یہ ہے میری اردو محفل

بلال نے 'ذکر اردو محفل' کی ذیل میں اس موضوع کا آغاز کیا، ‏جولائی 22, 2011

  1. بلال

    بلال محفلین

    مراسلے:
    2,121
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Busy
    نوٹ:- یہ تحریر میں نے اپنے بلاگ پر بھی شائع کی ہے کیونکہ یہ میری تین سالہ بلاگنگ پر لکھی گئی تحاریر کی دوسری قسط بھی ہے۔ بلاگ پر اس تحریر کا عنوان ہے ”میری تین سالہ بلاگنگ – دوسرا حصہ – اردو محفل“۔ اس سے پہلا حصہ ہے ”میری تین سالہ بلاگنگ – پہلا حصہ – ماوراء اور عمار“۔

    میری تین سالہ بلاگنگ اور انٹرنیٹ کی سرگرمیوں میں اردو محفل کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور دیگر راہنمائی کرنے والے اچھے لوگ بھی اردو محفل سے ہی ملے، اس لئے اردو محفل میرے لئے ایک مرکز اور بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔ یوں تو زیادہ تر دوست”اردو محفل“ کے بارے میں جانتے ہوں گے لیکن پھر بھی آج آپ کو ”اردو محفل“ کے بارے میں کچھ بتاتا ہوں تاکہ جو نہیں جانتے وہ بھی جان جائیں۔
    تو دوستوں یہ ہے ”میری“ اردو محفل۔۔۔ اجی غصہ کاہے کا، غلطی ہو گئی چلیں ایسے کہتے ہیں کہ یہ ہے ”ہماری“ اردو محفل۔ لفظ ”میری“ تو بس پیار سے کہا ہے بلکہ اردو محفل تو سب اردو والوں کی ہے۔ اردو محفل ایک فورم ہے۔ جہاں پر سب مل بیٹھتے ہیں۔ مختلف موضوعات کو زیرِ بحث لاتے ہیں۔ شاعر شاعری لکھتا ہے تو فلاسفر اپنا فلسفہ بیان کر رہا ہوتا ہے۔ بچے، کچھ جوان اور بوڑھے کھیل رہے ہوتے ہیں تو دوسری طرف سیاست کے شوقین تقاریر کر رہے ہوتے ہیں۔ مسائل زیرِ بحث آتے ہیں، حل نکلے نہ نکلے لیکن بحث خوب جم کر اور حوالوں کے ساتھ ہوتی ہے۔ لطائف اور پہیلیوں سے لے کر جدید ٹیکنالوجی تک کی باتیں اردو محفل میں ہوتی ہیں۔سب سے اہم کام جو اردو محفل کو دوسرے فورمز سے ممتاز کرتا ہے وہ اردو محفل کا اردو کے لئے کیا گیا کام ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی چیزیں بہت زبردست ہیں جو مجھے اردو محفل کی طرف کھینچتی ہیں اور مجھے یہ سب سے اچھا فورم لگتا ہے۔ ایک خاص بات یہ ہے کہ اردو محفل پر کوئی بھی بات حوالے کے ساتھ کی جاتی ہے۔ ایسے ہی سنی سنائی اور اڑتی ہوئی باتوں پر کوئی دھیان نہیں دیتا جس کی وجہ سے اردو محفل سے مستند معلومات زیادہ ملتی ہیں۔ مزید اردو محفل پر کسی دوسری ویب سائیٹ کا لنک دینے پر کوئی پابندی نہیں۔ بلکہ اگر کسی دوسرے کی تحریر یا کسی بھی قسم کی چیز اردو محفل پر شیئر کی جائے تو ساتھ میں خالق کا حوالہ دینا ضروری ہے جبکہ اکثر فورم اور ویب سائیٹ پر دیکھا ہے کہ لوگ کسی کے بنے ہوئے لڈو کی مٹھاس پر تو خوش ہوتے ہیں لیکن جب ساتھ خالق کا نام یا ویب سائیٹ لکھی جائے تو کڑواہٹ محسوس کرتے ہیں۔ جبکہ اردو محفل محنت کرنے والے کے ساتھ پورا پورا انصاف کرتی ہے اور چیز کا اصل حوالہ دینے پر زور دیتی ہے۔ اردو محفل کا یہ اصول مجھے بہت ہی پسند ہے۔ ایک اور بات اکثر فورم پر اتنی بڑی تحریر نہیں ہوتی جتنے بڑے دستخط اور اوپر سے دستخط میں بڑی بڑی تصاویر لگی ہوتی ہیں، جبکہ اردو محفل اس کی اجازت نہیں دیتی۔ یہ پابندی مجھے بہت پسند ہے کیونکہ اس طرح معلومات کے حصول میں اور تھریڈ پڑھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ ان باتوں کے علاوہ بھی کئی باتیں اردو محفل میں پائی جاتی ہیں اور مجھے پسند ہیں۔
    ہو سکتا ہے کچھ لوگوں کو اردو محفل کی تعریف پر غصہ آ رہا ہوں لیکن جناب کیا کروں؟ غصہ تو مجھے بھی آتا ہے لیکن پھر بھی مجبور ہوں کیونکہ اتنا کچھ اردو محفل سے سیکھا اور پھر بھی تعریف نہ کروں تو یہ بہت بڑی زیادتی ہو گی۔ غصہ سے یاد آیا کہ اردو محفل کی انتظامیہ بھی ہے جس پر شروع میں مجھے بہت غصہ آتا تھا بلکہ تب نبیل بھائی مجھے مل جاتے تو ”وٹہ“ مار کے ان کا سر پھاڑ دیتا۔ آپ خود اندازہ کرو بھلا یہ کیا بات ہوئی ہر وقت ماسٹر کی طرح ”سوٹی ہتھ وچ“۔ اجی حیرانی کی کوئی بات نہیں وہ بیچارے بھی مجبور ہیں اگر اس طرح نہ کریں تو بھلا ہم لوگ اس طرح فورم کب چلانے دیتے۔ روز نئے تماشے لگاتے اور انتظامیہ کا ناک میں دم کر دیتے۔ میری باتوں سے غلط مطلب نہ لیجئے گا۔ آپ ایسے ہی سمجھ لیں جیسے ایک بچےکو استاد پر غصہ ہوتا ہے اور جب استاد سے کافی کچھ سیکھ لیتا اور پھر سمجھ آتی ہے کہ غصہ غلط تھا بلکہ استاد میری بہتری کے لئے ہی سب کر رہا تھا بالکل ایسے ہی مجھے بھی تب غصہ تھا اور اب سمجھ آ گئی ہے۔ اس کے علاوہ اردو محفل کی انتظامیہ میں ایک زیک صاحب ہیں۔ 2009ء کے آخر اور 2010ء کے شروع پر جب کسی کا بلاگ تین مہینے پوسٹ نہ کرنے کی وجہ سے اردو سیارہ سے خارج کرنے کا رواج نہیں تھا تب بھی حضرت نے صرف میرے بلاگ پر ہی نظر کرم فرمایا اور اردو سیارہ کی صفائی کرتے ہوئے میرے بلاگ پر ہاتھ صاف کر دیا۔بندہ پوچھے ”تہانوں تجربے لئی ہور کوئی نئیں لبھیا سی“؟ خیر غصہ تو ”مینوں وی بڑا آیا سی“ لیکن اس بات کا ایک بہت فائدہ ہوا وہ یہ کہ اب انگلیوں پر گنتا رہتا ہوں کہ آخری پوسٹ کیے ہوئے کہیں تین مہینے تو نہیں ہونے والے اور یوں جلد از جلد پوسٹ کی کوشش کرتا ہوں۔ دراصل زیک بھائی سے غلطی سے ایسا نہیں ہوا تھا بلکہ جوہری کو ”ہیرے “کی پہچان ہو گئی تھی تو انہوں نے سوچا ہیرے کو تراشنے کا بہتر طریقہ یہی ہے۔ ہا ہا ہا۔ مذاق کے علاوہ کہوں تو اصل بات یہی ہے کہ ہم ہیرے نہیں بلکہ ہیروں کے ساتھ پڑے ہوئے وہ کوئلے ہیں جن پر ہیرے کبھی کبھی اپنے علم کی روشنی ڈال دیتے ہیں۔ زیک بھائی بہت اچھے اور مدد کرنے والے انسان ہیں۔ میں نے تو بس تھوڑا ماحول بنانے کے لئے لکھ دیا ہے۔
    یہاں اردو محفل کے ایک بزرگ اعجاز عبید(الف عین) کا ذکر کرنا چاہوں گا۔ شروع کے دنوں میں انہوں نے ”اردو کمپیوٹنگ“ کے حوالے سے بہت مدد کی اور قیمتی مشورے دیئے۔ کئی معاملات میں ای میلز پر بھی تبادلہ ہوتا رہا۔ جہاں تک مجھے یاد ہے اردو کمپیوٹنگ کی شاید ہی کوئی بات ہو جس میں انہوں نے اپنا مشورہ نہ دیا ہو۔ اعجاز انکل سے بہت کچھ سیکھنے کا اور اردو کے لئے کچھ کرنے کا جوش ملا کیونکہ محترم بزرگ ہیں لیکن اردو کے لئے کام جوانوں سے بھی زیادہ کر گزرتے ہیں۔ ان کے علاوہ اردو محفل پر ہی محترم شاکرالقادری صاحب سے جان پہچان ہوئی۔ شاکر صاحب بہت ہی شفیق انسان ہیں۔ القلم فورم کے منتظم اعلیٰ ہیں اور کئی اردو فونٹس کے خالق بھی ہیں اور میرے لئے بہت ہی قابلِ احترام ہیں۔
    یوں تو بلاگ بنانے کا مشورہ کئی لوگوں سے ملتا رہتا تھا لیکن آخری دو مشورے جن میں ایک عمار اور دوسرا مشورہ جس نے مجھے بلاگ پر آمادہ کر دیا وہ ”دوست“ کا تھا۔ محترم کا نام شاکر ہے لیکن اردو محفل پر دوست کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ ہوا کچھ یوں کہ میں نے اردو محفل پر اپنی کچھ تحاریر پر نظرکرم کرنے کی درخواست کی لیکن جب کسی نے کوئی جواب نہ دیا تو میں نے شور مچایا تو دوست نے جواب میں کہا” آپ بلاگنگ کیجیے۔ ایسی تحاریر وہاں سجتی بھی ہیں اور پڑھی بھی زیادہ جاتی ہیں“۔ بس پھر غصہ آ گیا اور بلاگ کی دوڑ شروع کر دی۔
    اب جس بندے او ہو جس ”جن“ کا ذکر کرنے جا رہا ہوں اس کے بارے میں سوچ کر تو میں خود حیران رہ جاتا ہوں۔ شاید انٹرنیٹ پر اتنے الفاظ میں نے نہیں لکھے ہوں گے جتنی انہوں نے اردو محفل پر پوسٹ کی ہیں۔ ہر وقت اردو محفل پر موجود اس ”جن“ کو شمشاد کہتے ہیں۔ باقی مزید کچھ لکھا تو جن بوتل سے باہر اور میں بوتل کے اندر اس لئے اتنا ہی کافی ہے بلکہ تھوڑی تعریف ہی کر دیتے ہیں جن صاحب نے جتنے الفاظ انٹرنیٹ پر لکھے اور پڑھے ہیں اگر ان میں سے آدھے بھی انہیں یاد ہوں تو آپ ان کو ”جن پیڈیا“ یا ”دیو پیڈیا“ کہہ سکتے ہیں۔
    اردو محفل سے ایک دوست خرم ابن شبیر ملا۔ دوستی میں میرا کوئی کمال نہیں تھا بلکہ یہ بندہ خود ہی بڑا زبردست ہے۔ محترم شاعری کرتے ہیں، اجی شاااااااااعر ہیں۔ کیا کمال کا انسان ہے۔ انٹرنیٹ کی دنیا سے چند ایک لوگ ہیں جو میرے اتنے قریب ہیں اور مجھے عزیز ہیں ان میں اپنے شاعر جوان کا نام بھی آتا ہے۔ ویسے نئے بلاگر بلاگ کے اتنے تھیم نہیں بدلتے جتنے حضرت شاعر نے نام بدلے ہیں۔
    نام سے یاد آیا کہ آج کے زمانے میں جب لوگوں کے نام اتنے چھوٹے ہو گئے ہیں کہ کیا کہیں لیکن اردو محفل پر ایک بندہ ایسا ہے کہ جس کا نام یاد کرنے کے لئے آپ کو کم از کم ایک سال لگ جائے گا کیونکہ جناب کچھ اس طرح سے لکھتے ہیں کہ ” بقلم خود غریب الغرباء فقیر الفقراء قدوۃ المساکین الشیخ سعود عالم خان ابن الحاج سعید احمد خان الھندی عفی عنہ“۔ لے دس۔ ہون ارام جے؟ آئی سمجھ؟ نہیں نا؟ ایسا کرو عربی کورس کر لو پہلے۔ اجی یہ ہمارے سعود ابن سعید بھائی ہیں۔ وہی اردو لاگ والی سرکار۔ سعود بھائی سے اردو محفل پر ہی بات چیت کی شروعات ہوئی اس کے علاوہ چیٹ پر ان سے ویب سائیٹ ڈولپمنٹ کے بارے میں کافی کچھ سیکھا۔ بہت ہی مدد کرنے والے انسان ہیں۔
    یوں تو اردو محفل کے کئی لوگ ہیں جن کا ذکر کرنا تھا لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے بس اتنے ہی۔ ویسے بھی میرے انٹرنیٹ کے دوست بہت اچھے ہیں وہ ذکر نہ کرنے پر غصہ نہیں کریں گے۔ اگر اردو محفل کے حوالے سے کوئی پوچھے کہ میں اردو محفل پر کس کو اور کیا مس کرتا ہوں تو میں بس اتنا کہوں گا کہ کبھی کبھی تین سال پہلے والا زمانہ جس میں محسن حجازی بھائی اور خاص طور پر ان کا اندازِ تحریر، غالب کی بھتیجی (جیہ بہن) کیونکہ بڑے عرصے سے غالب بابا کا نام نہیں سنا اور م۔م۔ مغل اور ان کی اردو کو مس کرتا ہوں۔
    ویسے آج کل میں خود اردو محفل پر زیادہ تر ٹیکنالوجی کے صفحات پر نظر مارتا ہوں اور پتلی گلی سے نکل جاتا ہوں۔ کئی نئے لوگ آ چکے ہیں جو شاید میرے نام سے بھی واقف نہیں ہوں گے۔ خیر اچھی بات ہے کہ نئے لوگ یونہی آتے رہیں اور اردو محفل کی رونقیں رواں دواں رہیں۔ اب ”جن“ صاحب معافی چاہتا ہوں کہنا یہ تھا کہ اب شمشاد بھائی سے گذارش ہے کہ وہ اس سلسلہ کو مزید آگے بڑھائیں اور کچھ لکھیں۔
    دعا ہے کہ اردو محفل کی رونقیں یونہی رواں دواں رہیں اور اردو کی ترقی کے لئے کام ہوتا رہے۔

    بہت پہلے ایک تحریر ”اردو محفل میری نظر میں“ لکھی تھی، وہ بھی پڑھئے گا امید ہے آپ کو اچھی لگے گی۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 16
    • زبردست زبردست × 6
  2. شمشاد

    شمشاد لائبریرین

    مراسلے:
    200,069
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Relaxed
    بہت خوب بلال بھائی بہت اچھا لکھا ہے۔ ویسے بھی آپ کی تحریر بہت عرصے سے ادھار چلی آ رہی تھی، چلیں اچھی بات ہے کہ اردو محفل کی چھٹی سالگرہ پر آپ کی طرف سے یہ تحفہ ملا ہے۔

    جزاک اللہ
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 3
  3. محمد وارث

    محمد وارث لائبریرین

    مراسلے:
    25,554
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Depressed
    خوب لکھا آپ نے بلال صاحب!
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 1
  4. ابن سعید

    ابن سعید خادم

    مراسلے:
    60,145
    بہت خوب بلال بھائی۔ ویسے آپ نے پچھلے چند سالوں میں اردو کمیونٹی کو جو کچھ دیا ہے اس کی جتنی پذیرائی کی جائے کم ہے۔ آپ کئی لوگوں کے لئے مثال ہیں۔ ہماری نیک تمنائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ ہمیشہ خوش رہیں اور مسکراتے رہیں۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 2
  5. میم نون

    میم نون محفلین

    مراسلے:
    4,801
    جھنڈا:
    Italy
    موڈ:
    Daring
    بہت خوب لکھا آپ نے :)

    جناب آپ نئے لوگوں سے ناراض نہ ہوں کہ شائد ہم بھی بالکل فالتو شے نہیں ہیں :blushing:
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 1
  6. عائشہ عزیز

    عائشہ عزیز لائبریرین

    مراسلے:
    33,858
    موڈ:
    Twisted
    بہت اچھا لکھا بھیا
    بہت مزہ آیا پڑھ کر:)
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 1
  7. بلال

    بلال محفلین

    مراسلے:
    2,121
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Busy
    تمام دوستوں کا تحریر پسند کرنے کا بہت شکریہ۔
    شمشاد بھائی اگر ادھار کی بات کرتے ہیں تو اردو محفل سے جتنا سیکھا اگر وہ ادھار سمجھا جائے تو پھر یہ ادھار اتارنا میرے بس میں نہیں۔
    محترم آپ کا بھی بہت شکریہ جو اس ناچیز کی تحریر کو پسند فرمایا۔
    سعود بھائی تحریر پسند کرنے اور اتنی زیادہ حوصلہ افزائی کرنے کا بہت شکریہ۔ باقی محترم میں مثال ہوں یا نہیں لیکن آپ ضرور ہیں۔ ویسے میں نے آپ سے بھی کافی کچھ سیکھا ہے۔
    تحریر پسند کرنے کا بہت شکریہ۔ ویسے محترم میں نئے سے ناراض نہیں اور نہ ہی ہو سکتا ہوں کیونکہ نئے لوگوں کے دم سے ہی تو محفل کی رونقیں قائم ہیں۔
    باقی آپ نئے تو نہیں۔ لگتا ہے آپ نے نام تبدیل کیا ہوا ہے۔ یا پھر ہو سکتا ہے میری طرح آپ بھی کم کم ہی محفل میں آتے ہوں۔
    عائشہ بہن تحریر پسند کرنے کا بہت شکریہ۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 2
  8. ظفری

    ظفری محفلین

    مراسلے:
    11,510
    جھنڈا:
    UnitedStates
    موڈ:
    Question
    بہت خوب بلال بھائی ۔۔۔۔۔ آپ کی اس تحریر سے بہت سی یادیں تازہ ہوگئیں ۔  
     
  9. بنتِ آدم

    بنتِ آدم محفلین

    مراسلے:
    16
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Apprehensive
    واہ بلال صاحب بہت خوب لکھا ہے بھئی! تحریر میں جان ہے :)
     
  10. محمد شعیب

    محمد شعیب محفلین

    مراسلے:
    1,853
    موڈ:
    Busy
    بہت زبردست بلال بھائی۔ مزہ آگیا پڑھ کر۔ بہت بہت مبارک۔ :)
     
  11. پپو

    پپو محفلین

    مراسلے:
    6,999
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Busy
    اس میں شک نہیں بلا ل صاحب نے جان ڈالی اس تحریر میں مزہ آیا بلکہ جان کیساتھ ایک جن بھی ڈال دیا اس بات سے مجھے اختلاف ہے اچھے خاصے دیو پیڈیا کو جن کہنا غلط ہی ہوگا
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 1
  12. الف عین

    الف عین لائبریرین

    مراسلے:
    33,850
    جھنڈا:
    India
    موڈ:
    Psychedelic
    زبردست بلال، تم سے ایسی ہی تحریر کی امید تھی
     
  13. محمداحمد

    محمداحمد لائبریرین

    مراسلے:
    21,907
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Amazed
    بہت خوب بلال بھائی خوبصورت تحریر ہے۔

    کیا بات ہے۔
     
  14. محمد ساجد دانش

    محمد ساجد دانش محفلین

    مراسلے:
    3
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Persnickety
  15. عقیل ملک

    عقیل ملک محفلین

    مراسلے:
    1
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Brooding
    یہاں میرے لیے کافی دشواری کا سامان ہے معلوم نہیں کہ آن لائن بات کہاں ہوتی بڑی مشکل سے یہاں جواب لکھنے تک پہنچا ہوں اسی لیے یہی لکھ رہا ہوں تاکہ مجھے کوئی رہنمائی میسر آسکے
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 2
    • معلوماتی معلوماتی × 1
  16. شمشاد

    شمشاد لائبریرین

    مراسلے:
    200,069
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Relaxed
    عقیل ملک صاحب اردو محفل میں خوش آمدید۔

    اپنا تعارف تو دیں۔
     
  17. محمداحمد

    محمداحمد لائبریرین

    مراسلے:
    21,907
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Amazed
    عقیل ملک صاحب ،

    اردو محفل میں خوش آمدید۔۔۔!

    چونکہ آپ نئے ہیں سو چیزیں دشوار گزار لگ رہی ہیں۔ تاہم آتے جاتے رہیے تو سب کچھ بہت آسان ہوجائے گا۔ آپ آغاز اپنے تعارف سے کر سکتے ہیں۔ اپنا تعارف آپ یہاں پیش کر سکتے ہیں۔
     
    • معلوماتی معلوماتی × 1
  18. نایاب

    نایاب لائبریرین

    مراسلے:
    13,422
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Goofy
    محترم عقیل ملک بھائی آپ کو محفل اردو پر دلی خوش آمدید
    آپ کو کیسی دشواریوں کا سامنا ہے ۔ کچھ وضاحت کریں ۔ تاکہ آسانی پیدا کی جا سکے ۔
     
  19. محمد علم اللہ

    محمد علم اللہ محفلین

    مراسلے:
    5,832
    جھنڈا:
    India
    موڈ:
    Daring
    بہت عمدہ بلال بھائی آپ کے بلاگ پڑھ پڑھ کر میں نے بہت کچھ سیکھا ہے خاص کر انٹرنیٹ میں اردو کا استعمال وغیرہ بہت خوب جیتے رہئے ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں ۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 2
  20. شہزاد احمد

    شہزاد احمد مہمان

    "اردو محفل" کے منتظمین کے لیے دل سے دعا نکلتی ہے ۔۔۔ ہماری خوش بختی ہے کہ اس خوب صورت اور پر رونق محفل کا حصہ ہیں ۔۔۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 2

اس صفحے کی تشہیر