پیج رینک بڑھانے کے چند مفید طریقے

کسی بھی اچھے بلاگ اور ویب سائٹ کے لیئے پیج رینک سب سے زیادہ اہم چیزوں میں سے ایک ہے۔اگر آپ کے پاس اچھا پیج رینک ہوگا تو آپ کے پاس اشتہارات اور وزیٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔عام طور پر اچھا پیج رینک حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔اس کے لیئے کافی محنت درکار ہوتی ہے۔

پیج رینک ہوتا کیا ہے ؟

پیج رینک ایک مخصوص حساب کے فارمولے کے تحت بنایا جاتا ہے جسے گوگل اور دیگر سرچ انجن وغیرہ کی جانب سے مختلف ویب سائٹس اور دیگر بے شمار ربط کو ڈیٹا بیس میں ایک مقام کے لیئے شمار کیا جاتا ہے۔آپ نے عام طور پر دیکھا ہوگا کہ کچھ ویب سائٹس یا بلاگ کے ربط سرچ انجن میں زیادہ تر ٹاپ پر رہتے ہیں۔ان کے اوپر رہنے کی وجہ ان ویب سائٹس کا اچھا مواد اور زیادہ پیج رینک ہونا ہے۔یہی وجہ ہے کہ پیج رینک کو بڑھانے پر زیادہ زور دیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ پیج رینک دیگر بے شمار جگہوں پر دیکھا جاتا ہے۔پیج رینک اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے بنایا گیا جس میں ”Larry Page “ اور ” Sergey Brin “ خصوصی معاون رہے ہیں۔

پیج رینک کو کیسے بڑھایا جائے ؟

پیج رینک کو بڑھانے کے لیئے آپ کو مندرجہ ذیل کام کرنے ضروری ہیں۔

  1. اچھا اور بہترین مواد
  2. مختلف ویب سائٹس سے ربط کا تبادلہ
  3. فورم پر دستخط میں ربط کی شمولیت
  4. سماجی ویب سائٹس پر اکاؤنٹ
  5. سرچ انجن وغیرہ میں ویب سائٹ کی شمولیت
  6. دوسرے بلاگ اور ویب سائٹس پر تبصرے کرنا
  7. دیگر ویب سائٹس پر مہمان بن کر تحاریر شائع کرنا
  8. ٹریفک کو بڑھانے کی کوشش کرنا
  9. دوسروں کے مواد کو چوری کرنے سے پرہیز کریں

اچھا اور بہترین مواد

پیج رینک کو بڑھانے کے لیئے سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنے بلاگ یا ویب سائٹ پر اچھے سے اچھا مواد پیش کریں۔ایسا مواد پیش کریں جس میں صارف یا قاری کی دلچسپی شامل ہو۔

مختلف ویب سائٹس سے ربط کا تبادلہ

کوشش کریں کہ اپنے بلاگ یا ویب سائٹ کو بہتر بنا کر دیگر ویب سائٹس وغیرہ سے ربط کا تبادلہ کریں۔آپ اپنے بلاگ یا ویب سائٹ کا ربط فراہم کریں مختلف ویب سائٹس کو اور ان کے ربط کو اپنے بلاگ یا ویب سائٹ پر پیش کریں۔

فورم پر دستخط میں ربط کی شمولیت


انٹرنیٹ پر بے شمار فورمز ہیں دنیا کی تقریباً ہر زبان میں موجود ہیں۔آپ کسی بھی زبان میں بلاگنگ کرتے ہوں یا آپ کی ویب سائٹ کسی بھی زبان میں ہو تو آپ کے لیئے فورمز کو تلاش کرنے کا مسئلہ بلکل بھی پیش نہیں آئے گا۔مختلف فورمز پر رجسٹر ہو کر فورم کے صارف دستخط میں اپنا ربط شامل کریں۔اردو زبان میں بھی کئی مشہور فورمز دستیاب ہیں ، جن میں سے چند کی فہرست ذیل میں آپ دیکھ سکتے ہیں۔

  • اردو محفل
  • پاک نیٹ
  • اردو مجلس
  • القلم اردو فورم
  • اردو نامہ فورم

سماجی ویب سائٹس پر اکاؤنٹ

سماجی ویب سائٹس پر رجسٹر ہونا بھی آپ کے لیئے نہایت اہم معنی رکھتا ہے۔جب آپ اپنے بلاگ یا ویب سائٹ کا ربط سماجی نیٹ ورکس ویب سائٹس پر شیئر کرتے ہیں تو مختلف لوگ آپ کے بلاگ اور ویب سائٹ کو وزٹ کرتے ہیں جس سے آپ کی ٹریفک میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ آپ کو بیک لنک بھی مل جاتا ہے۔مشہور نیٹ ورکس جن پر رجسٹر ہونا آپ لیئے ضروری معنی رکھتا ہے یہ ہیں۔

  • فیس بک
  • ٹوئٹر
  • گوگل پلس
  • ڈگ
  • ڈیلیشیئس

سرچ انجن وغیرہ میں ویب سائٹ کی شمولیت

سرچ انجن میں آپ اپنی ویب سائٹ یا بلاگ کو ضرور شامل کریں۔اس سے جب کوئی صارف اپنی مطلوبہ چیز کو تلاش کرتا ہے تو وہ چیز اگر آپ کے بلاگ یا ویب سائٹ پر موجود ہو تو سرچ انجن میں آپ کا بلاگ بھی نظر آتا ہے جس سے آپ کی ویب سائٹ کو کافی فائدہ پہنچتا ہے۔

دوسرے بلاگ اور ویب سائٹس پر تبصرے کرنا


دوسرے بلاگ اور ویب سائٹس پر تبصرے کرنے سے آپ کا فائدہ یہ ہے کہ جب آپ کسی کے بلاگ پر تبصرہ کرتے ہیں تو زیادہ تر بلاگ یا ویب سائٹ پر ایک آپشن موجود ہوتا ہے جو کہ آپ کے بلاگ یا ویب سائٹ کا پتہ مانگتا ہے جب آپ اس میں ایڈریس لکھتے ہیں اور جمع کرواتے ہیں تو تبصرہ شائع ہونے کے بعد آپ کو ایک لنک خود ہی موصول ہوجاتا ہے آپ کے بلاگ کی جانب۔کوشش کریں کہ ان بلاگ پر تبصروں پر توجہ زیادہ دیں جن کا پیج رینک زیادہ ہے۔لیکن دیگر بلاگ یا ویب سائٹ کی حوصلہ افزائی کے لیئے ان پر بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے رہیں۔

دیگر ویب سائٹس پر مہمان بن کر تحاریر شائع کرنا

اس طرح دیگر بلاگ یا ویب سائٹس پر تحاریر شائع کرنے سے آپ کو بیک لنک دیا جاتا ہے۔بیک لنک آپ تحریر میں شامل کرکے جمع کروا سکتے ہیں۔اس کے علاوہ جہاں لکھنے والے کے بارے میں مختصر تعارف ہوتا ہے وہاں سے بھی آپ کو بیک لنک موصول ہوجاتا ہے۔

ٹریفک کو بڑھانے کی کوشش کرنا

اپنے بلاگ یا ویب سائٹ پر اچھا مواد شامل کرکے اور اشتہارات دے کر آپ ٹریفک کو بڑھا سکتے ہیں۔اس کے علاوہ اشتہارات کسی مشہور یا اچھے بلاگ پر دیں۔

دوسروں کے مواد کو چوری کرنے سے پرہیز کریں


ہمیشہ اپنی تحاریر لکھیں اور خود محنت کریں۔اگر آپ دوسروں کی تحاریر کو چوری کرکے اپنےنام سے شائع کریں گے تو آپ کو پیج رینک یا تو مل ہی نہیں سکے گا یا بہت مشکل سے کم درجے کا پیج رینک مل سکے گا۔اس لیئے جو لکھیں اپنی محنت اور لگن سے لکھیں۔

پیج رینک ہر تین سے چار ماہ بعد اپڈیٹ کیا جاتا ہے۔اگر آپ ان چند پیج رینک بڑھانے کے طریقوں پر عمل کریں گے تو جلد ہی آپ اچھے پیج رینک کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

محمد بلال خان کا بلاگ | پیج رینک بڑھانے کے چند مفید طریقے
 
Top