فرحت کیانی

لائبریرین
یا اللہ!​

جہاں میں سب سے بڑا تیرا نام، یا اللہ
جو سب کے لب پہ ہے ہر صبح و شام، یا اللہ

جدھر بھی دیکھیے، ہر سمت تیرے جلوے ہیں
کہاں نہیں ہے ترا فیضِ عام، یا اللہ

ہماری عقل میں آ جائے یا نہ وہ آئے
نہيں فضول تیرا کوئی کام، یا اللہ

ترے مقام کو ہم کس طرح سمجھ پائيں
ہماری عقل یقینًا ہے خام، یا اللہ

جہاں میں تیری حقیقت کو کون سمجھا ہے
کہ سب سے اونچا ہے تیرا مقام، یا اللہ

کوئی بڑا ہو کہ چھوٹا، امیر ہو کہ غریب
ہر ایک شخص ہے تیرا غلام، یا اللہ

ہماری راہبری کے لیے وہ کافی ہے
ترے نبی نے دیا جو پیام، یا اللہ

زمیں پہ پھول ہيں اور آسمان پر تارے
بہت حسیں ہے ترا انتظام، یا اللہ

جہاں میں صرف بزمی ہی تو نہيں ایسا
ہے سب کے دل میں ترا احترام، یا اللہ


خالد بزمی​
 
Top