ہیں زیورِ افلاک کہن مردہ ستارے

ہارے بھی اگر جان تو جاں ہم نہیں ہارے
ہیں زیورِ افلاک کُہن مردہ ستارے

جتنا بھی چلیں اتنا پرے جاتی ہے منزل
جائیں گے کہاں گردشِ افلاک کے مارے

ظاہر میں تو ہیں سامنے بیٹھے ہوئے ہم تم
پر کتنے جہاں ہیں کہ جو ہیں بیچ ہمارے

تم تک جو چلوں، کتنے زمانوں کا سفر ہے؟
تھم جائے نہ خود وقت جو پاس آؤں تمھارے

یہ کون سا قانونِ طبیعی ہے بتاؤ؟
اِس سَمت جو گُل ہیں وہ ہیں اُس سَمت شرارے

افراد کے بس میں تو یہاں کچھ بھی نہیں ہے
اُتنے ہی کھڑے راست ہیں جتنے ہوں سہارے

بے بس تو نہیں، تنگ ہوئی ہم پہ زمیں گر
لے جائیں گے گھر دور کہیں باندھ غبارے

ملنی ہو جنھیں چل کے خود آ جاتی ہے منزل
ایسے نظر آتے نہیں ریحانؔ اشارے
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب ، ریحان! اچھے اشعار ہیں ۔ بہت داد!
ہارے بھی اگر جان تو جاں ہم نہیں ہارے
ہیں زیورِ افلاک کُہن مردہ ستارے

ایک اور صورت ذہن میں کچھ ایسے ہے:

آفاق کی دھڑکن ہیں کہن مردہ ستارے
مطلع کے مصرعِ ثانی کے بارے میں آپ کا تفکر و تردد بالکل بجا ہے ۔ مردے کا لفظ اچھا تاثر نہیں چھوڑتا۔ ایک تجویز میں دیتا ہوں:
ہیں زینتِ افلاکِ کہن بجھتے ستارے
میری ناقص رائے میں ستارے کے بجائے افلاک کو کہن کہنا زیادہ معنی خیز ہے۔ زیور کے بجائے زینت کے معنی میں زیادہ وسعت ہے۔ مردہ کے بجائے بجھتے ہوئے کہنا ایک مسلسل عمل اور طویل دورانیے کو ظاہر کرتا ہے اور شعری خیال سے زیادہ مطابقت رکھتا ہے۔ یعنی کسی جدو جہد میں جان ہارنے والے مرنے کے بعد بھی دیر تک زندہ رہتے ہیں۔ یہ میری ناقص تجویز ہے ۔ آپ اپنے شعر کو بہتر جانتے ہیں ۔

یہ کون سا قانونِ طبیعی ہے بتاؤ؟
اِس سَمت جو گُل ہیں وہ ہیں اُس سَمت شرارے
ہاہاہاہا! اس کا راز نوری سال کی دوریوں میں پوشیدہ ہے ۔
یہاں گل کا ذومعنی استعمال خوب ہے۔
 
ہارے بھی اگر جان تو جاں ہم نہیں ہارے
ہیں زیورِ افلاک کُہن مردہ ستارے

بہت خوب!
متشکر ہوں جناب.

بہت خوب ، ریحان! اچھے اشعار ہیں ۔ بہت داد!
بہت نوازش.

تاثر نہیں چھوڑتا۔ ایک تجویز میں دیتا ہوں:
ہیں زینتِ افلاکِ کہن بجھتے ستارے
میری ناقص رائے میں ستارے کے بجائے افلاک کو کہن کہنا زیادہ معنی خیز ہے۔ زیور کے بجائے زینت کے معنی میں زیادہ وسعت ہے۔ مردہ کے بجائے بجھتے ہوئے کہنا ایک مسلسل عمل اور طویل دورانیے کو ظاہر کرتا ہے اور شعری خیال سے زیادہ مطابقت رکھتا ہے۔ یعنی کسی جدو جہد میں جان ہارنے والے مرنے کے بعد بھی دیر تک زندہ رہتے ہیں۔ یہ میری ناقص تجویز ہے ۔ آپ اپنے شعر کو بہتر جانتے ہیں ۔
اصل میں کہن مردہ سے مراد ایسے ستارے ہیں کہ جو ختم ہو چکے مگر ان کی روشنی ہم تک ابھی بھی پہنچ رہی ہے، یہ پاپ کلچر کا ایک دلچسب مضمون ہے گو کہ حقیقت میں جو ستارے ہمیں دکھائی دیتے ہیں ان کی روشنی کو ہم تک پہنچنے میں صرف چند ہزار سال کی مسافت درکار ہے جبکہ ان کی عمریں اربوں سال پر محیط ہوتی ہیں.
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
متشکر ہوں جناب.

بہت نوازش.

اصل میں کہن مردہ سے مراد ایسے ستارے ہیں کہ جو ختم ہو چکے مگر ان کی روشنی ہم تک ابھی بھی پہنچ رہی ہے، یہ پاپ کلچر کا ایک دلچسب مضمون ہے گو کہ حقیقت میں جو ستارے ہمیں دکھائی دیتے ہیں ان کی روشنی کو ہم تک پہنچنے میں صرف چند ہزار سال کی مسافت درکار ہے جبکہ ان کی عمریں اربوں سال پر محیط ہوتی ہیں.
ریحان ، میں مصرع ثانی کا پس منظر بالکل سمجھ گیا تھا اور میرا تبصرہ اسی تناظر میں تھا ۔ لیکن مجھے لفظ مردہ ہی اچھا نہیں لگا چہ جائیکہ کہن مردہ۔ اسی لیے کہن کو افلاک کے ساتھ متصف کیا۔ ویسے ستارے کو مرنے میں بھی لاکھوں سال کا عرصہ لگتا ہے اسی لیے مردہ کے بجائے بجھتے ہوئے یعنی مرتے ہوئے کہا ۔ یہ پہلو اور زاویۂ فکر آپ کے مدعا سے کچھ مختلف سہی لیکن ہے اسی سمت میں۔ :)
کوئی بھی تجویز بہرحال تجویز ہی ہوتی ہے اور اس کا مقصدسوچ کے نئے دروازے کھولنا ہوتا ہے ۔ پھر وہی بات دہراؤں گا کہ شعر آپ کا ہے سو آپ ہی بہتر جانتے ہیں۔ سخن گستری کے لیے معذرت!
 
صابرہ امین

لائبریرین
خوبصورت غزل ۔۔ داد قبول کیجیے!

؀ظاہر میں تو ہیں سامنے بیٹھے ہوئے ہم تم
پر کتنے جہاں ہیں کہ جو ہیں بیچ ہمارے
کیا کہنے۔۔!!
 
ریحان ، میں مصرع ثانی کا پس منظر بالکل سمجھ گیا تھا اور میرا تبصرہ اسی تناظر میں تھا ۔ لیکن مجھے لفظ مردہ ہی اچھا نہیں لگا چہ جائیکہ کہن مردہ۔ اسی لیے کہن کو افلاک کے ساتھ متصف کیا۔ ویسے ستارے کو مرنے میں بھی لاکھوں سال کا عرصہ لگتا ہے اسی لیے مردہ کے بجائے بجھتے ہوئے یعنی مرتے ہوئے کہا ۔ یہ پہلو اور زاویۂ فکر آپ کے مدعا سے کچھ مختلف سہی لیکن ہے اسی سمت میں۔ :)
کوئی بھی تجویز بہرحال تجویز ہی ہوتی ہے اور اس کا مقصدسوچ کے نئے دروازے کھولنا ہوتا ہے ۔ پھر وہی بات دہراؤں گا کہ شعر آپ کا ہے سو آپ ہی بہتر جانتے ہیں۔ سخن گستری کے لیے معذرت!
آپ کا تبصرہ ہمیشہ سر آنکھوں پر ہے ظہیر بھائی. اس متبادل کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
خاکسترِ انجم سے پھر اٹھتے ہیں ستارے
 
Top