کتابیں برقیانے کے لئے ڈسٹریبیوٹڈ پروفریڈرز ماڈل/سوفٹویئر

اسد

محفلین
میں پچھلے چار سال سے ڈسٹریبیوٹڈ پروفریڈرز(ڈی پی) کی سائٹس پر کام کر رہا ہوں(خاصی غیر مستقل مزاجی سے، کئی وقفوں کے ساتھ)۔ امریکی سائٹ پر انگریزی کتب کے لئے اور یورپی سائٹ پر اردو کتب کے لئے۔ مجھے ان سائٹس کا طریقہ کار بہت پسند ہے، اس لئے اگر کوئی بات ایسی کہہ جاؤں جو اردو محفل کی لائبریری ٹیم کو ناگوار گزرے تو اس کے لئے پیشگی معذرت۔ اس پوسٹ کا مقصد معلومات حاصل کرنا ہے۔

محفل میں کتابیں برقیانے کا کام فورم پر ہو رہا ہے جو کچھ سٹریم لائنڈ نہیں ہوتا۔ کیا اس کام کے لئے ڈسٹریبیوٹڈ پروفریڈرز کا سوفٹویئر استعمال ہو سکتا ہے؟

انکا سوفٹویئر "GNU General Public License (GPL(" کے ساتھ ہے اور http://sourceforge.net/projects/dproofreaders پر موجود ہے۔ اسے PHP میں لکھا گیا ہے اور MySQL استعمال ہوا ہے۔ یورپی سائٹ http://dp.rastko.net/ اور کینیڈین سائٹ http://www.pgdpcanada.net/c/default.php دونوں UTF-8 میں کام کر رہی ہیں۔ امریکی سائٹ یونیکوڈ میں کام نہیں کرتی۔

اصل میں اردو کتابیں برقیانے کا کام کئی سائٹس اور فورمز پر ہو رہا ہے۔ لیکن کافی غیر منظم انداز میں، خاص طور پر کاپی رائیٹ کے معاملے میں۔ ہر فرد اپنی پسند کے فورم پر جاتا ہے اور اسی پر وقت گزارتا/کام کرتا ہے اور اپنے طور پر کتابیں برقیانے کی کوشش کرتا ہے۔ اگر کسی سائٹ پر (ڈی پی) کا سوفٹویئر ہو اور کام منظم طور پر ہو رہا ہو تو میرے خیال میں دوسرے فورمز کے ممبران بھی اس سائٹ پر آ کر کام کریں گے۔

میں PHP اور MySQL کے بارے میں نہیں جانتا اور ویب سرور اور ہوسٹنگ کے بارے میں میری معلومات محدود ہیں۔ کیا محفل/اردو ویب کی موجودہ سائٹ میں (ڈی پی) کوڈ شامل کیا جا سکتا ہے؟
اگر ایسی علیحدہ سائٹ تیار کی جائے تو اس میں کیا دشواریاں پیش آ سکتی ہیں؟ کیونکہ تمام سکین شدہ کتابیں اور ٹائپ شدہ مواد سرور پر موجود ہوتے ہیں اس لئے کافی زیادہ ہارڈ ڈسک سپیس کی ضرورت پڑے گی۔ اسکے علاوہ؟
 

زیک

مسافر
میرے خیال سے اس سافٹویر کا شامل کرنا ایک اچھا آئیڈیا ہے۔ اسے اردوویب پر انسٹال کرنے میں کوئ مسئلہ نہیں ہونا چاہیئے۔ میں اسے جلد ہی انسٹال کرتا ہوں۔ پھر اسے ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے۔

چونکہ یہاں کئ لائبریری ارکان کے پاس اپنے کمپیوٹر میں اردو سپورٹ نہیں اسلئے چیک کرنا پڑے گا کہ اردو اوپن‌پیڈ کو اس سافٹویر میں کیسے شامل کیا جائے کہ جس طرح ہر کوئ محفل پر اردو لکھ سکتا ہے اسی طرح اس پر بھی لکھ سکے۔

دوسرے یہ سافٹویر ان کتابوں کے برقیانے کے کام آ سکتا ہے جو سکین کی جاتی ہیں۔ یہاں‌بہت سا کام ایسا ہوا ہے جس میں ارکان کے پاس کتب تھیں یا ان‌پیج کا مواد تھا اور اسے ٹائپ یا کنورٹ کیا گیا۔
 

دوست

محفلین
آنلائن کام کرنا اگر دشوار ہو تو اس کا طریقہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سافٹویر اپنے ڈیسکٹاپ پر ٹائپ کرے اور اس کے بعد جب وہ انٹرنیٹ سے کنکٹ ہو تو ڈیٹا سرور کو خودکارانہ منتقل کردیا جائے۔
 
میں ورک فلو مینیجمینٹ‌ سسٹم کو اردو کتابیں برقیانے کے لئے استعمال کرنے پر پچھلے کئی ہفتوں سے کام کر رہا ہوں۔ اور سورس فورج کے کئی پروجیکٹ مینیجمینٹ سسٹم ایویلویٹ بھی کر چکا ہوں۔ ساتھ ہی ان میں تھوڑی سی تبدیلیاں کرکے چاچو ٹائپنگ ہیلپر جیسی خصوصٰات بھی شامل کرنا چاہتا ہوں۔ وقت ملا تو کسی دن حتمی نتائج کے ساتھ کچھ ذکر کروں گا انشاء اللہ۔

والسلام!
 

نبیل

تکنیکی معاون
اسد، آپ شاید اردو لائبریری سائٹ سے واقف نہیں ہیں۔ یہ سائٹ میڈیا وکی کے اردو ورژن پر مبنی ہے اور لائبریری پراجیکٹ کی اصل سائٹ یہی ہے۔ لائبریری پراجیکٹ اب محفل فورم کے سکوپ سے بڑھ چکا ہے۔ وکی پلیٹ فارم پر مبنی ہونے کے سبب اس پر بھی متون کی تدوین مشترکہ طور پر کی جا سکتی ہے۔ آپ اس ایک مرتبہ اس سائٹ کا جائزہ لے کر دیکھیں تاکہ میڈیا وکی کا دوسرے سوفٹویر سے تقابل کیا جا سکے۔
 

اسد

محفلین
میں نے اردو لائبریری سائٹ دیکھی ہے، اس میں وکی استعمال ہو رہا ہے۔ میں وکی کے بارے میں یہی کہوں گا کہ یہ ان مخصوص حالات میں تو کارآمد ہے جن کا زکریا نے ذکر کیا ہے، لیکن اگر ہم بیک وقت، بہت سی یا بہت زیادہ تعداد میں کتابیں برقیانہ چاہیں، تو وکی (یا فورم) میں ایسا کرنا بہت مشکل ہو گا۔یعنی اگر ہر رضاکار کے پاس برقیانے کے لئے مواد موجود ہے تب تو یہ سلسلہ کامیاب ہو سکتا ہے ورنہ اس میں چند قباحتیں ہیں۔
میرے خیال میں، فورم/وکی طریق کار اور ڈی پی طریق کار میں وہی فرق ہے جو پروڈکشن اور ماس پروڈکشن میں ہوتا ہے۔ فرض کریں کہ ایک ساتھ پچاس کتب کو برقیانے کا کام شروع کیا جاتا ہے اور میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ تمام کتابوں کے کتنے کتنے صفحات ٹائپ ہو چکے ہیں۔ وکی میں یہ پروگریس رپورٹ خود بخود کیسے بنے گی؟ ڈی پی میں پروفریڈنگ صفحے پر تمام جاری کتب کی لسٹ بمع کل صفحات اور باقی ماندہ صفحات کی تعداد کے موجود ہوتی ہے، کیونکہ یہاں کام صفحہ بہ صفحہ ہوتا ہے۔ اور، اگر میں دو صفحات ٹائپ کرنے کے بعد دس دنوں کے لئے غیر حاضر ہو جاؤں تو کوئی بھی دوسرا اگلے صفحات پر کام جاری رکھ سکتا ہے۔
ڈی پی کا سب سے بڑا فائدہ سٹینڈرڈائزیشن ہے۔ ہر کتاب کے برقیانے کا ایک ہی انداز ہوتا ہے۔ تمام کتابوں کے صفحات سکیننگ کے بعد سائٹ پر ڈال دیئے جاتے ہیں۔ اور اس مرحلے کے بعد تمام مواد سائٹ پر ہی موجود رہتا ہے۔

میرے تجربہ ہے کہ سب سے اہم چیز، زیادہ سے زیادہ ایسے لوگوں کو اس عمل میں شامل کرنا ہے جو ٹائپنگ جانتے ہوں۔ زیادہ تجربہ کار افراد، جیسے لائبریری کے موجودہ ممبران دوسرے کام کر سکتے ہیں۔
 

اسد

محفلین
(ڈی پی) میں کتابیں برقیانے کا کام مرحلوں میں تقسیم ہے۔ اور ہر کتاب کو ایک پروجیکٹ کہا جاتا ہے۔(یہ مراحل میں اپنی طرف سے، تفصیل سے لکھ رہا ہوں)
1۔ پبلک ڈومین کتابوں کا حصول۔
2۔ کتابوں کا کاپی رائیٹ کلیرنس حاصل کرنا۔
3- کتابوں کی سکیننگ۔ (کونٹینٹ پرووائڈر)
4۔ سکین شدہ صفحات کو او سی آر کرنا۔(لاطینی رسم الخط میں لکھی جانے والی کتابوں کے لئے)
5- پروجیکٹ (کتاب) کو پری-پروسیس کرنا۔
6۔ پروجییکٹ کو (ڈی پی) سرور پر اپلوڈ کرنا۔
7۔ سرور پر پروجیکٹ کی تفصیلات مہیا کرنا (یہ پروجیکٹ مینیجر کا کام ہوتا ہے)۔
8- اس مرحلے میں پروجیکٹ اپنے موضوع کے مطابق مختلف queues قطاروں میں ڈال دیا جاتا ہے۔ اور جب بھی اس موضوع کی کتابیں پہلے مرحلے میں ختم ہو جاتی ہیں تو پروجیکٹ کو پروفریڈنگ کے لئے کھول دیا جاتا ہے۔
9۔ ایک وقت میں پروفریڈر ایک صفحے پر کام کرتا ہے، لیکن کئی پروفریڈر اسی پروجیکٹ کے دوسرے صفحات پر کام کر رہے ہوتے ہیں۔ جیسے ہی پروجیکٹ کے تمام صفحات ایک مرحلے میں ختم ہو جاتے ہیں پروجیکٹ اگلے مرحلے میں چلا جاتا ہے۔
امریکی اور کینیڈین سائٹس پر پہلے تین مرحلے پروفریڈنگ کے ہوتے ہیں، اور اسکے بعد دو مرحلے فورمیٹنگ کے۔
یورپی سائٹ پر پروفریڈنگ کے دو مرحلے ہوتے ہیں۔
ان مراحل میں پروجیکٹ پر کام کرنے والوں کے مسائل پروجیکٹ منیجر حل کرتا ہے۔
جو رضاکار ایک مرحلے میں صفحہ پروفریڈ کرتا ہے، اگلے مرحلے میں اسے یہ صفحہ نہیں ملتا بلکہ کوئی دوسرا پروفریڈر ہی اس پر کام کرتا ہے۔
10۔ پروجیکٹ کی پوسٹ پروسیسنگ۔ کوئی تجربہ کار پروفریڈر(پوسٹ پروسیسر) سرور سے مکمل پروجیکٹ ڈاؤن لوڈ کر کے علیحدہ علیحدہ صفحات کے مواد کو ایک فائل کی شکل دیتا ہے اور فائنل پڑتال کرتا ہے۔ ایک ٹیکسٹ فائل بنانا لازم ہوتا ہے۔ دوسری فارمیٹس میں فائلیں بھی بنائی جا سکتی ہیں۔ عام طور پر HTML بھی بنائی جاتی ہے۔
11۔ پوسٹ پروسیسر مکمل شدہ فائل یا فائلیں پوسٹ پروسیسر ویریفائر کو بھیجتا ہے جو فائل چیک کر کے پروجیکٹ گٹنبرگ کے سرور پر لوڈ کر دیتا ہے۔

پروفریڈنگ اور فورمیٹنگ کے علاوہ، جس میں بہت سے لوگ ایک ہی مرحلے میں کام کر سکتے ہیں، باقی ہر مرحلے کا کام ایک ہی آدمی کرتا ہے۔ ایک آدمی کتاب حاصل کرتا ہے، دوسرا اسکین کر سکتا ہے، تیسرا او سی آر، چوتھا پری پروسیس، پانچواں پروجیکٹ منیجر...۔ اگر ایک ہی آدمی یہ تمام کام جانتا ہو تو وہ یہ سب کام خود بھی کر سکتا ہے۔
اس طرح اگر کسی شخص کو کوئی ایک کام نہ آتا ہو تو وہ کام جاننے والا کوئی اور شخص وہ کام کر لیتا ہے۔
جب ہر کام کوئی ایسا آدمی کرتا ہے جو اس کام میں ماہر یا کم از کم تجربہ کار ہوتا ہے تو کام جلدی اور بہتر ہوتا ہے۔ اس پورے عمل میں سب سے زیادہ وقت ٹائپنگ/پروفریڈنگ میں لگتا ہے اور ان کاموں کے لئے بہت سے رضاکار ہونے ضروری ہیں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ اسد، آپ نے کافی تفصیل سے کتابوں کو برقیانے کے ورک فلو کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔ یہ خود کار ورک فلو میڈیا وکی میں موجود نہیں ہے اور میڈیا وکی کے ذریعے اعدادوشمار کا اس انداز میں حساب لگانا بھی ممکن نہیں ہے لیکن میرے خیال میں پریزنٹیشن کے لیے میڈیا وکی زیادہ فلیکسیبل ہے۔ میں ان لائنوں پر سوچ رہا ہوں کہ لائبریری سائٹ پر ڈسٹریبیوٹڈ پروفریڈرز سوفٹویر علیحدہ سے انسٹال کر لیا جائے جہاں سیکننگ سے لے کر پروف ریڈنگ کے مراحل پر کام کیا جائے اور اس کے بعد متن کو وکی سائٹ پر منتقل کر دیا جائے۔ میرے خیال میں اصل چیلنج لائبریری ٹیم کے ارکان کو لائبریری سائٹ پر کام کرنے کے لیے آمادہ کرنا ہے کیونکہ اکثر دوست فورم پر پوسٹ کرنے کو ہی آسان سمجھتے ہیں اور وکی مارک اپ کے استعمال کو دقت طلب سمجھتے ہیں۔ دوسرے لائبریری سائٹ کی پریزنٹیشن پر ابھی تک کوئی خاص کام نہیں ہوا ہے۔ اسی وجہ سے میں اس جانب کام کرنے کا ارادہ کر رہا ہوں اور اس سلسلے میں معلومات اکٹھی کر رہا ہوں۔
 

الف عین

لائبریرین
میڈیا وکی یا کسی بھی قسم کی وکی کے بارے میں میری رائے سب جانتے ہی ہیں۔ محض کمیونٹی پروجیکٹ کی حد تک یہ کار آمد ہو سکتی ہے لیکن عام صارفین کے لئے قطعی قطعی نہیں، یعنی جو کتابوں کو پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے آئیں۔اسد کا مجوزہ سافٹ وئر بھی در اصل ایک پروجیکٹ مینیجمینٹ نوعیت کا ہے لیکن محض لائبریری کے ا رکان کے لئے۔
 
Top