کالم بدست ... !

http://urduvilla.com/%DA%A9%D8%A7%D9%84%D9%85-%D8%A8%D8%AF…/

کالم بدست ... !

یہ کالم بدست ہیں اور ہمارا یقین کیجئے کسی بھی ہتھیار بدست سے زیادہ خطرناک ہیں آپ کوئی بھی گامے ماجھے لپو جھپو یا لال بجھکڑ ہوں اگر ان کا سامنا آپ سے ہو جائے تو جان لیجئے آپ انکے ایک کالم کی مار ہیں .......

ان کے پاس دنیا کے تمام مسائل کا ایک ہی حل ہے

" کالم "

سعودی عرب اور ایران کا قضیہ کالم
امریکہ و روس کی کشمکش کالم
چین کی معیشت کالم
ہندوستان کی سیاست کالم
فرانس کی ثقافت کالم

بلکہ معاملہ عالمی معاملات سے بڑھ کر کائناتی امور پر جا اٹکا ہے

سورج کی حرارت کالم
چاند کی شرارت کالم
مریخ کی کثافت کالم

اور تو اور

انہوں نے تو دمدار ستاروں کی دم پر بھی کالم لکھ مارے ہیں

ایسا نہیں کہ یہ زندہ مسائل سے بے خبر ہیں
اور چھوٹے چھوٹے معاملات ان کی نگاہوں سے اوجھل ہیں

اجی ہر ہر ہوٹل چوک چوراہے چورنگی اور چنڈو خانے پر چھیڑے جانے والے موضوعات انکی دسترس میں ہیں ......
بلکہ یقین جانیے ہر وہ چیز جو چھیڑے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے انکے کالم کی زد پر ہے .....

یہ ہفتے میں سات
اور مہینے میں بتیس کالم لکھتے ہیں

گو کہ یہ سوال اٹھایا جا سکتا ہے کہ ہفتے کے سات کے حساب سے تو مہینے کے اٹھائیس بنے مگر جناب شاید آپ کو معلوم نہیں کہ یہ ہر معاملے میں دوسروں سے چار ہاتھ آگے ہی ہوتے ہیں ....

آپ کوئی بھی ہوں اور کہیں بھی ہوں انکے کالم کا دست دراز ہے اور آپ اس دست درازی بلکہ کالم درازی سے محفوظ نہیں رہ سکتے .......

سنتے ہیں قانون کے ہاتھ لمبے ہوتے ہیں
اور جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے

موصوف کے کالم کی ناک بہت لمبی ہے اور یہ ہر کسی کے ہر معاملے میں اپنی ناک پوکتے رہتے ہیں بلکہ اپنی ساری فرسٹریشن کالم میں جھونکتے رہتے ......

آج فلاں نے غزل سنائی انہوں نے سنی یا نہیں کالم تو بنتا ہے
آج فلاں نے اپنا مضمون دکھایا انہوں نے پڑھا یا نہیں کالم تو بنتا ہے
آج پٹھان کی چائے میں چینی کم تھی پی یا نہیں تھی کالم تو بنتا ہے
آج شیخ کی گفتار میں شیخی نہیں تھی .....

کچھ بھی ہو کیسا بھی ہو

مگر جان لیجئے کالم تو بنتا ہے ...

اس " دنیا " میں صرف دو قسم کے افراد موجود ہیں

ایک وہ جو انکے کے کالم میں محفوظ ہیں
دوسرے وہ جو انکے کالم سے محفوظ ہیں

اگر آپ موجود نہیں

تو
ہماری دعا ہے

الله آپ کو ہمیشہ محفوظ رکھے

حسیب احمد حسیب
 
Top