نسخہ دافع روشن خیالی

انتہا

محفلین
نسخہ دافع روشن خیالی
بہت دنوں سے میری طبیعت کافی بوجھل سی تھی۔ اداسی دور کرنے کیلیے آج صبح میں نے ریڈیو پر اپنے شہر کا واحد ایف ایم سٹیشن آن کیا تاکہ روح کو کچھ غذا مل سکے اور طبیعت بہل سکے۔ ریڈیو سٹیشن پر بھینس مارکہ صابن اور جوئیں مار شیمپو کے اشتہار چل رہے تھے۔ اشتہارات کے اختتام پر حکیم سلیمان تشریف لائے اور بیمار قوم کو مفید طبی مشوروں سے نوازنے لگے۔ ان کے چند مشوروں کے بعد مجھے یقین سا ہو گیا کہ میرے مسئلے کا حل بھی یقیناً ان کے پاس ہو گا۔ میں نے فون اٹھایا اور ان سے رابطہ کر کے اپنا مسئلہ کچھ یوں بیان کیا۔
“حکیم صاحب میرا مسئلہ کچھ نفسیاتی نوعیت کا ہے۔ میں موجودہ ملکی حالات سے دلبرداشتہ ہو چکا ہوں۔ مذہب کے نام نہاد ٹھیکیدار فساد فی الارض میں مصروف ہیں نیز خواب میں بھی مولوی مجھے آ کر ڈراتے ہیں۔ میں اس نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ تمام مسائل کی جڑ مذہب ہی ہے۔ اب میں مذہب سے بیزار ہو چکا ہوں!”
حکیم صاحب نے تحمل سے میری بات سنی اور فرمایا کہ” برادرم! میں آپ کا درد سمجھ چکا ہوں۔ آپ کے جسم میں روشن خیالی کے جراثیم پرورش پا رہے ہیں مگر آپ فکر مت کریں”۔ اس کے بعد حکیم صاحب نے روشن خیالی کے جراثیم مارنے کیلیے ایک مجرب حکیمی نسخہ تجویز کیا جو فلاحِ عامہ کی خاطر میں آپ سے یہاں شیئر کر رہا ہوں:
اجزائے ترکیبی:
اطریفل، اسگند ناگوری، بکھڑا، ثعلب دانہ، لال بیگ، چھپکلی ، گدھی کا دودھ اور چوہے کی مینگنیاں
1.gif
ترکیب:
۱۔ دو عدد موٹی چھپکلیاں مار کردھوپ میں سکھا لیں۔ اگر وقت بچانا چاہتے ہیں تو چھپکلیوں کو توے پر بھون لیں۔
۲۔ تین عدد لال بیگ پکڑ کر انہیں ہلکی آنچ پر پندرہ منٹ ابالیں تاکہ وہ جراثیم سے پاک ہو جائیں۔ اس کے بعد ان کے پر کاٹ کر پھینک دیں۔
۳۔ اسگند ناگوری، ثعلب دانہ ، بکھڑا اور اطریفل ہم وزن لے کر ہاون دستہ میں اچھی طرح کھرل کر لیں اور ان کا سفوف بنالیں۔
۴۔ خشک چھپکلیاں، ابلے ہوئے لال بیگ اور سفوف ایک ہانڈی میں ڈالیں اور ایک پاؤ گدھی کا دودھ ملا کر چولہے پر رکھ دیں اور چمچ ہلانا شروع کر دیں۔
۵۔ چمچہ ہلاتے ہوئے ایک ایک کر کے چوہے کی مینگنیاں ہانڈی میں پھینکتے جائیں حتیٰ کہ ایک مغلظ محلول تیار ہو جائے۔
اب اس محلول کو ٹھنڈا کر کے ایک صاف شیشے کی بوتل میں محفوظ کر لیں۔ دوا تیار ہے۔
طریقہ استعمال:
دوا لینے کیلیے آپ کو تین عدد مضبوط مولویوں کی ضرورت پڑے گی۔ ایک چارپائی پر سیدھے لیٹ جائیں۔ ایک مولوی آپ کو بازوؤں سے اور ایک آپ کو ٹانگوں سے کس کر پکڑ رکھے۔ تیسرا مولوی دوا کا ایک چمچ زبردستی آپ کے منہ میں ڈالے۔ امید ہے پہلی خوراک سے ہی کافی افاقہ ہو گا ورنہ ہر روز یہ عمل دہرایا جائے جب تک بیماری ختم نہیں ہو جاتی۔
یہ نسخہ بتانے کے بعد حکیم صاحب کو چھیاسی کالیں موصول ہوئیں جن میں سب لوگوں نے قے روکنے کا نسخہ دریافت کیا تھا۔ حکیم صاحب نے ہنستے ہوئے ان سب کو قے اور متلی روکنے کیلیے یہی دوا تجویز کی۔
 

شمشاد

لائبریرین
یہ نسخہ تمام سیاسی اور نام نہاد مذہبی لیڈوں کو فوالفور استعمال کرنا چاہیے۔
 
Top