ڈاکٹر مہتاب حیدر نقوی ::::: پھر کسی خواب کی پلکوں پہ سواری آئی ::::: Dr. Mehtab hayder Naqvi

طارق شاہ

محفلین
ڈاکٹر مہتاب حیدر نقوی

پھر کسی خواب کی پلکوں پہ سواری آئی
خوش اُمیدی کو لئے بادِ بہاری آئی

پُھول آئے ہیں نئی رُت کے، نئی شاخوں پر
موجۂ ماہِ دِل آرام کی باری آئی

نامُرادانہ کہِیں عُمْر بَسر ہوتی ہے
شاد کامی کے لئے، یاد تمھاری آئی

منتظر رہتی ہیں کِس واسطے آنکھیں میری
اِس گذر گاہ پہ کب اُس کی سواری آئی

اور پھر پھیل گیا رنگِ محبت رُخ پر
لالۂ زخم لئے یار کی یاری آئی

ہم نے اِک روز زباں کھول دی سچ کہنے کو
اور پھر شامتِ اعمال ہماری آئی

ہَوَس و عِشق کے احوال رَقم کرنے کو
پردۂ شعر میں افسانہ نگاری آئی

ڈاکٹر مہتاب حیدر نقوی
علیگڑھ ، انڈیا
 
Top