چنیوٹ میں لوہے کی تلاش

الف نظامی

لائبریرین
10004011_711098892262053_1541549704_n.png
پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے مابین چنیوٹ، رجوعہ میں لوہے کے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے گذشتہ روز چنیوٹ میں تاریخ ساز معاہدے پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کی رو سے چین کی کمپنی 10ماہ میں زمین کی تہہ میں موجود لوہے کے معیار اور مقدارکا حتمی تعین کرے گی۔ اس معاہدے سے پنجاب میں ملکی لوہے سے چلنے والی پاکستان کی پہلی سٹیل مل کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
وزیراعلی محمد شہبازشریف، صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی، پنجاب منرل کارپویشن کے چیئرمین ثمر مبارک مند، سیکرٹری منرل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ارشد محمود اور چین کی کمپنی کے حکام اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلی محمد شہبازشریف نے معاہدے پر دستخطوں کے موقع پر میونسپل ہاکی سٹیڈیم چنیوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کس قدر بدقسمتی ہے کہ ایک طرف ہمارا ملک زیر زمین لاکھوں ٹن قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال ہو اور دوسری طرف کشکول اٹھائے مارے مارے پھرتے رہیں۔ ہم نے اس روش کو ترک کر دیا ہے، اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں سے فائدہ اٹھاکر ملک کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔ خود کفالت کی منزل حاصل کریں گے اور چنیوٹ کا معاہدہ اس منزل کی جانب اہم قدم ہے۔ آج بڑا تاریخ ساز دن ہے کہ لوہے کے ذخائر نکالنے کے سلسلے میں عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کررہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے چنیوٹ کی دھرتی میں بے شمار خزانے چھپائے ہوئے ہیں اور چینی کمپنی کو 18ماہ کی بجائے 10ماہ کا ٹارگٹ دیا ہے کہ وہ زمین کی تہہ سے لوہے کی اس دولت کا پتہ چلائیں۔ اگر لوہے کی ہائی کوالٹی کا خزانہ مل گیا تو اس علاقہ میں دنیا کی سب سے بڑی سٹیل مل لگے گی اور مقامی نوجوان انجینئرز کو نوکریاں ملیں گی۔ وزیراعلی نے پنجاب منرل کارپوریشن کے چیئرمین ثمر مبارک مند کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایٹم بم بنانے میں بھر پور معاونت کی ہے۔ جس طرح انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے لئے تعاون کیا اسی طرح وہ چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر کی تلاش میں بھی اپنا بھر پور اور موثر کردار ادا کریں گے۔ قبل ازیں چینی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا کے نمائندے یوجانگ جی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اہلیان چین کی طرف سے سلام پیش کرتے ہیں چائنا کی یہ کمپنی اجنبی نہیں بلکہ 1980سے پاکستان کی ترقی کے عمل میں شریک ہے۔ اب خام لوہے کی تلاش کے لئے چنیوٹ میں اس کے ثمرات آپ کے سامنے لائیں گے جس کا پنجاب حکومت نے شفاف انداز میں معاہدہ کیا ہے۔
چیئرمین پنجاب منرل کارپوریشن ثمر مبارک مند نے کہا کہ تعلیم کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیکنالوجی کا بہتر سے بہتر استعمال ہماری نوجوان نسل کی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ صوبائی وزیر معدنی ترقی چودھری شیر علی نے کہا کہ شہباز شریف کی قابل اعتماد اور متحرک رہنمائی میں چنیوٹ کے اس اہم منصوبے کو آگے بڑھائیں گے۔ لوہے کے ذخائر ملنے پر صوبے اور پاکستان کی معیشت کی حالت بدل جائے گی اور اگلا قدم بڑی سٹیل ملز کے قیام کی طرف ہوگا جس سے لوہے کی صنعت کو فروغ ملے گا۔
 
Top