اوکلاہوما میں شدید آندھی سے تباہی، درجنوں ہلاک

130520214851_tornado_oklahoma_304x171_getty.jpg


امریکہ کے شہر اوکلاہوما سٹی کے مضافات میں طاقتور آندھی کے نتیجے میں کم از کم 91 افراد ہلاک اور درجنوں مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں۔
سب سے زیادہ نقصان شہر کے جنوب میں مور نامی علاقے میں ہوا جس میں 320 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے محلے کے محلے تباہ کر دیے اور سکول اکھاڑ کر رکھ دیے۔
ہسپتالوں میں 120 افراد کا علاج ہو رہا ہے اور خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔
امریکی صدر براک اوباما نے اوکلاہوما کو بڑی تباہی کا علاقہ قرار دیا ہے۔ انھوں نے وفاقی حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ تلاش اور امداد کی کارروائیوں میں مدد دیں جو ساری رات جاری رہیں گی۔
اوکلاہوما نے طبی حکام نے کہا ہے کہ 51 مرنے والوں کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں 20 بچے بھی شامل ہیں۔
پلازا ایلیمنٹری (پرائمری) سکول طوفان کی براہِ راست زد میں آیا، جس نے سکول کی چھت اکھاڑ دی اور دیواریں گرا دیں۔
اوکلاہوما کے لیفٹیننٹ گورنر ٹاڈ لیمب نے بی بی سی کو بتایا، ’اب بھی دو درجن کے لگ بھگ بچے گم ہیں۔ سکول سے چند لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ یہ سب کچھ بہت لرزہ خیز اور تباہ کن ہے۔‘
یہ بگولہ مور نامی علاقے میں تقریباً 45 منٹ تک زمین پر رہا۔ مورے کی آبادی 55 ہزار کے قریب ہے۔
بگولے کی زد میں آ کر درجنوں گاڑیاں اور ٹرک تباہ ہو گئے ہیں۔اس کے علاوہ ایک ریڈیو سٹیشن بھی بگولے کی لپیٹ میں آیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق سکول میں بچے پھنسے ہوئے ہیں اور ان کو ملبے سے باہر نکالنے کے لیے امدادی آپریشن جاری ہے۔
علاقے کے ایک اور سکول کو بھی نقصان پہنچا ہے، جہاں دیکھا گیا کہ اساتذہ بچوں کو سکول سے نکال کر محفوظ جگہوں کی طرف لے جا رہے ہیں۔
امدادی کارکن متاثرہ علاقے میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
اوکلاہوما کی گورنر میری فیلن نے کہا کہ یہ ایک الم ناک دن ہے اور ان والدین کے لیے ’ہمارے دل شکستہ ہیں جو اپنے بچوں کو تلاش کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ صدر براک اوباما نے فون کر مدد کی پیش کش کی ہے اور کہا کہ ہے اگر انھیں مدد کی ضرورت ہو تو وہ براہِ راست ان سے بات کر سکتی ہیں۔
امریکہ کے محکمۂ موسمیات نے بگولے کے بارے میں لوگوں کو پہلے خبردار کر دیا تھا اور اس کے ساتھ ہدایت کی تھی کہ محفوظ پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔
ایک عینی شاہد ملیسا نیوٹن نے بتایا، ’ہمارا محلہ کاٹھ کباڑ سے اٹ گیا ہے۔ ہمارا صحن سیمنٹ اور لکڑی کے ٹکڑوں سے بھرا پڑا ہے۔ بعض گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔‘
جیمز رشنگ نے خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ پلازا ٹاور ایلیمنٹری سکول کو طوفان نے ملیامیٹ کر دیا ہے: ’میں جب وہاں پہنچا تو دو منٹ کے اندر اندر سکول کے بخیے ادھڑنے لگے۔‘
علاقے میں مزید بگولوں کے بننے کی اطلاعات بھی مل رہی ہیں۔
اس سے پہلے اتوار کو بگولوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 21 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔
اوکلاہوما سے کانگریس کے ممبر ٹام کول نے امریکی ٹی وی چینل سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ اس طرح سے صورتحال سے نکلنے میں کچھ مدت لگے گی‘۔
اوکلاہوما میں اتوار کو بگولے سے تباہی کے بعد اب تک ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ ریاست کی گورنر نے سولہ کاؤنٹیز میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی تھی تاکہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی کا عمل شروع ہو سکے۔
امریکہ میں ایک طوفان ریاست ٹیکسس سے مِنی سوٹا تک پھیل رہا ہے اس کے نتیجے میں ریاست آئیووا اور کینسس میں بھی بگولے، طوفانی ہوا اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

بہ شکریہ بی بی سی اردو
 
Top