الوداعی تقریب اردو محفل کے مخفی محفلین

جاسمن

لائبریرین
نبیل! آپ کو اردو محفل کے سب زمروں کی قسم!ایک دن… صرف ایک دن کے لیے اردو محفل کی نظامت میرے سپرد کر دیں۔ پہلے ہی دن میں ایسا "آپریشن جن بھوت" کروں کہ محفل کے ہر گوشے میں چھپے بیٹھے جِن بھوت،مہمان، خفیہ قارئین، سائلنٹ اور مخفی محفلین کو کھینچ کر روشنی میں لے آؤں۔
بھئی! روز دیکھتی ہوں کہ محفل پر سینکڑوں مہمانوں کی آمد و رفت ہوتی رہتی ہے۔ ہوشیار، خبردار، آپس میں غم خوار و غم گسار، محفل کے وفادار، علی وقار محفلین کی تعداد اتنی ہوتی ہے کہ جتنا گوالوں کے پانی میں دودھ۔ سوچتی ہوں اگر یہ مخفی محفلین ظاہر ہو جائیں تو آج ادبی زلزلہ آ جائے۔ ، طنز و مزاح کی بارش ہو، غزلوں کا سیلاب ہو محفلِ سخن میں اور زمروں کے افق پہ نت نئی لڑیوں کی کڑک و چمک ہو۔
لیکن ہائے افسوس! جب دھاگے کھولتی ہوں تو وہی چند وفادار، ہمت والے، اپنی شکل اور شناخت کے ساتھ حاضر و ناظر کہ جن کے بارے اکثر پہلے ہی پتہ ہوتا ہے کہ کیا لکھیں گے، کیا پڑھیں گے۔ :)
دل میں خیال آتا ہے۔۔۔
کون ہیں یہ سینکڑوں خاموش مہمان اداکار؟
اب اگر ایک دن کے لیے مجھے نظامت ملے، تو سب سے پہلے محفل کے دروازے پر چیک پوسٹ لگا دوں گی۔
" آئی ڈی کے بغیر داخلہ بند۔"
"صرف پڑھنے آئے ہیں" والوں کے لیے ایک الگ گوشہ بناؤں گی جس کا نام ہوگا۔۔۔
"خفیہ محفلین کلب"
ان کے پروفائل پر ایک خودکار پیغام چسپاں ہو جائے گا۔
"ہم نے آپ کو پڑھ لیا، اب آپ ہمیں پڑھیں!"
مزید یہ کہ محفل کے ہر زمرے پر ایک خودکار پینافلیکس نصب کیا جائے گا، جو ہر آنے والے کو پیغام دے۔۔
"جناب! سلام تو کر جائیں، ہم بھی انسان ہیں!"
پھر خواب دیکھتی ہوں کہ ایک دن میں ہی محفل پر انقلاب آ گیا۔ خاموش مہمان قہقہے لگانے لگے، "صرف قاری" تبصرہ نگار بن گئے، اور جن بھوت، محفلین سے بھی آگے نکل گئے۔
محفل زندہ ہو گئی، زمرے چمکنے لگے، اور منتظمین کی طرف سے مجھے تمغۂ خدماتِ محفل عنایت کیا گیا۔
لیکن تبھی آنکھ کھل گئی۔
کیا دیکھتی ہوں… میں اب بھی ایک عام سی محفلین ہوں…
اور وہی سات سو، آٹھ سو مہمان…
چپ چاپ… سب کچھ پڑھ کے… بغیر کچھ کہے… نکل جانے والے 😢
محفل کے جن بھوتوں کے سے آخری التماس:
محفل کا لطف تبھی ہے جب سب بولیں، لکھیں، اپنی رائے دیں، دوسروں کی تحاریر پہ تبصرے کریں۔ آپ کے دو لفظ کسی کے لیے حوصلہ، اور کسی کے لیے خوشی بھی بن سکتے ہیں۔ آپ بھی کسی کو کچھ اچھا سکھا سکتے ہیں۔ تو آئیے، صرف دیکھنے والے نہ بنیں… کچھ کہہ بھی دیا کریں!
ہو سکتا ہے کہ آپ کے آ جانے سے محفل کو نئی زندگی مل جائے۔
 
Top