جون ایلیا گرد - جون ایلیا (انشائیہ)

حسان خان

لائبریرین
میں مزارِ قائدِ اعظم سے گزتا ہوا شاہراہِ قائدِ اعظم کی طرف مڑتا ہوں۔ کچھ دور جا کر دائیں طرف ایک دیوار پر مجھے ایک نعرہ لکھا ہوا نظر آتا ہے۔ میں اسے پڑھتا ہوں، دوبارہ پڑھتا ہوں اور چلتے چلتے رک جاتا ہوں۔ مجھے ایک عجیب روحانی فرحت محسوس ہوتی ہے اور میں اطمینان کا گہرا سانس لیتا ہوں۔ یہ نعرہ شہر کی دیواروں پر لکھے ہوئے تمام نعروں سے جدا ہے۔

یہ دور فتنہ انگیزیوں اور خوں ریزیوں کا دور ہے۔ اگر دیواریں ذی روح ہوتیں تو وہ اپنے سینوں پر لکھے ہوئے زہریلے نعروں کے اثر سے ہلاک ہو جاتیں۔ آپ دیواروں پر لکھے ہوئے نعروں کو پڑھتے چلے جائیے اور خوف اور خدشات سے کم زور پڑتے چلے جائیے۔ آپ کو کوئی بھی ایسا نعرہ نظر نہیں آئے گا جو دل میں ایک خوشگوار کیفیت پیدا کرتا ہو۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ ہم دردمندی، امن پسندی اور خرسندی کے اتنے بیری کیوں ہو گئے ہیں۔ ہمیں تباہی اور تباہ کاری کے شوق نے اتنا سنگ دل اور سفاک کیوں بنا دیا ہے؟

انسان میں زندگی کی خواہش کے ساتھ موت کی خواہش بھی پائی جاتی ہے، خودکشی اور خودکشی کا رجحان اس کی بہت سادہ اور عام فہم علامت ہے۔ نفرت، بغض، غیظ و غضب اور درشت خوئی، موت کی خواہش کی پیچیدہ علامتیں ہیں۔ افراد کی طرح اقوام میں بھی موت کی خواہش پائی جاتی ہے اور بہت سے افراد ہی خودکشی نہیں کرتے، بعض قومیں بھی اقدامِ خودکشی کی مرتکب ہوتی ہیں۔ تاریخ میں اس کی متعدد مثالیں ملتی ہیں۔ مگر زندگی کی خواہش موت کی خواہش پر غالب رہتی ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو نوعِ انسانی کبھی کی فنا ہو چکی ہوتی۔

ہم نے جن نعروں کا ذکر کیا وہ زندگی کے جذبے کو کمزور کرتے ہیں اور موت کے رجحان کو تقویت پہنچاتے ہیں، چاہے وہ اپنی موت کا رجحان ہو یا اپنے حریف کو ہلاک کرنے کا رجحان۔ ان نعروں میں ایک دوسرے کے لیے زہر پایا جاتا ہے۔ وہ ذہنوں کو مسموم کرنے کے سوا اور کوئی فرض انجام نہیں دیتے۔ انہوں نے مرگ و ہلاکت کی فضا پیدا کر دی ہے۔ سیاسی نفرت انگیزی، لسانی نفرت انگیزی اور مذہبی نفرت انگیزی، ان کا حاصل کیا ہے؟ ہلاکت، ہلاکت اور صرف ہلاکت۔ اگر ان نعروں میں سے کوئی ایک نعرہ بھی پوری طرح کامیابی حاصل کر لے، معاشرے میں دہشت ناک تباہی پھیل جائے۔

قوموں کی زندگی میں کمال کے دور کے بعد زوال کا دور آتا ہے۔ یہ تاریخ کا ایک عمومی رجحان ہے لیکن ہماری زندگی میں تو کمال کا دور آیا ہی نہیں، پھر یہ مسلسل زوال پذیری کی حالت ہمارا مقسوم کیوں قرار پائی ہے؟ یہ بات بار بار سوچنے کی بات ہے اور ہم میں سے ہر شخص کے سوچنے کی بات ہے۔

یہ حقیقت پورے ہوش گوش کے ساتھ سن لی جائے کہ تاریخ افراد اور اقوام کے ناز اور نخرے اٹھانے کے عادی نہیں رہی۔ جب بھی اس کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے تو خلاف ورزی کرنے والے چاہے اپنے وقت کے عالیشان کج کلاہ ہوں یا عظیم الشان قومیں اور قبیلے۔۔۔ تاریخ انہیں روندتی ہوئی گذر گئی ہے۔ ہمیں تاریخ کے مزاج سے ہم آہنگی پیدا کرنا پڑے گی۔

عجیب صورتِ حال ہے۔ ہم میں سے جو بھی گروہ ہے وہ آپے سے باہر ہے، جسے دیکھیے وہ دوسرے کو نیست و نابود کرنے پر تُلا ہوا ہے۔ ہم ایک دوسرے کے خلاف زہر اگلنے کو مذہبی فریضہ اور سیاسی ضابطہ خیال کرتے ہیں۔ ہر گروہ کو توڑنے کی باتیں کرنے کی لت پڑ گئی ہے۔ جوڑنے کی باتیں کرنے والا کوئی نہیں۔ کیا یہ زندگی گذارنے کے طور ہیں؟ اگر تمہارا یہی وتیرہ رہا تو یقین کرو کہ تم اپنے وجود کا جواز کھو بیٹھو گے، تمہارے طور مجرمانہ ہیں اور تمہارے طریقے مفسدانہ، بعض قومیں اتنی گئی گذری ہوتی ہیں کہ ان پر غصہ نہیں رحم آتا ہے۔ کیا تم انہی قوموں میں سے تو نہیں ہو؟ میں تمہیں ان قوموں میں شمار کرنے کی ہمت نہیں رکھتا۔ بہرحال جو کچھ بھی ہے وہ بہت ہمت شکن ہے۔ جو کچھ بھی ہے، وہ افسوس ناک ترین ہے۔

ہاں تو دیواروں کے فتنہ انگیز نوشتوں کو چھیل ڈالو، ورنہ تم کھرچ ڈالے جاؤ گے۔ ایک دوسرے کے لیے معقول لہجہ اختیار کرو۔ دلیل اور برہان کے ساتھ بات کرنا سیکھو۔ میں نے شاہراہِ قائدِ اعظم کی ایک دیوار پر لکھے ہوئے ایک شریفانہ اور دانش مندانہ نعرے کا ذکر کیا تھا، وہ نعرہ یہ ہے:
"فرقہ پرستی کے بتوں کو پاش پاش کر ڈالو!"​
جس محترم تنظیم نے یہ نعرہ رقم کیا ہے، اس تنظیم کو میرا مودبانہ سلام پہنچے۔ اگر مجھے اس تنظیم کے کسی رکن سے واقف ہونے کی عزت حاصل ہوتی تو میں اور میرے برادرِ عزیز معراج رسول اسے اپنے سینے سے لگاتے اور اس کی پیشانی کو بوسہ دیتے، اگر ہم ایسا نہ کر سکتے تو ہم بھی بہتوں کی طرح تاریخ کی گرد بن کر رہ جانے والوں میں شامل ہوتے۔​
(سسپنس ڈائجسٹ، اپریل ۲۰۰۱)
ماخوذ از فرنود
 
Top