ڈرونز کو پکڑنے کے لیے ڈرون سکواڈ!

arifkarim

معطل
ڈرونز کو پکڑنے کے لیے ڈرون سکواڈ

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پولیس ایک ڈرون سکواڈ کا آغاز کر رہی ہے جو لوگوں کی جانب سے اڑائے جانے والے ڈرونز کو ڈھونڈنے اور ضرورت پڑنے پر قابو کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔

یہ سروس ایسے ڈرونز کو تلاش کرے گی یا قبضے میں لے گی جو عام لوگ استعمال کرتے ہیں اور جو پریشانی یا تکلیف کا موجب بنتے ہیں۔

پولیس کا یہ یونٹ شہر کی اہم عمارتوں کے قریب گشت کرے گا جن میں وزیرِ اعظم کا دفتر بھی شامل ہے۔

اگر وہاں کوئی مشتبہ ڈرون دیکھا جائے گا تو زمین پر نصب لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے ڈرون چلانے والے کو متنبہ کیا جائے گا۔

لیکن اگر ڈرون اڑانے والے نے پولیس کے اعلان پر کان نہ دھرا تو پولیس جال سے لیس اپنے ڈرون کے ذریعے تنگ کرنے والے ڈرون کو زمین پر اتار لے گی۔

محمکہ پولیس کے سلامتی بیورو کے ایک سینیئر رکن نے اخبار ’اساہی شیمبون‘ کی ویب سائٹ کو بتایا کے ’ایسے ڈرونز پر دھماکہ خیز مواد لاد کر دہشت گردوں کے حملوں کا امکان موجود ہے۔ ہم بد ترین امکان کو ذہن میں رکھ کر ہی قومی امور کا دفاع کر سکتے ہیں۔ ‘

اس برس اپریل کے مہینے میں جاپانی وزیرِ اعظم کے دفتر کی چھت پر ایک ڈرون اترا تھا جس پر تھوڑی سی مقدار میں تابکاری مواد نصب تھے۔

اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا اور ایک شخص کو گرفتار بھی کر لیا گیا تھا۔

ایک جاپانی ویب سائٹ ’جیجی کوم‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جالوں سے لاد ٹوکیو پولیس کے ڈرون کس طرح ہوا میں بِلا وجہ اڑتے ہوئے ڈرونز کو قابو میں لا سکتے ہیں۔

’پینسینٹ میسنز‘ نامی ایک قانونی کمپنی کے شراکت دار پال ہیس ویل نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہوائی اڈوں، بجلی کے پلانٹ، سڑکوں کے اوپر سمیت جاپان کے خاص علاقوں کے ساتھ ساتھ ایک سو 50 میٹر سے زیادہ بلندی پر ڈرون اڑانا غیر قانونی ہے۔ٹوکیو اور اوساکا جیسے کچھ شہروں کے پارکس میں بھی ڈرون نہیں اڑائے جا سکتے۔‘

جاپان میں ڈرونز کے قواعد اسی ہفتے نافذ کرنے کے لیے ملک کے ایوی ایشن ایکٹ میں ترمیم کرنی پڑی تھی۔

کئی ممالک میں ڈرون اڑانے سے متعلق قوانین کو سخت کیا جا رہا ہے۔

مثال کے طور پر امریکہ میں حکام نے کہا ہے کہ ملک بھر سے ڈرون جیسے آلات کے مالکوں کو ایک رجسٹر میں اندارج کرانا ہوگا۔
ماخذ
 
Top