کاشفی

محفلین
کشمیر کسی کی جاگیر ہے نہ اٹوٹ انگ , خود مختار ریاست ہے , علی گیلانی
بی جے پی وادی میں سانحہ گجرات دہرانا چاہتی ہے،مظالم کا سلسلہ بند نہ ہواتوبھارت کاوجود خطرے میں پڑ سکتا ہے،بزرگ رہنما دونوں نوجوان ریاستی دہشتگردی کاشکار ہوئے،کشتواڑ میں کرفیو جاری،بھارتی یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل
سری نگر(فارن ڈیسک )کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے سربراہ سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر کسی کی جاگیر ہے نہ اٹوٹ انگ، ڈیڑھ کروڑ لوگوں کی خودمختار ریاست ہے، بھارتیہ جنتاپارٹی مقبوضہ کشمیر میں بھی سانحہ گجرات دہرانا چاہتی ہے،بھارت نے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سلسلہ بند نہ کیا تو خود اس کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جموں کشمیر میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کو پورے بھارت تک پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر خزانہ چدم برم کے بیان کو شاطرانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر نے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر بھارتیہ جنتا پارٹی کے مکروہ عزائم کو تقویت پہنچائی ہے اور انہیں فرقہ وارانہ آگ کو مزید بھڑکانے کا حوصلہ دیا ہے۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں دو اورکشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ،دونوں نوجوانوں کو بھارتی فوج نے ضلع کے علاقے کیرن میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے صوبہ جموں میں مسلم کش فسادات کے پیش نظر انتظامیہ نے بدھ کومسلسل چوتھے روز بھی کشتواڑ اور جموں کے دیگر اضلاع میں کرفیو نافذ رکھا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کٹھ پتلی انتظامیہ نے کہا ہے کہ انہوں نے منگل کو ضلع میں نافذ کرفیو میں کسی قسم کی نرمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور یہی صورتحال بدھ کو بھی جاری رکھی گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلسل کرفیو کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو اشیائے خوردو نو ش کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ادھرمقبوضہ کشمیر میں آج (جمعرات کو) بھارتی یوم آزادی کے سلسلے میں نام نہاد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کو تعینات کر کے پورے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سری نگرمیں جامہ تلاشیوں کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں ۔علاوہ ازیں بڈگام میں گزشتہ شب پر اسرار طورپر آگ لگنے سے سید باکر شاہ صاحبؒ کی زیارت گاہ نذر آتش ہوگئی۔
 
Top