پورے چاند کا جادو

F@rzana

محفلین
‘‘پورے چاند کا جادو‘‘

پوچھ لو ہواؤں سے
یا ندی کی لہروں سے
خواہشیں مچلتی ہیں دل میں دھڑکنیں بن کر
کورے تن کے سائے میں تتلیوں کا ڈیرا ہے
گنگناتے جذبوں کا بھی ادھر بسیرا ہے
نیلے نیلے ساحل پر چاندنی تھرکتی ہے
ناریل کے پیڑوں پر
ملگجے خیالوں کا حرف حرف رستا ہے
بوند بوند پانی کی کوئی گیت گاتی ہے
یاد کی حرارت سے تان ٹوٹ جاتی ہے
پاؤں کو اچانک جب لہریں چوم جاتی ہیں
زرد زرد رنگت پر
پنکھڑی گلابوں کی رنگ بھرنے لگتی ہے
اس سمے
جانے کون سا موسم ارد گرد ہوتا ہے
لال پھول مہندی کے
صندلی ہتھیلی پر خود ہی اگنے لگتے ہیں
کانچ کی طرح لیکن پھر وہ چبھنے لگتے ہیں
بہتے جھرنے کا چہرا
سرخ سرخ پھولوں کی نیلی رگ کو چھوتے ہی
گھاؤ بننے لگتا ہے
یہ حصار کیسا ہے؟
یہ دعائیں کس کی ہیں؟
کیا دیئے محبت کے۔۔۔۔ایک بار لو دے کر۔۔۔
پھر کبھی نہیں بجھتے؟
آج بھی اسی پل پر
ایک کھوئی کھوئی سی لڑکی انتظار میں بیٹھی
ماہ و سال کے موتی انکھڑیوں سے چنتی ہے
تتلیوں کے جھرمٹ سے بچ سکی اگر تو بھی
پورے چاند کا جادو
جان لے کے چھوڑے گا
سانس جب تک آتی ہے
یہ لہو نچوڑے گا۔۔۔!!!
۔
نیناں
۔
 

قیصرانی

لائبریرین
بہت خوب فرزانہ۔ آپ تو درد کی شاعرہ نکلیں۔ یہ آپ کی نئی خوبی پتہ چلی ہے۔کیا خوب لکھا ہے کہ
آج بھی اسی پل پر
ایک کھوئی کھوئی سی لڑکی انتظار میں بیٹھی
ماہ و سال کے موتی انکھڑیوں سے چنتی ہے
تتلیوں کے جھرمٹ سے بچ سکی اگر تو بھی
پورے چاند کا جادو
جان لے کے چھوڑے گا
سانس جب تک آتی ہے
یہ لہو نچوڑے گا۔۔۔!!!

اب اس پر کیا کہوں۔ اتنی گہرائی، اتنی شدت اور اتنی مایوسی اور اتنی پرامیدی کو ایک ساتھ ۔آپ نے اسے پڑھنے کا بہت پہلے بولا تھا۔ میں‌نے پڑھی، مگر پلے نہیں‌پڑی۔ میں‌نے انتظار کیا کہ کب اس کے معنی وارد ہوں۔ ابھی کچھ راستہ کھلا ہے تو میں نے یہ پیغام لکھا۔
کہتے ہیں کہ الفاظ جذبات کی عکاسی یا ترجمانی نہیں کر سکتے۔ مگر کیا اس کو پڑھ کر بھی ایسا لگتا ہے؟نہیں۔ الفاظ جذبات کی صحیح ترجمانی کر سکتے ہیں۔ اگر ان سے درست طریقے سے کام لیا جائے۔ بہت خوب، بہت ہی خوب، مگری میری کی گئی تعریف بہت چھوٹی ہے،اس کے لئے معذرت۔بہت بہت دلی معذرت۔ پہلے سمجھا نہیں، پھر سمجھا تو سمجھانا نہیں آتا۔ شاعر نہ ہونا اور گونگا ہونا، کتنی ملتی جلتی کیفیات ہیں۔ ہیں ناں؟
بے بی ہاتھی
 

دوست

محفلین
سبحان اللہ۔
میں اب یہ سوچ رہا ہوں ایسی کیفیت کبھی مجھ پر طاری کیوں نہیں‌ ہوئی۔وہ جو حسد سا کہتے ہیں وہ ہونے لگا ہے آپ کی شاعری پڑھ کر اب۔ :wink: :wink:
دعا ہے اللہ اور ترقی دے اس کام میں۔
 

قیصرانی

لائبریرین
جی، مگر جب سے ہم نے ان کی شاعری کو سمجھنا شروع کیا ہے انہوں نے رونق افروز ہونا چھوڑ‌دیا ہے۔ ویسے ہو سکے تو اعلان، یاد رکھنے کا ایک بہانہ پر پیغام رکھ دیں۔ بہت شکریہ۔
بے بی ہاتھی
 
Top