کریکٹر بیسڈ فونٹ بنانے والے اراکین کے لیے کچھ آئیڈیاز

مہوش علی

لائبریرین
اراکین میں سے بہت سے یہ رائے رکھتے ہیں کہ:

۱۔ ایک ایسا تیز طرار اردو نستعلیق فونٹ بنایا جائے جو کہ پاک نستعلیق کی طرح برق رفتار ہو،
۲۔ مگر اسکے ساتھ ساتھ پاک نستعلیق کے برعکس ورڈ کے تمام ورژنوں میں چلتا ہو،
۳۔ اور پھر پاک نستعلیق سے زیادہ خوبصورت بھی ہو۔

ایک طریقہ ایسا ہو سکتا ہے کہ جس پر تجربات کرتے ہوئے آپ لوگ یہ مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔

عماد نستعلیق فونٹ اور اسکے وولٹ پر تجربات کیجئیے

عماد نستعلیق کے متعلق چند اہم باتیں جو آپ کی پتا ہونی چاہیے ہیں:


۱۔ پاک نستعلیق کی تیز رفتاری کا باعث محسن نے یہ بتایا تھا کہ اس میں صرف ایک بیس "گلائف" لے لیا جاتا ہے اور پھر "نقاط" الگ سے لگا کر اس سے باقی ماندہ ملتے جلتے گلائفز حاصل کر لیے جاتے ہیں۔

مثلا "ب"، "پ" "ت" "ٹ" "ث" ایک گروپ ہے۔ فونٹ میں صرف انکی نیچے کی کشتی استعمال کی جاتی ہے۔

اسی طرح ج، چ، ح، خ ایک گروپ ہے جنکے لیے "ح" کی کشتی بنیادی طور پر استعمال کی جاتی ہے۔


مجھے امید ہے کہ آپ لوگ سمجھ گئے ہوں گے کہ میں کیا کہنا چاہ رہی ہوں۔ مختصر بات یہ ہے کہ محسن نے پاک نستعلیق کی تیز رفتاری کی بڑی وجہ اس چیز کو بتایا تھا، کیونکہ ایسا کرنے سے بہت سے شکلوں کی "ورٹیکل کرننگ" نہیں کرنا پڑتی [اور یہ کرننگ وہ چیز ہے جو سب سے زیادہ رفتار کو مارتی ہے]


خوشخبری آپ لوگوں کے لیے یہ ہے کہ عماد نستعلیق بھی اسی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔ اور اسکا وولٹ ورک آپکے ہاتھوں میں ہے۔

/////////////////////////


۲۔ نستعلیق میں ایک حرف اپنی کئی شکلیں تبدیل کرتا ہے۔ اس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ اس حرف سے پہلے اور بعد میں کون سا حرف استعمال ہو رہا ہے۔

حروف کی ان شکلوں کا اگلے اور پچھلے حروف سے جڑنے کا بنیادی اصول ہر نستعلیقی سٹائل میں 95 فیصد ایک ہی ہے اور فرق ہے تو صرف انکی خطاطی میں۔

پاک نستعلیق میں فونٹ کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے ہر حرف کی کم سے کم اور صرف ضروری شکلیں استعمال کی گئی ہیں۔

اب عماد نستعلیق میں ان تمام اشکال کی خطاطی پہلے سے ہی موجود ہے جو کہ پاک نستعلیق میں استعمال کی گئی ہیں۔ بلکہ خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے عماد میں کچھ زائد اشکال موجود ہیں۔

آپ لوگوں کا ٹاسک اور لائحہ عمل


۔ نیا فونٹ بتاتے ہوئے سب سے پہلے آپ خطاطی کو بھول جائیں [ اس خطاطی کی ضرورت سب سے آخر میں پیش آئے گی]

علوی امجد برادر کا کہنا ہے کہ کل 250 اشکال میں اچھا نستعلیق فونٹ بن سکتا ہے۔ آپ کو یہ تمام کی تمام اشکال تجربے کے لیے عماد نستعلیق میں مل جائیں گی۔

تو آپ لوگوں کا ٹاسک یہ ہے کہ صرف یہ 250 اشکال لے لیں ، اور باقی اشکال کو عماد نستعلیق کے فونٹ سے نکال دیں۔ [اس مقصد کے لیے آپ پاک نستعلیق سے مدد لے سکتے ہیں اور اس میں موجود اشکال کو عماد سے موازنہ کریں، اور جو ایک جیسی ہیں انہیں برقرار رکھیں اور باقی کو نکال دیں]۔

اگلا مرحلہ اب ہے وولٹ ورک کا۔

اب آپ کو عماد نستعلیق کے وولٹ ورک سے حذف شدہ گلائفز کی لاجک کو نکالنا ہے ۔۔۔۔ اور پھر جو باقی 250 گلائفز رہ گئے ہیں، انکا آپس میں باہمی تعلق کا اصول وولٹ ورک میں دینا ہے [بمع ہلکی پھلکی ورٹیکل کرننگ کے]۔

نوٹ: بہت سے الفاظ کی ورٹیکل کرننگ پہلے سے ہی عماد میں موجود ہو گی۔ مگر حروف کے جو نئے جوڑ بنیں ہو گے، انکی ورٹیکل کرننگ آپ کو کرنا پڑے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ چونکہ آپ یہ صرف سیکھنے اور تجرباتی طور پر کر رہے ہیں، چنانچہ آپ Fine کرننگ پر وقت ضائع نہ کیجئیے گا، بلکہ رف قسم کا کام کر کے وقت بچانے کی کوشش کیجئے گا۔


چنانچہ، میری رائے میں آپ لوگوں کو کوئی بھی نیا فونٹ بنانے سے قبل عماد نستعلیق پر ہاتھ صاف کر لینا چاہیے۔ یہ طریقہ کار ہر صورت میں آپکے لیے کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔


اگر 250 اشکال میں خوبصورت فونٹ نہ بن سکے تو پھر آپ عماد نستعلیق سے مزید اشکال Borrow کر لیجئے گا۔ بہرحال کوشش ایسی ہونی چاہیے کہ فونٹ پاک نستعلیق سے زیادہ خوبصورت ہو، اور اسکی سپیڈ بھی پاک نستعلیق کی طرح تیز ہی رہے۔

ایک دفعہ آپ نے یہ بیسک فونٹ بنا کر ہاتھ صاف کر لیا، تو پھر اسکے بعد آپ بہت سے نستعلیق فونٹز خود بنا سکتے ہیں۔

نتیجہ:

۱۔ عماد میں نستعلیق فونٹ بنانے کی سب سے بہترین تراکیب استعمال کی گئی ہیں [مثلا بنیاد گلائف کا استعمال اور باقی ملتے جلتے حروف کے لیے نقاط کا الگ سے استعمال۔

۲۔ عماد نستعلیق کے وولٹ ورک کا ویلڈ ہونا جس سے یہ ورڈ کے ہر ورژن میں چلتا ہے۔

۳۔ بہترین انگلش سپورٹ کا اس میں موجود ہونا۔

۴۔ اس میں اُن تمام گلائفز کا موجود ہونا جو کہ پاک نستعلیق میں موجود ہیں، یا پھر جو ہم کسی بھی نئے فونٹ میں استعمال کر سکتے ہیں۔


۵۔ اس میں بہت سے گلائفز تطویل کے لیے استعمال کیے گئے ہیں۔ چونکہ نئے فونٹ کو سادہ رکھنا ہے، اس لیے ان تطویل والے گلائفز کو تو آپ براہ راست نکال سکتے ہیں



۶۔ بالفرض محال عماد نستعلیق میں کسی گلائف کی خطاطی آپ کی مرضی کے مطابق نہیں۔۔۔۔ تو پھر Simply آپ لوگ اپنے ہاتھ سے ایک ملتی جلگی رف قسم کی خطاطی بنا لیں تاکہ وقت ضائع نہ ہو اور آپکا تجربہ پورا ہو سکے۔


/////////////////////////////////////

دوسرا طریقہ یہ ہو سکتا ہے کہ:

۱۔ آپ شروع سے ایک نیا فونٹ بنائیں۔

۲۔ اس مقصد کے لیے آپ ہاتھ سے یا پھر ڈائریکٹ ہائی لاجک فونٹ کریئٹر میں یا کسی اور امیجینگ پروگرام میں جلدی جلدی ان ۲۵۰ تا ۳۰۰ گلائفز کی رف ڈائیگرام بنائیں۔ [یا پھر فجر نستعلیق، یا پاک نستعلیق، یا کسی اور نستعلیق فونٹ سے مستعار لے لیں]


۳۔ پھر عماد نستعلیق کے وولٹ ورک کی بنیاد پر اسکا وولٹ ورک بنانا شروع کر دیں۔ پھر اسکی رف قسم کی ورٹیکل کرننگ کر لیں۔

اگر آپ ایسا تجرباتی فونٹ بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو صرف اسکے بعد اصل خطاطی کی طرف جائیں۔
 
Top