گریپ فروٹ بھی کھائیے۔

حجاب

محفلین
[align=right:3c8e1398c4]شائد ہی کوئی پھل یا جوس کی ایسی دکان ہو جہاں آپ کو گریپ فروٹ نہ دکھائی دیتا ہو۔اس کا حجم سنگترے سے بڑا اور رنگت سبز اور زرد مائل ہوتی ہے جبکہ ذائقہ کڑواہٹ ملی ترشی پر مبنی ہوتا ہے۔لوگ عموماً اس کی ترشی کی وجہ سے اسے کم سے کم استعمال کرتے ہیں بلکہ اکثر اسے دوسرے پھلوں کے رس میں ملا کر تیار کیا جاتا ہے تاکہ اس کی ترشی یا کھٹاس کو کم کیا جاسکے۔تاہم بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو سرے سے اسکو کھانے کے لئے تیار ہی نہیں ہوتے حالانکہ قدرت نے اس میں،لیموں،سنگترےاور دیگر سٹرس پھلوں جیسی خصوصیات بھی رکھی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اسے مختلف امراض کا بہترین علاج بھی تصوّر کیا جاتا ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق جوڑوں کے درد اور ورم میں اس کا استعمال بہت مفید ہوتا ہے۔اس کا جوس پینے سے جوڑوں اور ہڈیوں میں موجود مضر صحت مادے خارج ہوجاتے ہیں جو عموماً زیادہ گوشت ،میدہ،کشید شدہ آٹے اور پالش کیئے ہوئے چاول کے کھانے کے باعث پیدا ہوتے ہیں۔محققین کے مطابق جو افراد بے چھنے آٹے کی روٹی،بغیر پالش کے چاول،اور گوشت کی بجائے سبزیاں زیادہ کھاتے ہیں وہ عموماً جوڑوں کے درد ،معدے کے امراض اور دیگر چھوٹے موٹے امراض سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔
گریپ فروٹ میں قدرتی ایسپرین موجود ہوتی ہے۔اسی لئے اسے سیلی ایسڈ کا بہترین اور موثر ذریعہ خیال کیا جاتا ہے۔گریپ فروٹ میں موجود ایسپرین کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کھانے سے کسی قسم کے سائیڈ افیکٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا جبکہ ایسپرین کی گولی سائیڈ افیکٹس رکھتی ہے۔
گریپ فروٹ کا رس اور گودا تو اپنی جگہ فائدہ مند ہوتا ہی ہے تاہم اس کے چھلکے بھی بہت مفید اور کارآمد چیز ہیں۔بلخصوص سردیوں کے موسم میں جب نزلہ زکام اور دیگر چھوٹے موٹے امراض عام ہوتے ہیں گریپ فروٹ کے خشک کئے ہوئے چھلکوں کی تازہ یا خشک پودینے کے ساتھ ملا کر چائے بہت فائدہ دیتی ہے۔خاص طور پر معمر اور بوڑھے افراد جنہیں سردیوں کے موسم میں ٹھنڈ لگنے اور زیادہ بیمار ہونے کا خدشہ ہو اُن کے لئے یہ چائے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔دن میں تین یا چار مرتبہ پینا ضروری ہے۔
گریپ فروٹ کے اجزاء میں زخموں کو جلد خشک کرنے اور انہیں خراب ہونے سے بچانے کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے۔اگر کسی جگہ کٹ لگ جائے اور کوئی چھوٹا زخم آجائے تو اُس پر گریپ فروٹ کی پتلی سی پرت رکھ کر اوپر سے پٹی باندھ دیں زخم نہ صرف خراب ہونے سے محفوظ رہے گا بلکہ جلد بھر بھی جائے گا۔
اس پھل کی خوبی یہ ہے کہ اسے کھانے سے جسم کا کوئی ایک فعل تیز نہیں ہوتا بلکہ جسمانی نظام کی مجموعی کارکردگی بھی بڑھ جاتی ہے اور تمام اعضاء زیادہ فعال ہو جاتے ہیں۔اس کا رس جگر کا خون پیدا کرنے کی صلاحیت بڑھا دیتا ہے۔جس سے زیادہ صالح خون پیدا ہوتا ہے۔اس طرح معدے کی کارکردگی بھی بڑھ جاتی ہے اور خوراک جلد ہضم ہوکر جزو بدن بنتی ہے۔آنتیں نرم اور نقصان دہ آلائیشوں سے پاک ہوجاتی ہیں۔زیادہ کھانا کھا لیا جائے تو گریپ فروٹ کا جوس پینے سے پیٹ ہلکا پُھلکا ہوجاتا ہے اور طبعیت کا بوجھل پن دور ہوجاتا ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق گریپ فروٹ کو تنہا کھائیں یا اس میں دیگر پھلوں کا رس ملا کر استعمال کریں دونوں صورتوں میں یہ صحت کے لئے مفید اور کارآمد ہے۔تاہم ایسے افراد جن کے گلے خراب ہوں یا جنہیں کھٹّی چیزیں راس نہ آتی ہوں وہ اسے سوچ سمجھ کے استعمال کریں۔
ڈسکوری ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ڈاکٹر کین فوجوکو نے گریپ فروٹ کے انسانی صحت پر اثرات کے حوالے سے ایک سو مرد اور خواتین پر ایک تجربہ کیا،یہ خواتین و حضرات بہت زیادہ موٹے تھے۔تجربے میں ان افراد کو چار گروپ میں تقسیم کیا گیا۔
پہلے گروپ کو صرف گریپ فروٹ کا رس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔
دوسرے گروپ میں شامل افراد کو ہر کھانے کے ساتھ ایک مکمل گریپ فروٹ کا جوس پینے کی تاکید کی گئی۔
تیسرے گروپ کو ہر کھانے کے بعد آدھا گریپ فروٹ کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ۔
جبکہ چوتھے گروپ کو کبھی کبھار گریپ فروٹ کھانے کی ہدایت کی گئی۔ان تمام گروپس کو ہفتے میں آدھا گھنٹہ چہل قدمی کا بھی کہا گیا۔
تین ماہ کے بعد کبھی کبھار گریپ فروٹ استعمال کرنے والے گروپ میں نصف پاؤنڈ وزن کی کمی ہوئی۔صرف رس پینے والے گروپ کے وزن میں دو اعشاریہ چار پاؤنڈ کی کمی،ہر کھانے کے بعد گریپ فروٹ استعمال کرنے والوں کے وزن میں تین اعشاریہ تین پاؤنڈ کی کمی۔جبکہ ہر کھانے کے بعد آدھا پھل استعمال کرنے والے گروپ کے وزن میں ساڑھے تین پاؤنڈ وزن کی کمی واقع ہوئی۔
ڈاکٹر کین کا کہنا ہے کہ ہم اس پر مکمل تحقیق کر چکے ہیں کہ وہ ہارمونز جو ہمارے جسم میں موٹاپے کا باعث بنتے ہیں گریپ فروٹ اُن کے خلاف مزاحمت پیدا کرتا ہے اور یہ ہمارے جسم کو متناسب رکھتا ہے۔
آدھے گریپ فروٹ میں 60 کیلوریز اور 6 گرام بھوسی (fiber) ہوتا ہے اور یہ روغنیات سے مکمل محفوظ پھل ہے ۔
محققین کا کہنا ہے کہ وہ تمباکو نوش جو باوجود کئی کوششوں کے تمباکو ترک نہیں کر پاتے اُن کو چاہیئے کہ وہ اپنی خوراک میں یومیہ 6 سے 12 اونس گریپ فروٹ کا جوس شامل کر لیں اس طرح اُن کو کینسر ہونے کے امکانات کم سے کم ہوجائیں گے۔
میڈیسن ڈاٹ کام کا کہنا ہے کہ گریپ فروٹ بعض ادویات کے ساتھ ردِ عمل پیدا کرکے انتڑیوں کو عارضی طور پر متاثر کرتا ہے لہذا مستقل ادویات استعمال کرنے والے افراد گریپ فروٹ اپنے معالج کے مشورے سے استعال کریں۔
ایک عام گریپ فروٹ کے اجزاء
وٹامن سی 40 ملی گرام
حرارے 40 گرام
کیلشئیم 22 ملی گرام
فولاد 2ء ملی گرام
فاسفورس 14 ملی گرام
[/align:3c8e1398c4]
سائینس ڈائجسٹ سے لیا گیا مضمون۔
 

قیصرانی

لائبریرین
واہ جی واہ۔ اتنا مزے کا اور اتنا مفید پھل، جزاک اللہ۔ میں کل سے ہی آزماتا ہوں‌ :) اگرچہ وزن نارمل سے کم ہی ہے :D
 

زبیر مرزا

محفلین
آزمودہ ہے - مجھے تو معدے کی تکلیف ہوتو میں گریپ فروٹ کھاتا ہوں جس سے معدے کے ورم اوردرد افاقہ میں ہوتا ہے
 

زبیر مرزا

محفلین
اگرچہ اس کا ذائقہ اچھا نہیں ہوتا لیکن فوائد مد نظرہوں تو کھانا سہل ہوجاتاہے:)
میں کالے نمک کے ساتھ کھاتا ہوں
 
میڈیسن ڈاٹ کام کا کہنا ہے کہ گریپ فروٹ بعض ادویات کے ساتھ ردِ عمل پیدا کرکے انتڑیوں کو عارضی طور پر متاثر کرتا ہے لہذا مستقل ادویات استعمال کرنے والے افراد گریپ فروٹ اپنے معالج کے مشورے سے استعال کریں۔
درست
گریپ فروٹ بھی کھائیے لیکن ذرا احتیاط سے
’چکوترے کے ساتھ ادویات لینا خطرناک ہے‘
 

قیصرانی

لائبریرین
درست
گریپ فروٹ بھی کھائیے لیکن ذرا احتیاط سے
’چکوترے کے ساتھ ادویات لینا خطرناک ہے‘
مختصر الفاظ میں یہ کہ

کولسٹرول، کینسر، Autoimmune بشمول عضو کی منتقلی کے بعد لی جانے والی ادویات

کے ساتھ اگر گریپ فروٹ استعمال کیا جائے تو جان بھی جا سکتی ہے۔ اس جوس کی وجہ سے ان ادویات کے جسم سے اخراج کے عمل پر اثر پڑتا ہے اور ایک گولی کا اثر بڑھ کر آٹھ گولیوں کے برابر ہو جاتا ہے

پس نوشت: اینٹی بائیوٹک ادویات کو دودھ کے ساتھ لینے سے ان کے کام کی رفتار سست ہو جاتی ہے :)
 

زبیر مرزا

محفلین
میں روانہ گریپ فروٹ کھانے کا اہتمام کرتا ہوں اور اس کے فوائد ہرملنے والے سے بیان بھی کرتاہوں
اب توگریپ فروٹ کی کئی اقسام ہیں جن میں سرخ گریپ فروٹ میں تُرشی کی بجائے مٹھاس ہوتی ہے اوربے حدلذیذ
 

S. H. Naqvi

محفلین
پس نوشت: اینٹی بائیوٹک ادویات کو دودھ کے ساتھ لینے سے ان کے کام کی رفتار سست ہو جاتی ہے :)
:eek::eek: میں نے تو اینٹی بائیوٹک ہمیشہ دودھ کے ساتھ ہی استعمال کیں ہیں، معدے کا بیڑا جو غرق کر دیتی ہیں، بہرحال آئندہ کچھ وقفے سے دودھ استعمال کر لیا کروں گا:)
 

عسکری

معطل
لولز جب ہم پرائمری سکول جاتے تھے تو راستے میں باغ تھا گریپ فروڑ کوئی نہیں کھاتا اسلیے وہ ہمیں 1 روپے کے 2 بیچتے تھے ہم اسے کھا جاتے بلکہ نمک لگا کر :roll:
 
Top