مظفر وارثی یا رحمتہ العالمین (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)

سبط الحسین

لائبریرین
مظفر وارثی کی بہت ہی عمدہ نعتیں شریک محفل کی جا رہی ہیں ۔ اسی سلسلے میں ایک اور بہت ہی خوبصورت نعت مظفر وارثی کے منفرد انداز کے ساتھ پیش خدمت ہے۔​
یا رحمتہ العالمین
الہام جامہ ہے تیرا
قرآں عمامہ ہے تیرا
منبر تیرا عرشِ بریں
یا رحمتہ العالمین

آئینہء رحمت بدن
سانسیں چراغِ علم و فن
قربِ الٰہی تیرا گھر
الفقر و فخری تیرا دھن
خوشبو تیری جوئے کرم
آنکھیں تیری بابِ حرم
نُورِ ازل تیری جبیں
یا رحمتہ العالمین

تیری خموشی بھی اذاں
نیندیں بھی تیری رتجگے
تیری حیاتِ پاک کا
ہر لمحہ پیغمبر لگے
خیرالبشر رُتبہ تیرا
آوازِ حق خطبہ تیرا
آفاق تیرے سامعیں
یا رحمتہ العالمین

قبضہ تیری پرچھائیں کا
بینائی پر ادراک پر
پیروں کی جنبش خاک پر
اور آہٹیں افلاک پر
گردِ سفر تاروں کی ضَو
مرقب بُراقِ تیز رَو
سائیس جبرئیلِ امیں
یا رحمتہ العالمین

تو آفتابِ غار بھی
تو پرچم ِ یلغار بھی
عجز و وفا بھی ، پیار بھی
شہ زور بھی سالار بھی
تیری زرہ فتح و ظفر
صدق و صفا تیری سپر
تیغ و تبر صبر و یقیں
یا رحمتہ العالمین

پھر گُڈریوں کو لعل دے
جاں پتھروں میں ڈال دے
حاوی ہوں مستقبل پہ ہم
ماضی سا ہم کو حال دے
دراصل دعویٰ ہے تیری چاہ کا
اس اُمتِ گُم راہ کا
تیرے سوا کوئی نہیں
یا رحمتہ العالمین​
شاعر: مظفر وارثی​
------------------------------------------------​
یہ خوبصورت نعت اس لنک پر سے کاپی کی گئی ہے ۔​
 

نایاب

لائبریرین
سبحان اللہ
کیا خوب نعت شریک محفل کی ہے
پھر گُڈریوں کو لعل دے
جاں پتھروں میں ڈال دے
حاوی ہوں مستقبل پہ ہم
ماضی سا ہم کو حال دے
دراصل دعویٰ ہے تیری چاہ کا
اس اُمتِ گُم راہ کا
تیرے سوا کوئی نہیں
یا رحمتہ العالمین
سبط الحسین بھائی جزاک اللہ خیراء
 

محمداحمد

لائبریرین
سبحان اللہ سبحان اللہ۔۔۔۔!

بہت ہی خوبصورت، عمدہ اور جامع کلام ۔

نعت گوئی میں جو ملکہ مظفر وارثی کو حاصل رہا وہ بہت کم ہی لوگوں کے حصے میں آتا ہے۔ ان کی یہ نعت بھی اُن کی رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ محبت اور قادر الکلامی کی دلیل ہے۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
سبحان اللہ
کیا بات ہے،
احمد بھائی نے بالکل درست کہا ہے۔
مجھے نعت لکھنے والوں میں اقبال عظیم اور مظفر وارثی بہت پسند ہیں، حفیظ تائب کا نعتیں بھی بہت پیاری ہیں۔
 
Top