شفیق الرحمان ہماری فلمیں

ابن توقیر

محفلین
اور یہ لاٹری کی علت بھی سچ مچ سمجھ میں نہیں آئی۔فلم میں جہاں کہیں ہیرو لاٹری کا ٹکٹ لے لے بس فوراً سمجھ لیجئے کہ یہ تین چار لاکھ یوں وصول کرلےگا۔یہ یک طرفہ کاروائی ہمیں بالکل پسند نہیں۔
یا تو یوں ہو کہ فلم کے تمام ایکٹروں کو لاٹری کے ٹکٹ خریدتے دکھایا جائے۔پھر کسی ایک کے نام انعام نکل آئے تو کوئی بات بھی ہوئی۔
لیکن جو سب سے غریب ہوتا ہے اسے کوئی مجبور کرکے ایک ٹکٹ دلوادیتا ہے۔یکلخت وہ امیر ہوجاتا ہے اور بیوی بچوں کو چھوڑ چھاڑ کر بمبئی یا لاہور بھاگ جاتا ہے۔وہاں سارا روپیہ خرچ کرکے پاگل یا کانا ہوکرواپس آجاتا ہے۔آتے ہی اس کی بیوی فوراً اسے معاف کردیتی ہے۔ایک ڈاکٹر آپریشن کرکے اس کا دماغ یا آنکھیں درست کردیتا ہے اور جہاں سے یہ قصہ شروع ہوا وہیں ختم ہوجاتا ہے۔
اور زمینداروں کے متعلق لگاتار فلمیں دیکھ دیکھ کر ہمیں یقین ہوگیا کہ زمیندار ایک نہایت رومانی ہستی ہےجس کا کام صبح سے شام تک شعروشاعری اور محبت کرنا۔کپاس کے کھیتوں میں عشق کی گھاتیں ہوتی ہیں۔چرواہے بیلوں اور بھینسوں کے پاس بیٹھ کر محبوب کی یاد میں بانسری بجاتے ہیں۔ہر ہل چلانے والا ایک زبردست گویا ہوتا ہےجو چوبیس گھنٹے گاتا ہی رہتا ہے۔
ہر زمیندار کے لڑکے کا فرض ہے کہ وہ ضرور کسی سے محبت کرے اور زمیندار کا فرض ہے کہ وہ پہلے رسماً خفگی ظاہر کرے پھر شادی پر رضامندی ہوجائے۔لیکن ہمارے زمیندار دوست نے جب ہمیں اپنے مربعوں پر مدعو کیا اور ہم ایک عرصے تک ان کی حرکات و سکنات کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد بھی کوئی مشکوک بات برآمد نہ کرسکے تو ہمیں بے حد مایوسی ہوئی۔

شفیق الرحمن:۔ہماری فلمیں
انتخاب:مزاحیات کا انسائیکلوپیڈیا
ٹائپنگ:ا۔ت
 
Top