12 کتابوں کا مصنف 'رکشہ ڈرائیور'

محمد محبوب

محفلین
ربط

55c4abc41f41d.jpg

بہت سے لوگوں کو یہ دیکھ اور سن کر تعجب ہوتا ہے کہ 12 ناولوں کا مصنف ہونے کے باوجود بھی وہ رکشہ کیوں چلاتے ہیں۔ — فوٹو رضوان صفدر۔
پاکستان کے صنعتی مرکز فیصل آباد کے بازاروں میں یوں تو سینکڑوں رکشہ ڈرائیور مل جاتے ہیں لیکن ان میں سے ایک محمد فیاض ماہی 'رکشے والا' انوکھی شخصیت کے مالک ہیں۔

فیاض اپنے لوڈر رکشے پر تاجروں کا کپڑا ہی ایک سے دوسری مارکیٹ میں منتقل نہیں کرتے بلکہ اپنے گاہکوں کو زندگی کے مختلف پہلوؤں اور ان سے جڑے کرداروں سے بھی ہم آہنگ کرواتے ہیں۔

45 سالہ فیاض رکشہ ڈرائیور ہونے کے ساتھ ساتھ ادیب ہیں اور اب تک 12 ناولوں سمیت ایک سو سے زائد ڈرامے لکھ چکے ہیں۔

ان کے کام کی مقبولیت اس قدر زیادہ ہے کہ اب تک شائع ہونے والے کل 12 میں سے 11 ناول تین تین بار دوبارہ شائع ہو کر بک چکے ہیں لیکن مفلسی کا یہ عالم ہے کہ وہ آج بھی وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی کے بالکل پڑوس میں پونے 2 مرلے پر مشتمل کرائے کے مکان میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

55c4acd0d4b18.gif

فیاض رات گئے تک کام کر کے یومیہ چار سو سے ساڑھے چار سو روپے کماتے ہیں.
فیاض بتاتے ہیں کہ وہ ایک غریب خاندان میں پیدا ہوئے اور میٹرک کی 40 روپے داخلہ فیس نہ ہونے کے باعث اپنی رسمی تعلیم مڈل سے آگے نہ بڑھا سکے تاہم غربت کو کتابیں پڑھنے کے شوق پر کبھی حاوی نہیں ہونے دیا۔

"میری تعلیم چھوٹی تو میں نے اپنا اور گھر والوں کا پیٹ پالنے کے لیے ریڑھی پر چھلیاں بیچنا شروع کیں۔ چونکہ مجھے کتابوں کا جنون کی حد تک شوق تھا اس لیے میں تھوڑے بہت پیسے جمع کرتا رہا اور ایک دن اس قابل ہو گیا کہ اپنی لائبریری بنا لی اور وہاں بیٹھ کر زندگی کی حقیقتوں کو قلمبند کرنا شروع کر دیا۔"

فیاض کا پہلا ناول 'گھنگھرو اور کشکول' 2005ء میں شائع ہوا جس میں انہوں نے طوائفوں کی زندگیوں کے مختلف پہلوؤں اور ان کے ساتھ ناروا معاشرتی برتاؤ کو اپنا موضوع بنایا ہے۔

ان کا سفر گھنگھرو اور کشکول سے گیلے پتھر، کاغذ کی کشتی، کانچ کا مسیحا، تاوان عشق، عین شین قاف، موم کا کھلونا، ٹھہرے پانی، میرا عشق فرشتوں جیسا، لبیک اے عشق، شیشے کا گھر اور پتھر کے لوگ تک لکھ کر ختم نہیں ہوا بلکہ گستاخ اکھیاں کے عنوان سے تیرہواں ناول بھی رواں سال کے آخر تک شائع ہو جائے گا۔

55c4ac8a64e17.jpg

فیاض کی بنائی ہوئی ماہی لائیبریری.
وہ کہتے ہیں کہ اپنی 4 بچیوں کا پیٹ پالنے اور گھر کا ماہانہ 6 ہزار روپے کرایہ ادا کرنے کے لیے رکشہ چلانا ان کی مجبوری ہے۔

"کتابوں سے مجھے کمائی نہیں ہوتی۔ یہ پبلشرز کے لیے نفع بخش کاروبار ہے اور ویسے بھی پڑھنے کے شوقین اب رہ ہی کتنے گئے ہیں؟ پبلشرز مجھے میرا ناول شائع کرنے کے بعد صرف 25 ہزار روپے دیتے ہیں اور خود لاکھوں روپیہ کماتے ہیں۔"

ان کے بقول بہت سے لوگوں کو یہ دیکھ اور سن کر تعجب ہوتا ہے کہ 12 ناولوں کا مصنف ہونے کے باوجود بھی وہ رکشہ کیوں چلاتے ہیں۔

"لوگوں کو کون سمجھائے کہ میری بچیوں کی روٹی رکشے سے کمائے گئے یومیہ چار سے ساڑھے چار سو روپے سے ہی پکتی ہے۔"

انہوں نے بتایا کہ وہ بچپن میں عابد شیر علی کے قریبی دوست بھی رہے ہیں لیکن انہوں نے آج تک ان کی مفلسی دور کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔

"میں اور عابد اکھٹے کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔ عابد نے سیاست میں نام کمایا تو میں نے بہت بار درخواست کی کہ کوئی چھوٹی موٹی نوکری کروا دیں لیکن ہر بار ٹرخا دیا گیا۔"

55c4ac72c5d4f.jpg

فیاض فقط ایک کمرے کے کرائے کے گھر میں رہتے ہیں.
یوں تو فیاض کو اپنے تمام ہی ناول بہت پسند ہیں تاہم 'عین شین قاف'، جس کی اب تک لگ بھگ 33 سو کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں، کو وہ اپنی بہترین کاوش قرار دیتے ہیں۔

فیصل آباد میں قائم ایجوکیشن یونیورسٹی میں طلباء کو فیاض ماہی کی زندگی بارے درس دیا جاتا ہے۔ تعلیمی میدان میں ان کی جدوجہد اور محنت سے بھرپور زندگی سبھی کے لیے ایک اعلیٰ مثال ہے۔

وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ مذکورہ یونیورسٹی میں ایم فل سطح کے طالب علم ان کے کام پر مقالے لکھ رہے ہیں۔

وہ چاہتے ہیں کہ ادبی میدان میں انہیں اعلیٰ مقام حاصل ہو اور لوگ ان کی زندگي سے سبق حاصل کریں کہ تعلیم جیسے گوہر کو اگر پانے کا ارادہ پختہ ہو تو اسکول جائے بغیر بھی یہ مشکل نہیں ہے۔

تصاویر بشکریہ لکھاری۔

بشکریہ پنجاب لوک سجاگ فیصل آباد۔



رضوان صفدر سُجاگ فیصل آباد کے ساتھ بطور فیچر ایڈیٹر کام کرتے ہیں۔
 
لیکن افسوس کہ ہمارے ہاں قابلیت پر اسناد کو ترجیح دی جاتی ہے۔۔۔۔۔
میرا خیال ہے کہ ایک آدمی جس کی قابلیت صاف ظاہر ہے اسے صرف امتحان پاس کرکے ڈگری مل جانی چاہئے کیونکہ پڑھائی کی تو اسے ضرورت نہیں ہے۔ :)
مجھے علم نہیں کہ پاکستان میں کوئی ایسا ادارہ موجود ہے یا نہیں۔
 
میرا خیال ہے کہ ایک آدمی جس کی قابلیت صاف ظاہر ہے اسے صرف امتحان پاس کرکے ڈگری مل جانی چاہئے کیونکہ پڑھائی کی تو اسے ضرورت نہیں ہے۔ :)
مجھے علم نہیں کہ پاکستان میں کوئی ایسا ادارہ موجود ہے یا نہیں۔
اگر فیاض صاحب نے کوشش کی ہوتی تو شاید علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہی ان کے کسی کام آسکتی۔ اور نہیں تو "برائے نام" ڈگری تو مل ہی جاتی ;)
 
کافی بین الاقوامی ادارے ایسے سرٹیفیکیٹ دیتے ہیں جن کی شرط پڑھائی نہیں ہے آپ صرف امتحان دے کر اپنی قابلیت ثابت کریں اور سرٹیفیکیٹ لے لیں۔
 
کافی بین الاقوامی ادارے ایسے سرٹیفیکیٹ دیتے ہیں جن کی شرط پڑھائی نہیں ہے آپ صرف امتحان دے کر اپنی قابلیت ثابت کریں اور سرٹیفیکیٹ لے لیں۔
اب یہ بھی دیکھنا پڑے گا کہ ایسے ادارے اردوادب میں قابلیت کو کسی خاطر میں لاتے ہیں یا نہیں :rolleyes:
 
Top