کاشفی

محفلین
ڈیانا کی ہلاکت، برطانوی پولیس نئی معلومات کا جائزہ لینا شروع
188309_86050898.jpg

برطانوی پولیس نے شہزادی ڈیانا کی 1997ء میں ہلاکت سے متعلق نئی معلومات کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔

لندن: (آن لائن) برطانوی دارالحکومت لندن میں سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس ہیڈ کوارٹرز کے مطابق شہزادی ڈیانا اور ان کے ساتھی ڈوڈی الفائد کی ہلاکت سے متعلق حال ہی میں ملنے والی معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ معلومات کی جانچ پڑتال کا کام '' سپیشلسٹس کرائم اینڈ آپریشنز کمانڈ'' کے افسران سرانجام دیں گے۔ اس موقع پر سکاٹ لینڈ یارڈ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ نئی معلومات کا جائزہ لیا جانا دوبارہ تحقیقاتی عمل شروع کرنے کے مساوی نہیں اور نہ ہی یہ ’آپریشن پیگٹ‘ کے زمرے میں آتا ہے۔ ’آپریشن پیگٹ‘ اس دو سالہ پولیس انکوائری کے عمل پر مشتمل ہے جس میں ڈیانا کی ہلاکت سے متعلق سامنے آنے والی متعدد متضاد خبروں اور مختلف موقف کا جائزہ لیا گیا تھا۔ دریں اثناء برطانیہ کی داخلی پریس ایسوسی ایشن اور ٹیلی وڑن چینل ’ سکائی نیوز‘ کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ کو یہ تازہ معلومات رائل ملٹری پولیس کی جانب سے دی گئی ہیں۔ سکائی نیوز کے مطابق اس معلومات میں ڈیانا کی ذاتی ڈائری سمیت برطانوی فوج کی سپیشل ایئر سروس کے حوالے بھی دیے گئے ہیں۔ سکاٹ لینڈ یارڈ اس حوالے سے مزید بات چیت کے لیے تیار نہیں ہے۔ واضح رہے کہ شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997ء کو فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں اپنے ساتھی ڈوڈی الفائد کے ہمراہ ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔ اس حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور ہینری پال بھی مارا گیا تھا۔ اس سلسلے میں کرائی گئی برطانوی تاریخ کی سب سے طویل اور مہنگی ترین تحقیقات کے بعد 2008ء میں جیوری اس نتیجے پر پہنچی تھی کہ ڈیانا اور الفائد کا ’غیر قانونی قتل‘ پال کی لاپرواہ ڈرائیونگ اور ان کا پیچھا کرنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی گاڑیوں کی وجہ سے ہوا تھا۔ حادثے کے وقت تینوں ہلاک شدگان نے سیفٹی بیلٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈرائیور ہینری پال نے حادثے کے وقت کافی مقدار میں شراب پی رکھی تھی۔ شہزادی ڈیانا کی برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلز کے ساتھ شادی جولائی 1981ء میں ہوئی تھی۔ ایک سال بعد ہی شہزادہ ولیم اور اس کے دو سال بعد شہزادہ ہیری کی ولادت ہوئی۔ ڈیانا اس وقت 20 برس کی تھیں۔ تاہم کچھ ہی عرصے کے بعد میاں بیوی میں اختلافات پیدا ہونا شروع ہو گئے تھے۔ دونوں نے 1993ء میں علیحدگی اختیار کی اور پھر 1996ء میں ایک دوسرے سے طلاق لے لی تھی۔ شہزادہ چارلز نے اپنی دیرینہ دوست کمیلا پارکر باؤلز سے 2005ء میں دوسری شادی کرلی تھی۔
 
Top