آپریشن ضرب عضب کا مقصد ریاست کی رٹ قائم کرنا ہے، وزیراعظم

آپریشن ضرب عضب کا مقصد ریاست کی رٹ قائم کرنا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد ........وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کا مقصد ریاست کی رٹ قائم کرنا ہے، فوج یہ جنگ ملک میں امن اور استحکام کے لیے لڑرہی ہے، فورسز کو مکمل قانونی حمایت بھی فراہم کی جائے گی۔وزیر اعظم نواز شریف وفاقی وزراء خواجہ آصف، چودھری نثار، اسحاق ڈار،مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی کے ساتھ جی ایچ کیو راول پنڈی گئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کااستقبال کیا۔ وزیرا عظم نے یادگار شہداء کا دورہ کیا،پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد ڈی جی ملٹری آپریشنز نے آپریشن ضرب عضب کے مختلف مراحل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مسلح افواج ہر مزاحمت کو ختم کررہی ہیں ۔وزیر اعظم نے آپریشن ضرب عضب میں پیشرفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج طے کردہ اہداف حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم اس جنگ میں اپنے جوانوں کے پیچھے کھڑی ہے،ریاست کی رٹ قائم ہونے تک فوج اور انٹیلی جنس ادارے دہشت گردوں کا پیچھا جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر عسکری حکام نے عدالتوں میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر پراسیکیوشن کے مسئلے پر تحفظات ظاہر کیے کہ دہشت گردوں کو سزائیں نہیں مل رہیں جس کی وجہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی کوششوں پر منفی اثر پڑتا ہے۔ وزیر اعظم نے عسکری حکام کو یقین دہانی کرائی کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے تحفظ پاکستان ایکٹ لایا گیا ہے ، ان کے خلاف مؤثر پراسیکیوشن ہوگی اور سزائیں دلائی جائیں گی جب کہ فوج کو اس جنگ کے لیے درکار تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ بحالی اور تعمیر نو کے لیے شمالی وزیرستان میں نقصانات کا بھی تخمینہ لگایا جائے،نادرا بنوں میں تصدیقی عمل کو تیز کرے اور اضافی افرادی قوت لگائے، وزیراعظم نے آئی ڈی پیز کے لیے کیے گئے انتظامات پر بھی اظہار اطمینان کیا۔ جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان کو ہر طرف سے مکمل سیل کیا جا چکا ہے، آپریشن ضرب عضب میں اب تک 450سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ 2کیپٹن اور 24 جوان شہید ہوئے ہیں،میران شاہ کو مکمل کلیئر کرالیاگیاہے ، میرعلی میں مزاحمت کاسامناہے تاہم اسے بھی جلدکلیئرکرالیاجائےگا،اگلے مرحلے میں شوال اور دتہ خیل میں کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم کے دورۂ جی ایچ کیو سے پہلے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے پرائم منسٹرہاؤس میں وزیراعظم نوازشریف سےملاقات کی جس کے دوران خطے کی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ نے بھی ملاقات کی اور پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور پر بات کی۔

http://urdu.geo.tv/UrduDetail.aspx?ID=154163
 
Top