پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے کو نقصان پہنچانے کے لئے عالمی طاقتیں سرگرم۔

لاہور ( معین اظہر سے ) پاکستان میں چین کے اکنامک کوریڈور کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانے کے لئے بین الاقوامی سازش کا انکشاف ہوا ہے۔ حال ہی میں ایک حساس ادارے کی طرف سے جاری ہونے والے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ نے دنیا کے مختلف مسلمان ملکوں بشمول پاکستان سے چین کے صوبے سنک کیانگ میں شورش بھڑکانے کے لئے رضاکاروں کی بھرتی شروع کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سازش میں دو ملکوں کے حساس ادارے ملوث ہیں ایک چین کی ترقی کو روکنا چاہتا ہے دوسرا جس کو چین کے مقابلے میں کھڑا کیا جا رہا ہے ۔ یہ ممالک پاکستان چین کے تعاون کو بھی کم سطح پر لانے اور چین کی سرمایہ کاری کو پاکستان میں روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے منتخب ہونے کے بعد سب سے پہلا دورہ چین کا کیا تھا جس میں چین کے ساتھ اکنامک کوریڈور کے منصوبہ کے ایم او یو پر سائن کئے گئے تھے جس پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی اور منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقے ترقی کی طرف گامزن ہو جائیں گے۔ وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اپنی چین مخالف سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اس سلسلے میں موومنٹ اسلامی ممالک میں رضاکار بھرتی کر رہی ہے۔ ’’ایٹم‘‘ پاکستان میں چینی مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے جس کے لئے وہ چینی باشندوں پر حملوں، ان کو اغواء جیسے اقدامات کر سکتی ہے۔ وزارت داخلہ نے اس کے لئے چاروں صوبائی حکومتوں کو ہدایات دی ہیں کہ پاکستان میں مختلف سرکاری پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور عملے کی سکیورٹی سخت کر دی جائے اور ان کے گرد کسی غیر متعلقہ شخص کو جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ایٹم‘‘ نے تین ویڈیوز اردو میں جاری کی ہیں جس میں رضاکار بھرتی کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ سفارتی ماہرین کے مطابق امریکہ اور دیگر ممالک پاکستان کے معاشی ترقی کے پروگرام کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان میں معاشی ترقی نہ ہو سکے کیونکہ اس اکنامک کوریڈور کے منصوبے سے پاکستان کی چین اور سینٹرل ایشیا تک رسائی ہو جائے گی جبکہ پاکستان کو اربوں ڈالر کی ٹرانزٹ فیس اس منصوبہ کے بعد ملے گی اور گوادر پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔
ربط
 
Top