پطرس بخاری پطرس کی یاد میں ویب سائٹ

شیخو

محفلین
پطرس کی یاد میں ویب سائٹ​
عارف وقار
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

20051223173757bokhari2.jpg

اُردو کے منفرد مزاح نگار، انگریزی کے زبردست انشاء پرداز، ادب کے فقیدالمثال استاد اور اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے اوّلین مُستقل مندوب احمد شاہ پطرس بخاری کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے انکی مادرِ علمی یعنی لاہور کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی یوں تو کچھ نہ کچھ کرتی ہی رہتی ہے لیکن اب اس ادارے نے واقعی ایک ایسا کارنامہ کر دکھایا ہے جو وقت کا ایک اہم تقاضہ تھا۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے پطرس بخاری کے نام سے ایک مستقل ویب سائٹ کا اجراء کیا ہے جس میں ان کے مضامین، تقاریر، تصاویر اور کچھ نایاب خطوط موجود ہیں جو نہ صرف پطرس کے مداحوں بلکہ محققین کے لیے بھی ایک انمول خزانہ ہیں۔

گورنمنٹ کالج لاہور سے پطرس بخاری کا تعلق بہت گہرا تھا۔ وہ 1916 میں اس کالج میں داخل ہوئے اور 1922 میں انھوں نے یہاں سے انگریزی میں ایم ۔ اے کیا، جس کے فوراً بعد وہ اسی کالج میں انگریزی کے لیکچرار مقرر ہوگئے۔

1925 میں پطرس انگریزی ادب کی اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان چلے گئے اور دو برس تک کیمبرج میں زیرِ تعلیم رہے۔ لاہور واپس آکر انہوں نے اپنی پسندیدہ درسگاہ گورنمنٹ کالج میں پروفیسر کا عہدہ قبول کر لیا اور بارہ برس تک تشنگانِ ادب کو اپنے علم و ادب کی سبیل سے پیالے بھر بھر پلاتے رہے۔

پطرس کے مضامین نامی وہ مختصر سی کتاب 1927 میں شائع ہوئی تھی جو آج تک ایک ترو تازہ گلُ دستے کی طرح ہر ادب شناس کے گھر میں مہک رہی ہے لیکن بھارت کے مزاح نگار کنہیا لال کپور نے ایک بار کیا خوبصورت بات کہی تھی کہ ’پطرس کا اصل کارنامہ وہ چند مضامین نہیں ہیں جو کتابی شکل میں چھپ کر سامنے آئے بلکہ وہ بے شمار شاگرد ہیں جِن میں انھوں نے علم و ادب کی آگہی پیدا کی اور جو پاک و ہند کے گوشے گوشے میں ان کا بصیرت افروز پیغام لے کر پہنچے‘۔

آج انہی شاگردوں کے شاگرد اور آگے پھر ان کے شاگرد، اپنے استادوں کے استاد کا نام روشن کر رہے ہیں۔ گورنمنٹ کالج کی جانب سے اس ویب سائٹ کا اجراء پطرس بخاری کے پوتے ایاز بخاری کے دم قدم سے ممکن ہوا جنہوں نے پطرس کی بہت سی نایاب تصویریں، اہم خطوط اور غیر مطبوعہ تحریریں اس ویب سائٹ پر اشاعت کے لیے پیش کی ہیں۔

پطرس کے مدّاح اب اُن تقریروں کا متن بھی پڑھ سکیں گے جو انہوں نے اقوامِ متحدہ میں کی تھیں اور اُن انگریزی تحریروں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے جِن میں نیم مزاحیہ روزنامچوں سے لیکر فلم ایڈیٹنگ جیسے تکنیکی موضوع پر لکھے ہوئے سنجیدہ مضامین تک شامل ہیں۔

اس ویب سائیٹ کا پتہ ہے www.patrasbokhari.com
 

نبیل

تکنیکی معاون
شیخو، بہت شکریہ پوسٹ کا۔ اس میں شامل ربط کو میں نے فورم کے روابط میں شامل کر لیا ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ وقتاً فوقتاً ایسے قابل قدر روابط یہاں شامل کرتے رہا کریں۔

شکریہ۔
 
Top