پاکستان عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن بن گیا

حسیب

محفلین
کراچی: اسکواش میں سنہرے دنوں کی واپسی ہو گئی، پاکستان نے مصر کو2-1 سے مات دے کر عالمی جونیئر ٹیم چیمپئن شپ جیت لی، سیکنڈ سیڈ سائیڈ نے دوسری مرتبہ اعزاز کا دفاع کرنے والی ٹاپ سیڈ مصر ی ٹیم کو ہرا کر12برس بعد یہ اعزاز دوبارہ اپنے نام کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پولش شہر بیلیسکو بیالا میں ختم ہونے والے ٹورنامنٹ کے ٹیم ایونٹ فائنل میں قومی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے مجموعی طور پر5 ویں مرتبہ پاکستان کو عالمی جونیئر ٹائٹل دلایا، مسلسل3مرتبہ مصر سے فائنل میں ناکام رہنے والے پاکستان نے اس مرتبہ فتح کو گلے لگا ہی لیا، پہلے میچ میں پاکستان کے اسرار احمد نے مصری کھلاڑی سعد العدین بن ابو عیش کو3-0 سے شکست دی، ان کی فتح کا اسکور11-9، 11-9اور11-9رہا۔
دوسرے میچ میں احس ایاز کو مصری حریف یوسف ابراہیم نے47 منٹ کی تگ و دو کے بعد3-1 سے زیر کرکے مقابلہ1-1 کر دیا، اسکور13-11، 11-13، 11-5 اور 11-6رہا، تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں قسمت پاکستان پر مہربان رہی، عباس شوکت نے ماروان طارق کو کسی خاص مشکل کے بغیر3-0سے ہرا کر اپنے ملک کو عالمی چیمپئن بنا دیا، اسکور11-7، 11-9اور11-8 رہا۔ دریں اثنا سابق عالمی چیمپئن اور اپنے دور کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان نے عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا مینز ٹیم ٹائٹل جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد اسکواش کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئی، یہ فتح کھیل میں پاکستان کے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کی کاوشوں کی جانب پہلا قدم ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ایونٹ میں بہتر کھیل پیش کرکے کامیابی پائی، ایک سوال پر جہانگیر خان نے کہا کہ اگرمحنت اور لگن کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی جائے تو پاکستان اسکواش کے عالمی افق پر مزید فتوحات پا سکتا ہے، دریں اثنا پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے کہا کہ یہ جیت قومی اسکواش کے لیے نیک شگون ہے، سابق سینئر کھلاڑیوں کی معاونت سے فیڈریشن کی کوشیش رنگ لانا شروع ہوگئی ہیں، اس فتح پر کھلاڑی اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
 

حسیب

محفلین
اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کی گرومنگ کر کے انٹرنیشنل لیول پہ کیا کارکردگی آتی ہے
 
Top