کچھ کرو سرکار دیکھا جائے گا (ابو ظہبی میں پہلی غزل)

خرم شہزاد خرم

لائبریرین
5 اپریل 2009 بروز اتوار



کچھ کرو سرکار دیکھا جائے گا
چھوڑ اب گھر بار دیکھا جائے گا

اک نئی دنیا بنانے کے لئے
حسرتوں کو مار دیکھا جائے گا

مشکلوں کے سارے ساتھی چھوڑ کر
اب چلو اس پار دیکھا جائے گا

اپنے پیاروں کے سکوں کے واسطے
کچھ نا کچھ تو ہار دیکھا جائے گا

چاند ، سورج، اور جگنو شہر کے
شاتھ ہیں سب یار دیکھا جائے گا

اپنے اندر ضبط کو جنجھوڑ کر
پھر لکھو اشعار دیکھا جائے گا

ایک جھوٹی سی تسلی کے لیے
سب کو دے دو پیار دیکھا جائے گا

سر پہ سایہ ہے مرے ماں ، باپ کا
اب بھی ہوگی ہار دیکھا جائے گا

سوچ خرم اب کہاں منزل تری
راستہ دشوار دیکھا جائے گا


خرم شہزاد خرم

تمام اساتذ کرام سے درخواست ہے جلد سے جلد اصلاح فرما دیں شکریہ
 
پہلے دو اشعار معنویت کے حساب سے بہت خوب ہیں، جہاں‌تک تصحیح کی بات ہے تو اساتذہ کا انتظار فرمایئے ، دوست ناتجربہ کاری آڑے آرہی ہے لیکن فی الحال ایک شعر کے بارے میں‌ میری ناقص تجویز یہ ہے۔

یہ شعر کچھ یوں سوچیں تو کیا خیال ہے

اصل شعر
مشکلوں کے سارے ساتھی چھوڑ کر
اب چلو اس پار دیکھا جائے گا

مڑ کہ جو دیکھا نہ کوئی ساتھ تھا
اب چلو اس پار دیکھا جائے گا
ج
چند اشعار میں اور بھی خیال کی بہتری کی جا سکتی ہے میں بھی سوچتا ہوں اور دیگر احباب سے بھی امید ہے کہ جلد وہ اپنی آراء سے نوازیں گے۔
 

الف عین

لائبریرین
ابھی دیکھ رہا ہوں یہ خرم۔ وارث کی بات درست ہے کہ کئی اشعار میں ردیف دیکھا جائے گا‘ درست نہیں لگ رہا ہے۔۔ خیر۔۔ دیکھا جائے گا۔۔۔ اس غزل کو بھی۔
 

مغزل

محفلین
خرم میں دیکھ چکا ہوں باقی بابا جانی کہہ رہے ہیں کہ اس غزل کو آئندہ بار ’’ دیکھا جائے گا ‘‘
 

الف عین

لائبریرین
کچھ کرو سرکار دیکھا جائے گا
چھوڑ اب گھر بار دیکھا جائے گا
/// یہاں ’سرکار‘ سے تخاطب درست نہیں لگ رہا۔ اور اگر اس سرکار سے ایسی بے تکلفی ہے کہ ’تم‘ سے مخاطب کر رہے ہو، تو اگلے مصرعے میں ’توٗ‘ سے کیوں، اس کو ’چھوڑو اب گھر بار‘ کر دو۔۔ لیکن شعر محض تک بندی ہے۔ کوئی دوسرا مطلع کہو۔

اک نئی دنیا بنانے کے لئے
حسرتوں کو مار دیکھا جائے گا
///ردیف حشو ہے۔ اور ’مار‘ قافیہ بھی پسند نہیں آیا۔ یہ بھی تک بندی ہی ہے۔

مشکلوں کے سارے ساتھی چھوڑ کر
اب چلو اس پار دیکھا جائے گا
///انیس کی تجویز کچھ بہتر ہے۔ لیکن کچھ یوں بہتر لگی مجھے
مڑ کے دیکھا، ساتھ کوئی بھی نہ تھا

اپنے پیاروں کے سکوں کے واسطے
کچھ نا کچھ تو ہار دیکھا جائے گا

/// پہلے مصرعے میں ’ہار‘ کی مناسبت سے کچھ ’جیت‘ کا کونسیپٹ لانے کی ضرورت ہے۔ اگرچہ ردیف کا سوال بدستور باقی ہے۔
جیتنا ہے پیار اپنے یار کا
(یا یاروں/پیاروں کا )
کچھ نہ کچھ تو ہار، دیکھا جائے گا

چاند ، سورج، اور جگنو شہر کے
ساتھ ہیں سب یار دیکھا جائے گا
/// یہاں کیا دیکھو گے؟، ردیف بے محل ہے۔ شعر ویسے وزن میں ہے۔اس کو بھی نکال ہی دو۔

اپنے اندر ضبط کو جنجھوڑ کر
پھر لکھو اشعار دیکھا جائے گا
’جھنجوڑ‘ کا تلفظ غلط ہے، ’مفعول‘ کے طور پر باندھا گیا ہے، جب کہ اس کا ن معلنہ نہیں ہے، غنہ ہے، ’ جھجوڑ‘ بر وزن فعول درست ہوتا ہے۔ لیکن یہ بھی تک بندی ہی ہے، ضبط کو جھنجوڑنے سے ہی اشعار ککھے جا سکتے ہیں؟

ایک جھوٹی سی تسلی کے لیے
سب کو دے دو پیار دیکھا جائے گا
///یہ بھی تک بندی سے زیادہ نہیں۔

سر پہ سایہ ہے مرے ماں ، باپ کا
اب بھی ہوگی ہار دیکھا جائے گا
اچھا خیال ہے، لیکن الفاظ معنی کا ساتھ نہیں دے رہے۔ اس طرح زیادہ معنی خیز ہو جاتا ہے
سر پہ سایہ ہے مرے ماں ، باپ کا
کیسے ہو گی ہار، دیکھا جائے گا

سوچ خرم اب کہاں منزل تری
راستہ دشوار دیکھا جائے گا
یہ بھی تک بندی ہی ہے، اور ردیف کا مسئلہ بھی۔ اس کو بھی نکالا جا سکتا ہے۔
مجموعی طور پر محض دو تین اشعار رہ جاتے ہیں۔ لہٰذا پوری غزل ہی دوبارہ کہی جانے کی متقاضی ہے۔
 

خرم شہزاد خرم

لائبریرین
ایک اور قربانی دینی پڑے گی چلو جی جو رب کومنظور شکریہ سر نی نظرِ کرم کا اس کو چھوڑ دیتا ہوں کچھ اور لکھتا ہوں وقت ملنے پر بہت شکریہ سب دوستوں کا
 

الف عین

لائبریرین
دو تین اشعار تو ٹھیک ہیں۔اس قدر مایوس نہ ہو۔۔ ویسے یہ تو تم کو بھی احساس ہوگا کہ یہ غزل کمزور ہے۔
 

مغزل

محفلین
رات ہم پروین شاکر کے حوالے سے ایک مشاعرے میں شریک تھے ابتداء میں 17 شعرا (جو شہر کے نمائندہ شاعر کہلاتے ہیں) نے 8 شعروں کی پابندی میں 5 ، 5 شعر ناموزوں پڑھے انہیں تو کچھ نہیں کہا گیا ، خرم کوئی بات نہیں ایسا ہوجاتا ہے یہ کلامِ انسانی ہے ربانی نہیں کہ اغلاط نہ ہوں۔ دل مت چھوٹا کرو جیسا کہ بابا جانی نے کہا کہ دو چار شعر تو ہوہی گئے ہیں سو ،، پیوستہ رہ شجر سے امیدِ بہار رکھ
 

خرم شہزاد خرم

لائبریرین
بہت شکریہ سر جی اور مغل بھائی میں نا تو مایوس ہوں اور نا ہی دل چھوٹا کر رہا ہوں مجھے خوشی ہے کہ مجھے آپ جیسے استاد ملے جو میری غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہیں مجھے احساس ہے یہ غزل کمزور ہی ہے
 
Top