جوش جو مثلِ دوست، عدو کو بھی سرفراز کرے - جوش ملیح آبادی

حسان خان

لائبریرین
جو مثلِ دوست، عدو کو بھی سرفراز کرے
اُس آدمی کی خدا زندگی دراز کرے
وہ کج نہاد ہے آدم کا ناخلف فرزند
میانِ کافر و مومن جو امتیاز کرے
زمانہ شحنۂ سلطاں سے کاش یہ کہہ دے
کہ آہِ گوشہ نشیناں سے احتراز کرے
جسے ہو ایک توانائیِ عظیم کی دھن
وہ کیا پرستشِ معبودِ خانہ ساز کرے
مری دعا ہے کہ اے تاج دارِ ہفت اقلیم
خدا تجھے بھی مری طرح بے نیاز کرے
گزر چکا ہوں مقاماتِ آہ و شیون سے
زمانہ اب تو درِ چنگ و عود باز کرے
بچھے ہوئے ہیں دل و دیدہ اس تمنا میں
کہ ایک روز وہ مشقِ خرامِ ناز کرے
ہتھیلیوں پہ لیے سر کھڑے ہیں اہلِ حرم
کہ کب وہ دیر نشیں عزمِ ترکتاز کرے
دیارِ حرف و حکایت میں زلزلے آ جائیں
اگر وہ لرزشِ مژگاں سے کشفِ راز کرے
بساطِ کیف پہ رقصاں ہوں انفس و آفاق
جو مشقِ زمزمہ وہ چشمِ نیم باز کرے
وہ بندۂ متکبر ہے جوشِ طرفہ مزاج
جو قدسیوں کو جھڑک دے، خدا سے ناز کرے
(جوش ملیح آبادی)
 

نایاب

لائبریرین
لاجواب ۔۔۔۔۔ عجب ہی لطف ملا بار بار پڑھتے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہت شکریہ بہت دعائیں محترم حسان بھائی
 
دیارِ حرف و حکایت میں زلزلے آ جائیں
اگر وہ لرزشِ مژگاں سے کشفِ راز کرے
واہ ، کیا کہنے !! کمال انتخاب ہے
جیتے رہیں بیٹا ۔
 
Top