سید انصر (سلام بحضور سید الشهداء)

سلام بحضور امام الشہداء

کونین پر محیط ولائے حسین ہے
ہر ذرے کی زباں پہ ثنائے حسین ہے

قرطاس پر چمکتا ہوا جوہرِ قلم
بے مثل کیوں نہ ہو کہ عطائے حسین ہے

پرچم تو اور بھی کئی ہوں گے زمین پر
پہنچا جو عرش تک وہ لوائے حسین ہے

ہر چیز کو فنا ہے جہان خراب میں
تاحشر جو رہے گی صدائے حسین ہے

ہم صرف اس قبیلے کا کرتے ہیں احترام
جس کا ہر ایک فرد فدائے حسین ہے

یہ راز آشکار ہوا کربلا کے بعد
ضامن بقائے حق کی بقائے حسین ہے

اپنے لئے تھی جتنی گزاری ہے آج تک
باقی جو بچ گئی ہے برائے حسین ہے

اکھڑے ہوئے تھے جس کے قدم وہ یزید تھا
اور جو کھڑا ہے پاؤں جمائے حسین ہے

انوارِ حق کی دید کا دعویٰ جسے بھی ہو
وہ آنکھ قرض دارِ ضیائے حسین ہے

دکھتا ہے یہ جو نور کا ہالہ سا آس پاس
دراصل میرے ساتھ دعائے حسین ہے

انصر کو بیٹھے بیٹھے جو رزق سخن ملا
کتنا کرم گزار خدائے حسین ہے

سید انصر​
 
Top