’آسٹریلیا کا دورہ پاکستان معمول کے مطابق‘

’آسٹریلیا کا دورہ معمول کے مطابق‘


دورے میں ابھی تین ماہ کا وقت ہے: نسیم اشرف

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے یقین ظاہر کیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم حالات معمول پر آنے کے بعد طے شدہ پروگرام کے تحت پاکستان کا دورہ کرے گی۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو مارچ اپریل میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ جیمز سدرلینڈ نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کو وعدے کے مطابق ممکن بنایا جائے گا۔

ڈاکٹر نسیم اشرف نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ابھی اس دورے میں تین ماہ کا وقت ہے اور انہیں یقین ہے کہ حالات معمول پر آجائیں گے اور آسٹریلوی ٹیم پاکستان آکر سیریز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے واضح کردیا کہ نیوٹرل مقام پر کرکٹ کسی طور بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو قبول نہیں ہوگی، نہ یہ پہلے قابل قبول تھی نہ آئندہ ہوگی کیونکہ اس سے پاکستانی کرکٹ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ کرکٹ کا مطلب صرف دو ٹیموں کے درمیان سیریز نہیں ہے، اس کے دیگر پہلو بھی ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ غیرملکی ٹیموں کو پہلے بھی وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی جاتی رہی ہے، آئندہ اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم1998 کے بعد سے پاکستان نہیں آئی ہے ۔2002 میں اس نے سکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کولمبو اور شارجہ میں کھیلنی پڑی تھی۔

ربط یہ ہے

http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/story/2007/12/071231_pcb_asutralia_tour.shtml


 
Top