بی آر چوپڑہ انتقال کر گئے ۔۔

بی آر چوپڑہ انتقال کر گئے

ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی​


بالی وڈ فلم انڈسٹری کے نامور فلمساز اور ہدایت کار بی آر چوپڑہ کا بدھ کی صبح ان کی اپنی رہائش گاہ پر چورانوے سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔یہ خبر ان کے فلمساز بیٹے روی چوپڑہ نے بی بی سی کو بتائی۔
روی کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ سے ان کے والد کی طبیعت خراب چل رہی تھی لیکن دو روز قبل طبیعت زیادہ خراب ہو گئی تھی اور بدھ کی صبح دس بجے وہ دنیا سے چل بسے۔

ہندستانی فلمی صنعت میں وہ ایک ستون مانے جاتے تھے۔ ہمہ جہت شخصیت کےمالک بلدیو جنہیں انڈسٹری بی آر کے نام سے جانتی ہے، عام روش سے ہٹ کر فلمیں بنانے کے لیے مشہور تھے۔

بلدیو راج چوپڑہ انیس سو چودہ میں شہر لدھیانہ میں پیدا ہوئے تھے۔انہوں نے لاہور یونیورسٹی سے انگریزی لٹریچر میں ایم اے کیا لیکن تقسیم ملک کے بعد وہ دہلی منتقل ہوئے اور بعد میں ممبئی آ گئے۔

انہوں نے فلمی دنیا میں اپنا سفر فلمی صحافی کے طور پر شروع کیا لیکن بعد میں انیس سو پچپن میں اپنی فلم کمپنی بی آر فلمز کے نام سے شروع کی۔

ان کی فلم ’نیا دور‘ اپنے وقت کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی لیکن اس کا موضوع اس وقت کی فلموں کی روش سے بالکل مختلف تھا۔ نئے مشینی دور میں مزدور اور مالک کا رشتہ۔
بی آر کو متنوع شخصیت کامالک کہا جا سکتا ہے۔انہوں نے فلم کے تقریباً ہر شعبہ میں طبع آزمائی کی۔ انہوں نے اگر فلمیں بنانا شروع کیں تو کچھ فلموں کی ہدایت بھی دی۔ فلموں کی کہانیاں بھی لکھیں اور فلم میں اداکاری بھی کی۔

انہوں نے انیس سو اٹھہتر میں بنی فلم ’گھر‘ میں اداکاری کی۔ان کی ہدایت اور پروڈکشن میں کئی کامیاب فلمیں بنی ہیں جن میں قابل ذکر فلمیں ’نکاح‘، ’انصاف کا ترازو‘، ’پتی پتنی اور وہ‘، ’ہمراز‘، ’گمراہ‘، ’سادھنا‘ اور ’قانون‘ ہیں۔اس میں سے ہر ایک فلم سماج کے سلگتے مسئلہ پر مبنی تھی۔

فلم ’نکاح‘ میں انہوں نے مسلم سماج میں طلاق جیسے حساس موضوع کو خوبصورتی کے ساتھ اجاگر کرنے کی کوشش کی تھی۔ وہیں ’گمراہ‘ میں شوہر کے ساتھ بے وفائی ’انصاف کے ترازو‘ میں کمسن لڑکی کی عصمت دری ’سادھنا‘ میں ایک طوائف کی داستان پیش کی تھی اور یہ ساری فلمیں اپنے وقت کی کامیاب ترین فلمیں ثابت ہوئیں۔

کافی عمر ہوجانے کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے تھے انہوں نے اپنی عمر کے تجربے کو اپنے قلم کے ذریعہ دنیا کے سامنے رکھنے کی ایک کوشش فلم ’باغبان‘ میں کی۔فلم کی کہانی تین پیڑھیوں کے گرد گھومتی ہے۔امیتابھ بچن ہیمامالنی کی اداکاری والی اس فلم نے دنیا کے سامنے اس سچائی کو رکھا جسے دیکھ کر ہر کسی نے سمجھا کہ کہیں یہ کہانی اس کی کسی اپنے کی تو نہیں ہے۔

بی آر کو ان کی خدمات کے صلے میں کئی ایوارڈ بھی ملے۔انیس سو اٹھانوے میں فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا ایوارڈ دادا صاحب پھالکے انہیں دیا گیا۔ فلم فیئر نے ان کی خدمات کے عوض انہیں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے نوازا۔انیس سو ساٹھ میں بنی ان کی فلم ’قانون‘ میں فلم فیئر نے انہیں بہترین ہدایات کار کا ایوارڈ دیا۔

بی آر کے بیٹے روی چوپڑہ آج ایک کامیاب فلمساز ہیں ان کے بیٹے بھی اب فلمسازی کے میدان میں قدم رکھ چکے ہیں۔ بی آر کے بھائی یش چوپڑہ انڈسٹری کے مانے ہوئے فلمساز ہیں جنہوں نے کئی کامیاب فلمیں انڈسٹری کو دیں اور اب ان کے بیٹے آدتیہ چوپڑہ بھی اس میدان میں ہیں۔
 
Top