جوش جنگل کی شہزادی

پیوست ہے جو دل میں، وہ تیر کھینچتا ہوں
اک ریل کے سفر کی تصویر کھینچتا ہوں

گاڑی میں گنگناتا مسرور جا رہا تھا
اجمیر کی طرف سے جے پور جا رہا تھا

تیزی سے جنگلوں میں یوں ریل جا رہی تھی
لیلیٰ ستار اپنا گویا بجا رہی تھی

خورشید چھپ رہا تھا رنگیں پہاڑیوں میں
طاؤس پر سمیٹے بیٹھے تھے جھاڑیوں میں

اک موجِ کیف پرور دل سے گزر رہی تھی
ہر چیز دلبری سے یوں رقص کر رہی تھی

تھیں رخصتی کرن سے سب وادیاں سنہری
ناگاہ چلتے چلتے جنگل میں ریل ٹھہری

کانٹوں پہ خوبصورت اک بانسری پڑی ہے
دیکھا کہ ایک لڑکی میدان میں کھڑی ہے

زاہد فریب، گل رخ، کافر، دراز مژگاں
سیمیں بدن، پری رخ، نوخیز، حشر ساماں

چہرے پہ رنگِ تمکیں، آنکھوں میں بے قراری
ایمائے سینہ کوبی، فرمانِ بادہ خواری

لوہا تپانے والی جلووں کی ضوفشانی
سکّے بٹھانی والی اٹھتی ہوئی جوانی

ڈوبے ہوئے سب اعضا حُسنِ مناسبت میں
پالی ہوئی گلوں کے آغوشِ تربیت میں

حُسنِ ازل ہے غلطاں شاداب پنکھڑی میں
یا جان پڑ گئی ہے جنگل کی تازگی میں

حوریں ہزار دل سے قربان ہو گئی ہیں
رنگینیاں سمٹ کر 'انسان' ہو گئی ہیں

ہر چیز پر نگاہیں حیرت سے ڈالتی ہے
رہ رہ کے اڑنے والی چادر سنبھالتی ہے

آنچل سنبھالنے میں یوں بل سے کھا رہی ہے
گویا ٹھہر ٹھہر کر انگڑائی آ رہی ہے

کچھ دیر تک تو میں نے اُس کو بغور دیکھا
غش کھا رہی تھی عقبیٰ، چکرا رہی تھی دنیا

گاڑی سے پھر اتر کر اُس کے قریب آیا
طوفانِ بے خودی میں پھر یہ زباں سے نکلا

اے روحِ صنفِ نازک، اے شمعِ بزمِ عالم
اے صبحِ روئے خنداں، اے شامِ زلفِ برہم

بستی میں تُو جو آئے، اک حشر سا بپا ہو
آبادیوں میں ہلچل، شہروں میں غلغلہ ہو

رندانِ بادہ کش کے ہاتوں سے جام چھوٹیں
تسبیحِ شیخ الجھے، توبہ کے عزم ٹوٹیں

نظروں سے اتِّقا کے رسم و رواج اتریں
زہّاد کے عمامے، شاہوں کے تاج اتریں

اس سادگی کے آگے نکلیں دلوں سے آہیں
جھک جائیں دلبروں کی خود ساختہ نگاہیں

تیری ادا کے آگے شرما کے منہ چھپائیں
ناپے ہوئے کرشمے، تولی ہوئی ادائیں

کتنی ہی قسمتوں کے بدلے فلک نوشتے
خوں اور دوستی کے کٹ جائیں کتنے رشتے

تصنیف ہوں ہزاروں چبھتے ہوئے فسانے
اِن انکھڑیوں کی زد پر کانپیں شراب خانے

تیرے پجاریوں میں میرا بھی نام ہوتا
اے کاش جنگلوں میں میرا قیام ہوتا

یہ بَن، یہ گل، یہ چشمے، مجھ سے قریب ہوتے
شاعر کے زیرِ فرماں یہ سب رقیب ہوتے

کیوں، میری گفتگو سے حیرت فروش کیوں ہے؟
اے زمزموں کی دیوی اتنی خموش کیوں ہے؟

یوں چپ ہے، مجھ سے گویا کچھ کام ہی نہیں ہے
یہ وہ ادا ہے جس کا کچھ نام ہی نہیں ہے

سننا تھا یہ کہ ظالم اِس طرح مسکرائی
فریاد کی نظر نے، ارماں نے دی دُہائی

عشوہ، جبیں پہ لے کر دل کی امنگ آیا
چہرے پہ خون دوڑا، آنکھوں میں رنگ آیا

شرما کے آنکھ اٹھائی، زلفوں پہ ہات پھیرا
اتنے میں رفتہ رفتہ چھانے لگا اندھیرا

چمکا دیا حیا نے ہر نقشِ دلبری کو
دانتوں میں یوں دبایا چاندی کی آرسی کو

سُن کر مری مچلتی آنکھوں کی داستانیں
اُس کی نگاہ میں بھی غلطاں ہوئی زبانیں

شرما کے پھر دوبارہ زلفوں پہ ہات پھیرا
دیکھا تو چھا چکا تھا میدان پر اندھیرا

کچھ جسم کو چُرایا، کچھ سانس کو سنبھالا
کاندھے پہ نرم آنچل انگڑائی لے کے ڈالا

تاریک کر کے، میری آنکھوں میں اک زمانہ
جنگل سے سر جھکا کر ہونے لگی روانہ

ہونے لگی روانہ، ارماں نے سر جھکایا
دل کی مثال کانپا رہ رہ کے بن کا سایا

بے ہوش ہو چلا میں، سینے سے آہ نکلی
اتنے میں رات لے کر قندیلِ ماہ نکلی

مڑ کر جو میں نے دیکھا، امید مر چکی تھی
پٹری چمک رہی تھی، گاڑی گزر چکی تھی

(جوش ملیح آبادی)
 

ماہی احمد

لائبریرین
آپ نے کبهی ایسی کہانیاں نہیں پڑهیں؟
ان میں چڑیلیں اتنی ہی خوبصورت ہوتی ہیں، صرف ان کے پاوں الٹے ہوتے ہیں مگر آنکهوں کو خیرہ کرتے حسن کے آگے نظر نہیں آتے. اسی لئیے تو مسافر دهوکا کها جاتا ہے اور چڑیل اس کا خون پی جاتی ہے.
 
یہ نظم پہلے ہماری فرمائش پر حسان خان شریک کر چکے ہیں، گذشتہ سال کے انہیں ایام کی بات ہے۔ یہ نظم حضرت جوش کی بہترین نظموں سے ہے۔
حضرت جوش نے یہ نظم "جان کیٹس" کی نظم "لا بیل ڈیم سینس نو میرسی" (La Belle Dame Sans Merci) سے متاثر ہو کر لکھی ہے، اس بات کا انکشاف مجھ پر گذشتہ برس لاہور میں ہوا!
یہ ایک پرانی کہانی سے ماخوذ ہے۔
 
آپ نے کبهی ایسی کہانیاں نہیں پڑهیں؟
ان میں چڑیلیں اتنی ہی خوبصورت ہوتی ہیں، صرف ان کے پاوں الٹے ہوتے ہیں مگر آنکهوں کو خیرہ کرتے حسن کے آگے نظر نہیں آتے. اسی لئیے تو مسافر دهوکا کها جاتا ہے اور چڑیل اس کا خون پی جاتی ہے.
بہت خوب، کافی تجربہ رکھتی ہیں آپ۔۔۔۔ :LOL:
 
تجربہ والی کیا بات ہوئی
کہانیاں پڑھی ہوئی ہیں بس۔۔۔
آپ نے کبهی ایسی کہانیاں نہیں پڑهیں؟
ان میں چڑیلیں اتنی ہی خوبصورت ہوتی ہیں، صرف ان کے پاوں الٹے ہوتے ہیں مگر آنکهوں کو خیرہ کرتے حسن کے آگے نظر نہیں آتے. اسی لئیے تو مسافر دهوکا کها جاتا ہے اور چڑیل اس کا خون پی جاتی ہے.
آپ نے منظر ایسا بیان کیا نا کہ لگا جیسے آپ ایسے واقعات میں بہ نفسِ نفیس موجود رہی ہیں :rolleyes:
 
Top