ہر اک بات پہ کہتے ہو تم کہ " تو کیا ہے"؟

عجیب رویے ہیں ہمارے بھی۔ کبھی کسی کے الفاظ کو اپنے معنی دے کر اپنا مطلب نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کبھی اپنے الفاظ دوسرے کے منہ میں ٹھونسنے کی کوشش کرتے ہیں، صرف اپنے موقف کو درست ثابت کرنے کے لیے۔ ممکن ہے یہ سوچ وقت کے ساتھ ساتھ پروان پاتی ہو ایسے معاشرے میں جہاں مادیت پرستی اپنے زوروں پر ہو اور ہر ایک چیز میں ریس لگی ہو ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی اور ایسے میں جائز کیا اور ناجائز کیا، کسی نے سکھایا نہیں اور خود ہم نے سیکھنے کی زحمت گوارا نہیں کی کہ اپنے غلط موقف سے پیچھے ہٹنا برائی نہیں بڑائی ہے۔ اور درست موقف پر قائم رہنا استقامت ہے لیکن اس کے لیے اختلاف کے بھی کچھ آداب ہیں۔ جاہلوں کا کیا رونا رویا جائے پڑھے لکھے لوگ، اہل علم کے صحبت یافتہ بھی اگر اختلاف رائے کی وجہ سے تو تڑاک اور طعنوں سے بات کرنے لگ جائیں تو پھر افسوس کے ساتھ یہ ہی کہا جا سکتا ہے کہ الفاظ تو سیکھ گئے ان کا استعمال اور احترام نہیں سیکھ پائے، تعلیم حاصل کر لی لیکن تربیت سے محروم رہ گئے۔
پہلی بار ایک دوست نے غالب کا یہ شعر سنایا تھا اور ساتھ کوئی واقعہ بھی جس کی تصدیق تو نہیں کرسکا لیکن یاد بہت آیا کل رات۔
ہر اک بات پہ کہتے ہو تم کہ " تو کیا ہے"۔۔؟
تمہیں کہو کہ یہ اندازِ گفتگو کیا ہے۔۔؟
واقعہ کچھ اس طرح سنایا تھا دوست نے کہ بادشاہ کے دربار میں غالب نوآموز تھے اور پہلے سے موجود شعرا اپنے کلام اور رتبے کی وجہ سے غالب کو حقیر سمجھتے تھے ممکن ہے کسی نے کوئی بات بھی کہہ دی ہو۔ اس پر غالب نے یہ پوری غزل کہی جو لاجواب ہے۔
(اس تحریر کا محرک یہ ہے کہ میری عادت ہے کبھی کبھار اپنے ہی لکھے یا کہے کو بار بار تنقیدی نظر سے پڑھتا اور سوچتا ہوں، اپنی ہی اصلاح کی خاطر۔ ظاہر ہے انسان ہونے کے ناطے غلطیاں بھی کرتا ہوں، اس پر شرمندہ ہوتا ہوں خود کو کوستا ہوں اور اللہ تعالی سے معافی کے ساتھ ساتھ آئندہ کے لیے اصلاح کی توفیق بھی مانگتا ہوں۔ اسی طرح بعض اوقات کسی اور کی تحریر یا بات دل دکھاتی ہے۔ شروع شروع میں غصہ آتا تھا لیکن اب بار بار کی تکرار سے یہ فائدہ ہوا ہے کہ ایسی حالت میں لکھنے یا کہنے والے کے لیے اور اپنے لیے دعا کرنے لگتا ہوں اس سے دل بھی صاف ہو جاتا ہے اور دکھ بھی ختم ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالی مجھے اور ہم سب کو اپنی اصلاح کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین)۔
 
آخری تدوین:

loneliness4ever

محفلین
در حقیقت یہ تحریر ایک پیغام لئے ہوئے ہے
اور پیغام بھی عمدہ ترین
درست کہا آپ نے کہ ہمیں اپنے اور دیگر کے حق میں دعا کرنا چاہیئے
اور یہ ایک بہترین عمل ہے
مالک ہم سب پر اپنا کرم فرمائے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آمین صد آمین
 
Top