دسویں سالگرہ کم سخن محفلین کی شخصیت کو دریافت کریں

زبیر مرزا

محفلین
السلام علیکم ، یہ سلسلہ ہے کم سخن اورنابغہء روزگارشخصیات سے گفتگوکا جس میں ان کی شخصیت کو دریافت کیا جائے گا چونکہ ہم ہمشہ سے کولمبس کے مداح ہیں لیکن سیاحت اور سائنس سے کم کم دلچسپی کے باعث نہ تو ملک دریافت کرسکے اور نہ کوئی نیا سیارہ وستارہ لیکن ہمارے پہلے مہمان کی دلچسپی سائنس سے اس قدر ہے کہ وہ اسی موضوع پرلکھتے ہیں یہ جانتے ہوئے کہ سائنس پرپڑھنے والے کم ہیں - ان صاحب سےپہلا تعارف کراچی کی سوشل میڈیاسمٹ کے وڈیوپیغام کے ذریعے ہوا جس میں ان کی مختصرگفتگو میں مصومیت اورشرارت کا حسین امتزاج نظرآیا اور ہم نے فیس بُک پراور پھر محفل میں ان کی اقتداء کی کیونکہ یہ باریش نوجوان ایسے ہیں کہ ان کی اقتداء میں تو نماز بھی پڑھی جاسکتی ہے -محمد سعد کم گو ہیں لیکن محفل پر ان کا کام کسی تعارف کا محتاج نہیں معروف بلاگر ہیں اور اہلِیان خاکساران کے امام بھی کہ خاکسار ان کا لقب کہلائے-دیگر احبا ب سوالات کرسکتے ہیں پہلے جوابات موصول ہونے کے بعد ، بس سوالات ذاتی اورجناتی نوعیت کے نہ ہوں-
نیرنگ خیال محمداحمد محب علوی سے خصوصی توجہ کی درخواست ہے-
جناب محمد سعد
1- آپ کا تعلق کس شہر سے ہے اور اب کہاں قیام پذیرہیں؟
2- کچھ اپنے تعلیمی پس منظرکے بارے میں بتائیں-
3- آپ نے بلاگنگ کا آغاز کب اور کیسے کیا؟
4 - سائنسی موضوعات میں آپ کی دلچسپی کس عمر سے اور کیونکرہوئی؟
5- اُردومحفل پر کب اور کیسے آئے؟
6-کیا آپ کے خیال میں محفل پر سائنسی موضوعات اورمعلومات ایک قاری کے لیے کافی ہے یا اس پرمزید کچھ ہونا چاہیے؟
7- آپ کس سائنسی ایجاد اور شعبے کو فلاح انسانی میں سب سے اہم سمجھتے ہیں؟
8- کیا موجودہ دور کی ٹیکنالوجی نے انسانی تعلقات کو بہتربنایا ہے؟
9-آپ کون کون سی معروف سائنسدانوں کے کام کے مداح ہیں؟
10- اگر آپ موجد ہوتے تو کون سے موجودہ دریافت کا سہرا اپنے سرسجانے میں فخرمحسوس کرتے؟:)
اب کچھ عام اور روایتی سوالات جو عام طورپرچائے پیتے ہوئے کیے جاتے ہیں لیکن رمضان کے باعث ہم آپ کی چائے سےنہیں صرف سوالات سے تواضع کرسکتے ہیں:)
1- زندگی کاکوئی ایسا لمحہ جب خود پر فخر محسوس ہوا ہو؟
2- آپ کا مزاج کن باتوں سے برہم ہوجاتاہے یا کون سی باتوں پر غصہ آتا ہے؟
3- کن باتوں اور لمحات میں زیادہ خوش ہوتے ہیں؟
4 - آپ کا پسندید مشروب اورکھانا کون ساہے؟
5- لباس اور رنگ کون سا پسند ہے؟
6- آپ اکثر کیا خواب دیکھتے ہیں ( سوتے اور جاگتے دونوں حالتوں میں)
7- کیسے لوگوں سے ملنا اور گفتگو کرنا پسندکرتے ہیں؟
8-کنتی زبانیں بول اور لکھ پڑھ سکتے ہیں؟
9- کون سے ممالک کی سیرکرنا چاہتے ہیں؟
10 - آپ کا پسندیدہ ٹی وی پروگرام کون ساہے؟
11- کوئی پسندیدہ قول؟
12- کون سی سواری سے پیدل چلنا بہتر سمجھتے ہیں؟
13-اپنی پسندیدہ 3کتابیں بتائیں؟
14- آپ کا لہجہ اور تلفظ اس قدر اچھا کیسے ہے؟
15 - کوئی پیغام اُردومحفل کے ممبران کے لیے؟
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
کیا ہی منفرد خیال سامنے لائے ہیں مرزا بھائی۔۔۔ شاندار۔۔۔ محمد سعد سے ہماری ایک دو بار ملاقات بھی رہی ہے۔ اچھے شگفتہ شگفتہ اور خوش مزاج نوجوان ہیں۔
ویسے مرزا بھائی۔ کیا خیال ہے کہ کم گو محفلین کی ایک فہرست تیار کر کے ان کو ایک ہی لڑی میں مدعو بھی کیا جائے۔ جہاں ان کے ساتھ ہلکی پھلکی گپ شپ لگائی جائے؟
 
بہت اعلی زبیر مرزا ، میاں چن چن کر دھاگے کھول رہے ہو۔

محمد سعد واقعی کم گو مگر نہایت کارآمد ہستی ہیں۔ نیرنگ خیال تو شاید تمہارے بلانے کے انتظار میں ہی بیٹھا تھا ۔ فوراََ چھلانگ لگا کر دھاگے کے عین وسط میں کودا ہے۔ :)

سعد آئے تو ہم بھی کچھ پوچھتے ہیں ، ویسے تم نے جو سوالوں کی بوچھاڑ کی ہے اس سے کاری زخم آنے کا اندیشہ ہے۔
 

محمد سعد

محفلین
سب سے پہلے تو معذرت کہ مصروفیت اور بجلی کے مسائل کے سبب اتنی تاخیر ہو گئی۔

1- آپ کا تعلق کس شہر سے ہے اور اب کہاں قیام پذیر ہیں؟
ڈیرہ اسماعیل خان شہر سے تعلق ہے۔ ان دنوں تعلیم کے سلسلے میں اسلام آباد میں پڑاؤ ہوتا ہے۔

2- کچھ اپنے تعلیمی پس منظر کے بارے میں بتائیں۔
تعلیمی پس منظر کچھ بہت زیادہ منفرد نہیں۔ ایف ایس سی پری انجنئیرنگ تک اپنے شہر میں تعلیم حاصل کی اور اب بی ایس فزکس کے سلسلے میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد میں ہوں جہاں آٹھ میں سے سات سمسٹر گزار چکا ہوں۔

3- آپ نے بلاگنگ کا آغاز کب اور کیسے کیا؟
آپ لوگ مجھے یوں ہی بلاگروں میں شمار کرتے رہتے ہیں ورنہ عالم تو یہ ہے کہ ایک بار کسی صاحب نے پوچھا کہ آپ کے بلاگ پر کتنا ٹریفک آتا ہے۔ تو خاکسار کا جواب تھا کہ پتہ نہیں، وہاں تو میں خود نہیں جاتا۔ خیر۔ ہوا کچھ یوں تھا کہ فروری 2010ء میں ہمارے کالج میں ایک رسالہ شروع کیا جانے لگا تھا جس کے مدیر ہمارے اردو کے استاد صاحب قرار پائے تھے۔ اس کے لیے ایک تحریر لکھی تو خیال آیا کہ ایک آن لائن نقل بھی ہونی چاہیے۔ چنانچہ ایک عدد بلاگ بنا کر وہاں چپکا دی۔ بعد میں رسالے کی تو کوئی خبر نہ ہوئی لیکن بلاگ پر تحاریر کا اضافہ ہوتا گیا۔
جو میری بہتر تحاریر ہوتی ہیں، وہ عموماً ذاتی بلاگ کے بجائے تجسس سائنس فورم کے لیے لکھی گئی ہوتی ہیں۔ اب اس چیز کو آپ بلاگنگ کہیں یا نہ کہیں لیکن میرے نزدیک تو لکھنا بس لکھنا ہے، واسطہ جو بھی ہو۔ ہاں وہ واسطہ پائیدار ہونا چاہیے۔ چنانچہ میں اچھی تحاریر کو فیسبک جیسے ناپائیدار میڈیم کے حوالے کرنے کے خلاف ہوں۔

4 - سائنسی موضوعات میں آپ کی دلچسپی کس عمر سے اور کیونکر ہوئی؟
یہ تو اتنی پرانی بات ہے کہ تفصیل ٹھیک سے یاد بھی نہیں۔ کافی چھوٹی عمر تھی۔ میرا اندازہ ہے کہ سائنس میں دلچسپی پیدا کرنے میں ان عوامل کا اہم کردار رہا ہو گا:
ڈیکسٹرز لیبارٹری۔
آکسفورڈ کی سائنس کی تدریسی کتب میں ہر باب کے آخر میں دیے گئے دلچسپ تجربات۔
پی ٹی وی پر کبھی کبھی نشر ہونے والے بچوں کے سائنسی پروگرام۔
پی ٹی وی کی ترجمہ کی گئی وہ ڈاکومنٹری فلمیں بھی جو احساس دلاتی تھیں کہ یہ سارا جہان کتنا دلچسپ ہے۔

5- اُردومحفل پر کب اور کیسے آئے؟
اردو محفل کی رکنیت اکتوبر 2007ء میں اختیار کی، اگرچہ اس کا علم چند ماہ پہلے شاکر عزیز (المعروف دوست) کے بلاگ کے ذریعے ہو چکا تھا۔ ابتدائی گفتگو یہاں غالباً ڈروپل کے ترجمے کے حوالے سے ہوتی رہی، جو میرا کسی سافٹوئیر کے ترجمے کا پہلا منصوبہ تھا اور جو آج تک مکمل نہیں ہو سکا۔ :D

6-کیا آپ کے خیال میں محفل پر سائنسی موضوعات اورمعلومات ایک قاری کے لیے کافی ہے یا اس پرمزید کچھ ہونا چاہیے؟
کافی تو کسی بھی طرح سے نہیں ہے۔ بلکہ میں یہاں تک کہوں گا کہ سائنس کے زمرے کو یہاں کی کچی آبادی کی حیثیت حاصل ہے۔ بلکہ اس سے بھی کم تر۔

7- آپ کس سائنسی ایجاد اور شعبے کو فلاح انسانی میں سب سے اہم سمجھتے ہیں؟
میرا نہیں خیال کہ کسی مخصوص شعبے پر ہاتھ رکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ یہ شعبہ انسانی فلاح میں اہم ہے اور باقی تمام شعبے اس سے کم اہم ہیں۔

8- کیا موجودہ دور کی ٹیکنالوجی نے انسانی تعلقات کو بہتر بنایا ہے؟
جن کو ہم خیال و ہم مزاج افراد ڈھونڈنے میں دشواری ہوتی ہے، ان کے لیے تو بہتر ہی بنایا ہے۔ جو ذاتی نظم و ضبط کی کمی کے سبب اپنے پیاروں تک کو نظر انداز کرنا شروع کر دیتے ہیں، ان کے لیے بدتر بنایا ہے۔

9-آپ کون کون سی معروف سائنسدانوں کے کام کے مداح ہیں؟
جن جن کے کام کا علم ہوتا جاتا ہے۔ :)

10- اگر آپ موجد ہوتے تو کون سے موجودہ دریافت کا سہرا اپنے سر سجانے میں فخر محسوس کرتے؟ :)
مشکل سوال ہے۔ البتہ سوچنے کی بات یہ ہے۔ اگر میں "موجودہ" سے مطمئن ہو جاتا تو اچھا موجد کیسے ہوتا؟ :)


1- زندگی کا کوئی ایسا لمحہ جب خود پر فخر محسوس ہوا ہو؟
ایسی باتیں پبلک میں نہیں کی جاتیں۔ :p

2- آپ کا مزاج کن باتوں سے برہم ہوجاتاہے یا کون سی باتوں پر غصہ آتا ہے؟
کافی باتیں ہیں۔ جو اس وقت یاد کر سکتا ہوں، بتائے دیتا ہوں۔
جھوٹ کی کئی شکلیں جب بغیر مجبوری کے اختیار کی جائیں۔
بغیر کسی کوشش و محنت کے بڑی کامیابیوں کی توقع رکھنا۔ یوں تو یہ بھی ٹیکنیکلی خود سے بولے گئے جھوٹ کے زمرے میں ہی آتا ہے لیکن واضح کرنا ضروری محسوس ہوا۔ :p
جب خود میں بہتری لانے کی کوشش تک نہ کی جائے اس خیال کے تحت کہ چلو جب مشکل پڑے گی تو کوئی اور میرا بوجھ اٹھا لے گا۔ میرے سامنے ایسے خیالات کا اظہار کرنا آپ کی صحت کے لیے خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔

3- کن باتوں اور لمحات میں زیادہ خوش ہوتے ہیں؟
کسی ایسے شخص کا مل جانا کہ جو بات میں کہوں وہ اسے سمجھ آئے اور دلچسپ لگے، اور جو بات وہ کہے وہ مجھے دلچسپ لگے اور سمجھ آئے۔
کھوج کے عمل میں، خاص طور پر اگر ایک دو اور افراد بھی ساتھ شریک ہوں۔
گھر والوں کے ساتھ اچھا وقت گزارتے ہوئے۔
چھوٹے بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے۔

4 - آپ کا پسندیدہ مشروب اور کھانا کون سا ہے؟
کوئی بھی صحت بخش چیز۔ یا پھر ایسی چیز جو پہلے کھانے پینے کا موقع نہ ملا ہو اور معدے پر بھی بوجھ نہ ڈالے۔ :D

5- لباس اور رنگ کون سا پسند ہے؟
سادہ شلوار قمیض۔ جب دھونے کا غم نہ ہو تو سفید رنگ، اور جب ہو تو کوئی بھی ایسا رنگ جو چار دن مسلسل پہن کر بھی میلا محسوس نہ ہو۔

6- آپ اکثر کیا خواب دیکھتے ہیں ( سوتے اور جاگتے دونوں حالتوں میں)؟
سوتے میں آنے والے خواب بڑے عجیب اور بے ہنگم ہوتے ہیں۔ جاگتے ہوئے البتہ اکثر دنیا کا عظیم ترین طبیعیات دان بننے کا خواب دیکھتا رہتا ہوں۔

7- کیسے لوگوں سے ملنا اور گفتگو کرنا پسندکرتے ہیں؟
جن کے ساتھ نئی دنیائیں کھوج سکوں۔ باقی سب غیر دلچسپ سے لگتے ہیں۔ :p

8-کتنی زبانیں بول اور لکھ پڑھ سکتے ہیں؟
مادری زبان پشتو ہے جو بول اور پڑھ تو سکتا ہوں لیکن مشق کی کمی کے سبب لکھ نہیں سکتا۔
سرائیکی ہمارے علاقے کی بڑی زبان ہے جو بول سکتا ہوں۔
پنجابی بھی سمجھ لیتا ہوں اگرچہ بولنے کی مشق نہیں ہے۔
اردو تو ظاہری بات ہے کہ بول، پڑھ اور لکھ سکتا ہوں۔ :)
انگریزی پڑھ، لکھ اور بول سکتا ہوں۔
تھوڑی بہت بنیادی عربی بھی جامعہ میں سیکھی ہے۔ پڑھنے لکھنے کے معاملے میں تو ذرا سوچنے کا وقت مل جاتا ہے۔ بولتے ہوئے زیادہ اٹکتا ہوں۔

9- کون سے ممالک کی سیرکرنا چاہتے ہیں؟
کوئی بھی چھوٹا سا کم آبادی والا ٹھنڈا ملک چلے گا جہاں جنگلات، پہاڑ اور سرسبز میدان مناسب مقدار میں دستیاب ہوں۔ تھوڑی بہت برف بھی ہوا کرے تو کیا ہی بات ہو۔

10 - آپ کا پسندیدہ ٹی وی پروگرام کون ساہے؟
ٹی وی کم ہی دیکھتا ہوں اور پسند بھی بدلتی رہتی ہے۔
حالیہ پسندیدہ پروگرام
Through the Wormhole
Cosmos: A Spacetime Odyssey
Physics of the Impossible
Sherlock Holmes (BBC series)
Last Week Tonight with John Oliver

11- کوئی پسندیدہ قول؟
میری یادداشت اتنی اچھی نہیں کہ کوئی قول مستقل طور پر پسندیدہ کے خانے میں رکھ پاؤں۔ فی الحال جو چند ایک ذہن میں آ رہے ہیں، ان میں سے یہ انتخاب پیش کروں گا۔
“Life is not a matter of holding good cards, but of playing a poor hand well.” - Robert Louis Stevenson

12- کون سی سواری سے پیدل چلنا بہتر سمجھتے ہیں؟
جس پہ لوگ زیادہ ہوں۔ ;)

13-اپنی پسندیدہ 3 کتابیں بتائیں؟
جیسا کہ میں پہلے کہہ چکا ہوں، پسند بدلتی رہتی ہے۔ پسندیدہ کتابوں کی فہرست میں عموماً تکنیکی نوعیت کی کتابیں ہی شامل رہتی ہیں۔ خاص طور پر وہ جو کسی تکنیکی موضوع کو ایک بالکل منفرد انداز میں پیش کرتی ہیں۔ جیسے
لیونارڈ سسکنڈ (Leonard Susskind) کا The Theoretical Minimum والا سلسلہ۔
میچیو کاکو (Michiu Kaku) کی "ناممکن کی طبیعیات" Physics of the Impossible۔
یا پھر ایسی کتابیں جو سائنسی نظریات کے تشکیل پانے کے مراحل کو ان کے تاریخی پس منظر کے ساتھ بتاتی ہیں۔ جیسے
Intellectual Mastery of Nature: Theoretical Physics from Ohm to Einstein

14- آپ کا لہجہ اور تلفظ اس قدر اچھا کیسے ہے؟
تھوڑی بہت حصولِ کمال کی خواہش مزاج میں ہے۔ تو کوشش ہوتی ہے کہ جو زبان بولوں، اس کا حق ادا کروں۔ ہمیشہ کامیابی تو نہیں ہوتی لیکن کچھ اوسط سے بہتر معاملہ ہو جاتا ہے۔

15 - کوئی پیغام اُردومحفل کے ممبران کے لیے؟
ریلیشنشپ سٹیٹس: سنگل۔
 
آخری تدوین:

زبیر مرزا

محفلین
بہت شکریہ جناب جوابات کے لیے ان کے ذریعے آپ سے مزید شناسائی ہوئی - انداز آپ کا سادہ ہے- "س" آپ کی زندگی
میں کافی نمایاں ہے ، سادگی ، سعد ، سائنس - کچھ احباب آپ سے مزید سوالات پوچھ سکتے ہیں لہذا تیار رہیں
 

تلمیذ

لائبریرین
دیر آید، درست آید! سعد جی۔
آپ نے انتہائی پُر مغز، جامع اور مناسب جوابات دئیے ہیں جو آپ کی شخصیت کو مزید اُجاگر کرتے ہیں۔ اللہ پاک آپ کو زندگی میں کامرانیوں سے نوازے۔
یہاں پر اگر ہم سوالات پوچھنے والے (زبیر مرزا)کی ستائش نہ کریں تو ناانصافی ہوگی، جنہوں نے آپ کی شخصیت کی جستجو پر مبنی اتنے عمدہ سوالات تخلیق کئے۔
 
آخری تدوین:

نایاب

لائبریرین
محترم جناب محمد سعد صاحب
بلاشبہ آپ کی تحریروں سے کافی علم پایا ہے ۔
محترم زبیر مرزا بھائی کا شکریہ جن کے دھاگے کی وساطت سے آپ کے بارے معلومات ملی ہیں ۔
اگر ممکن ہو تو میرے سوالات کو بھی جواب کے شرف سے نوازیں
بہت شکریہ بہت دعائیں
1 ۔۔۔ سہولت بھری سادگی ، عتاب عشق و علم ، دل گداز دیوانگی
اگر کسی مثلث کے تین زاویئے ہوں تو
کیا اس تکون کا مکمل ہوجا نا " سعادت " کہلا یا جا سکتا ہے ۔۔۔۔۔؟
2 ۔۔۔ یہ آپ کے اوتار میں کون سی مساوات درج ہے ۔اور اس کے منتخب کرنے کی وجہ ۔۔؟
 

محمد سعد

محفلین
1 ۔۔۔ سہولت بھری سادگی ، عتاب عشق و علم ، دل گداز دیوانگی
اگر کسی مثلث کے تین زاویئے ہوں تو
کیا اس تکون کا مکمل ہوجا نا " سعادت " کہلا یا جا سکتا ہے ۔۔۔۔۔؟
ہیں؟ o_O
2 ۔۔۔ یہ آپ کے اوتار میں کون سی مساوات درج ہے ۔اور اس کے منتخب کرنے کی وجہ ۔۔؟
اوپر اوپر مشہور زمانہ quadratic formula ہے۔ باقی یوں ہی مختلف علامتیں اٹھا کر شکل کے لحاظ سے لگا دی ہیں۔ انتخاب کی وجہ کوئی خاص نہیں۔ بس شکل میں اچھی طرح فٹ ہو جاتا ہے۔ :biggrin:
 

نایاب

لائبریرین
بہت معذرت آپ کو الجھن ہوئی ۔۔۔
اوپر اوپر مشہور زمانہ quadratic formula ہے۔ باقی یوں ہی مختلف علامتیں اٹھا کر شکل کے لحاظ سے لگا دی ہیں۔ انتخاب کی وجہ کوئی خاص نہیں۔ بس شکل میں اچھی طرح فٹ ہو جاتا ہے۔ :biggrin:
بہت شکریہ بہت دعائیں
اگر وقت اجازت دے تو مشہور زمانہ quadratic formula کی کچھ اردو میں وضاحت کر دیجئے گا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

محمد سعد

محفلین
اگر وقت اجازت دے تو مشہور زمانہ quadratic formula کی کچھ اردو میں وضاحت کر دیجئے گا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مختصراً یہ
a*x^2 + b*x +c = 0
طرز کی مساواتوں کو حل کرنے کا شارٹ کٹ فارمولا ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے نویں دسویں جماعت کی ریاضی کی کتاب یا پھر ویکیپیڈیا سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ :bulgy-eyes:
 
آخری تدوین:

نایاب

لائبریرین
مختصراً یہ
a*x^2 + b*x^2 +c = 0
طرز کی مساواتوں کو حل کرنے کا شارٹ کٹ فارمولا ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے نویں دسویں جماعت کی ریاضی کی کتاب یا پھر ویکیپیڈیا سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ :bulgy-eyes:
بہت شکریہ بہت دعائیں
رہنمائی کا شکریہ
نصیب کی بات شاید کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نویں دسویں کی ریاضی کی کتاب اور وکیپیڈیا دونوں ناکام رہے الجھی لٹ سلجھانے میں


جیسا کہ میں پہلے کہہ چکا ہوں، پسند بدلتی رہتی ہے۔ پسندیدہ کتابوں کی فہرست میں عموماً تکنیکی نوعیت کی کتابیں ہی شامل رہتی ہیں۔ خاص طور پر وہ جو کسی تکنیکی موضوع کو ایک بالکل منفرد انداز میں پیش کرتی ہیں۔ جیسے
لیونارڈ سسکنڈ (Leonard Susskind) کا The Theoretical Minimum والا سلسلہ۔
میچیو کاکو (Michiu Kaku) کی "ناممکن کی طبیعیات" Physics of the Impossible۔
یا پھر ایسی کتابیں جو سائنسی نظریات کے تشکیل پانے کے مراحل کو ان کے تاریخی پس منظر کے ساتھ بتاتی ہیں۔ جیسے
Intellectual Mastery of Nature: Theoretical Physics from Ohm to Einstein
ناممکن کی طبیعات
کچھ اس بارے سوال کرنے کی اجازت دیں گے ۔۔۔؟
بہت دعائیں
 

تلمیذ

لائبریرین
ناممکن کی طبیعات
کچھ اس بارے سوال کرنے کی اجازت دیں گے ۔۔۔؟
بہت دعائیں

شاہ جی ،محفل پر آپ کی تشریف آوری میں تجدید پر دلی مسرت ہے، ہدیۂ شکر گزاری قبول فرمائیں۔
امید ہے آپ نے جناب@زہیر عبّاس کا کیا ہوا ’ناممکن کی طبیعات‘ کے ترجمہ پڑھ لیا ہوگا ۔ اگر نہیں، تو سعد میاں سے سوالات کرنے سے پیشتر یہ دھاگہ ملاحظہ کر لیں:
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/نا-ممکن-کی-طبیعیات-physics-of-the-impossible-از-میچو-کاکو.81301/page-5#post-1679381
 
آخری تدوین:

نایاب

لائبریرین
شاہ جی ،محفل پر آپ کی تشریف آوری میں تجدید پر دلی مسرت ہے، ہدیۂ شکر گزاری قبول فرمائیں۔
امید ہے آپ نے جناب@زہیر عبّاس, کا کیا ہوا ’ناممکن کی طبیعات‘ کے ترجمہ پڑھ لیا ہوگا ۔ اگر نہیں، تو سعد میاں سے سوالات کرنے سے پیشتر یہ دھاگہ ملاحظہ کر لیں:
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/نا-ممکن-کی-طبیعیات-physics-of-the-impossible-از-میچو-کاکو.81301/page-5#post-1679381
جی میرے محترم بھائی ۔
اللہ کی امان سدا آپ کے ہمراہ ۔ آمین
یہ سوالات محترم زہیر عبّاس بھائی کے کیئے ہوئے اردو ترجمے سے ہی ابھرے ہیں ۔ اتنی تعلیم کہاں کہ براہ راست انگلش تحریر سے استفادہ کر سکوں ۔ اتفاق سے محترم محمد سعد صاحب نے بھی اس کتاب بارے پسندیدگی کا اظہار کیا تو سوال بھرا کشکول سامنے کردیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہت دعائیں
 
Top