دکھی‬ ‫آتما‬

" ‫‏دکھی‬ ‫آتما‬ "

جی ہاں ! میں آتما ہی کہونگا کیا کسی کو کوئی اعتراض ہے ،اگر ہے تو وہ جان لے مجھ سے اگر کسی کو مسئلہ ہے تو یہ اسکا مسئلہ ہے.....

ہاں جی یہ دکھی آتما ہے جینا اجیرن کر دیا ہے زندگی میں موت کا منظر انہی کے طفیل دیکھنے کو ملا ایسے لوگوں کے لیے زمین کی نچلی طرف رہائش کا انتظام کیا جانا چاہئیے ....

کیا آپ جاننا چاہتے ہیں یہ کون ہیں تو لیجئے جانئے یہ جاننا جننے کی تکلیف سے کم نہ ہوگا ...

یہ " دکھی آتما " ہیں ہر خوشی کے موقع پر غم کا پہلو نکالنا انکا کمال ہے سنا ہے اپنی شادی کے موقع پر بھی ان پر شادی مرگ کی کیفیت طاری ہو گئی تھی ....

انتہائی خوشی میں منحوس شکل بنائے یہ موٹے موٹے ٹسوے بہاتے دکھائی دینگے اور پوچھو تو کہینگے " ارے پگلے یہ خوشی کے آنسو ہیں "

یہ خوشی کی مسکراہٹ کیوں نہیں ہوتی حالت غم میں ٹھٹھے لگاتا ہوا شخص پاگل اور خوشی میں ٹسوے بہاتا ہوئی شخص حساس .....

یہ حساس نہیں "ساس" ہے جو داماد کے گھر چار دن کے لیے آئے اور یہ چار دن زندگی کو پورے پڑ جائیں.....

یہ اکثر خوشی میں غم مناتے ہوے آپ کو گلے سے پکڑنے کی یا دوسرے لفظوں میں گلے پڑنے کی کوشش کرینگے اور اگر سامنے جنس مخالف ہے تو گلے سے چمٹ بھی سکتے ہیں .........

کامیڈی فلم کودیکھ کر آبدیدہ ہو جانا اور دوسروں کے رنگ میں بھنگ ڈال دینا انکا مشغلہ ہے آپ کی انتہائی خوشی کی محفل کو یہ نحوست آمیز کرنے کا کمال جانتے ہیں ........

آپ کے ہاں اولاد نرینہ کی پیدائش ہوئی ہے یہ اسکی نوکری کی فکر شروع کر دینگے لڑکی کی پیدائش پر اسکے جہیز کی طرف متوجہ کرینگے کسی کی شادی میں جائینگے تو طلاق کے عیوب و نقائص گنوانا شروع کر دینگے .....

آپ کا بچہ امتحان میں پاس ہوا ہے یہ کہینگے پرسنٹیج % کم ہے ......
آپکی پروموشن ہوئی ہے یہ انڈسٹری کے ختم ہونے کی بات کرینگے .....
اگر کسی کی عیادت کو چلے جائیں تو دعائے مغفرت کر کے اٹھینگے.....

یہ عید کے دن قبرستان جانا پسند کرتے ہیں رات کو سوتے ہیں تو قبرکا تصور کر کے اور صبح اٹھتے ہیں تو ملک الموت کی صورت دیکھنے کا ارادہ لیکر ....

اگر یہ آپ کے احباب میں ہیں تو ایک مسلسل عذاب ہیں ان سے ملکر زندگی سے نفرت ہو جاتی ہے انکی صحبت کسی تھرڈ ڈگری تشدد سے کم نہیں ....

اگر کبھی آپ سے خوش ہوں تو ایسے دعا دینگے ....
آج تو اچھے لگ رہے ہو کہیں کوئی حادثہ نہ ہو جائے.
کتنا پیارا بچہ ہے جی جائے تو اچھا نکلے گا ....
امتحان ہیں پڑھ رہے ہو پاس تو ہو جاؤ گے نا...
اچھا نیا کاروبار شروع کیا ہے مارکیٹ مندی ہے ....
نئی گاڑی لی ہے پیچھے سال اسی موڈل کی کار میں بابو بھائی کا حادثہ ہوا تھا چچ چچ گیارہ بچے تھے انکے ......

اچھا شادی ہوئی ہے مبارک ہو وہ پڑوس والے ساجن کی بیوی دودھ والے کے ساتھ فرار ہو گئی .......................
کسی پرانے دوست سے ملینگے تو کہینگے تم ابھی تک زندہ ہو ...
کسی کو نزلہ ہو جائے یہ کہینگے میاں جان لیوہ بیماری ہے ..

ہوشیار خبردار
اگر آپ کے ارد گرد آس پاس قرب و جوار میں یہ موجود ہیں تو
دیر نہ کریں حسب توفیق محلہ ،علاقہ ،شہر یا ملک تبدیل کرلیں

ورنہ شاید دنیا ہی تبدیل نہ کرنی پڑ جائے .

حسیب احمد حسیب
 
آخری تدوین:
بعض لوگ تو ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی وجہ سے اچھی خاصی پارٹی کا بیڑا غرق ہو جاتا ہے پارٹی کی محفل میں کوئی ایسا شوشا چھوڑیں گے کہ پوری محفل پر ماتمی ماحول چھا جاتا ہے
 

bilal260

محفلین
میرے والد صاحب مجھے ایسے ہی سمجھاتے ہیں۔
جب بھی مجھے دیکھے گے تو سمجھانا شروع کر دے گے۔
 
Top