ :) :) :)
یہ دیکھیے
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2015 میں شائع ہوئی)
دراصل یہ شمارہ شائع ہونے کے بعد آن لائن کرتے ہیں
 

arifkarim

معطل
یاد رہے کہ یہ اینڈروئیڈ لالی پاپ ہے جو کہ اس لالی پاپ سے قدرے مختلف ہے جو ہماری دیسی حکومتیں ہمیں دیتی ہیں :)
 

عمر سیف

محفلین
یاد رہے کہ یہ اینڈروئیڈ لالی پاپ ہے جو کہ اس لالی پاپ سے قدرے مختلف ہے جو ہماری دیسی حکومتیں ہمیں دیتی ہیں :)
پنجابی میں خاص لفظ ہے اس کے لیے ۔۔ یہاں لکھنا مناسب نا ہوگا ۔۔
سمجھ تے تسی گئے ہوگے ۔۔۔
 
Top