انیس آ کے جو بزمِ عزا میں رو گئے (سلام از میر انیس)

حسان خان

لائبریرین
آ کے جو بزمِ عزا میں رو گئے
مجرئی! وہ فردِ عصیاں دھو گئے
یاد آیا دامنِ مادر کا چین!
پاؤں پھیلا کر لحد میں سو گئے
اشک کیا نکلیں کڑے احوال پر
سنتے سنتے قلب پتھر ہو گئے
موت آئی ہے محبّو، "الفراق"
آج سب وعدے برابر ہو گئے
ہاتھ سے جاتا رہا نقدِ حیات
جان لے کر آئے، بے جاں ہو گئے
عالمِ فانی میں ہم کو کیا ملا
اور کچھ اپنی گرہ سے کھو گئے
راحت آبادِ عدم ہے خوب جا
پھر نہ آئے وہ، جہاں سے جو گئے
ہتھکڑی اور بیڑیوں کو دیکھ کر
دست و پا عابد کے ٹھنڈے ہو گئے
چھد گیا مثلِ گہر ناوک سے حلق
لعل سی جاں اصغر اپنی کھو گئے
خون گردن سے جو نکلا گرم گرم
بھر کے آہِ سرد ٹھنڈے ہو گئے
آ کے تربت پر پکارے شاہِ دیں
ہائے آج اصغر اکیلے ہو گئے
احمد و زہرا و حیدر اور حسن
آ کے سب لاشے پہ حُر کے رو گئے
عالمِ پیری میں یہ غفلت انیس
رات بھر جاگے، سحر کو سو گئے
(میر انیس)
1.jpg
2.jpg
 
راحت آبادِ عدم ہے خوب جا
پھر نہ آئے وہ، جہاں سے جو گئے۔
سبحان اللہ ۔۔۔ کیا ہی عمدہ کلام ہے ۔حسان میاں جیتے رہیے۔
 
Top