آپریشن ضربِ عضب: زمینی کارروائی کا آغاز

آپریشن ضربِ عضب: زمینی کارروائی کا آغاز
ڈان اردو تاریخ اشاعت 26 جون, 2014

53abc33f3bc73.jpg

53abc33f3bc73.jpg

فائل فوٹو—
پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن 'ضربِ عضب' جاری ہے، جبکہ فورسز نے اب میران شاہ بازار میں پیش قدمی کا عمل شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فضائی کارروائی کے بعد پاک فوج اب زمینی کنٹرول حاصل کرنے کے لیے مشتبہ ٹھکانوں کو تباہ کررہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے میران شاہ بازار اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مورچے سنبھال لیے ہیں۔

تاہم اس حوالے سے فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سےکوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

اس سے قبل منگل کے روز فورسز نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم 47 مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

اس کارروائی میں دہشت گردوں کے گیارہ ٹھکانے بھی تباہ ہوئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی تباہ کردیا گیا۔

بڑے پیمانے پر نقلِ مکانی
علاقے میں جاری فوجی آپریشن کے باعث اب تک تقریباً ساڑھے چار لاکھ افراد پاکستان کے مختلف علاقوں اور پڑوسی ملک افغانستان نقل مکانی کر چکے ہیں جو موجودہ سالوں میں پاکستان کے کسی بھی علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے چار لاکھ 54 ہزار 207 (36 ہزار 514 خاندان) افراد کی سیدگئی چیک پوسٹ پر رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔

بیان میں کہا گیا ان افراد میں راشن کی تقسیم کے لیے چھ مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں تین بنوں، دو ڈیرہ اسماعیل خان اور ایک ضلع ٹانک میں قائم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں مہینے آٹھ جون کو کراچی کے جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے ایک ہفتے بعد پاکستانی فوج نے شمالی وزیرستان میں مقامی اور غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف ایک بھرپور آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

اب تک شمالی وزیرستان کی مختلف تحصیلوں میں جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹروں سے کی جانے والی کارروائی میں دو سو سے زائد مشتبہ شدت ہلاک ہوچکے ہیں جن میں بہت سے غیر ملکی شدت پسند بھی شامل ہیں۔
http://urdu.dawn.com/news/1006309/
 
Top