ساحر وہ صبح کبھی تو آئے گی۔۔۔۔ ساحر لدھیانوی

فرحت کیانی

لائبریرین
وہ صبح کبھی تو آئے گی

ان کالی صدیوں کے سر جب رات کا آنچل ڈھلکے گا
جب دُکھ کے بادل پگھلیں گے، جب سُکھ کا ساگر جھلکے گا
جب امبر جھوم کے ناچے گا، جب دھرتی نغمہ گائے گی

وہ صبح کبھی تو آئے گی

جس صبح کی خاطر جُگ جُگ سے ہم سب مر مر کے جیتے ہیں
جس صبح کے امرت کی دُھن میں ہم زہر کے پیالے پیتے ہیں
ان بھوکی پیاسی روحوں پر اک دن تو کرم فرمائے گی

وہ صبح کبھی تو آئے گی

مانا کہ ابھی تیرے میرے ارمانوں کی قیمت کچھ بھی نہیں
مٹی کا بھی ہے کچھ مول مگر انسانوں کی قیمت کچھ بھی نہیں
انسانوں کی عزت جب جھوٹے سکوں میں نہ تولی جائے گی

وہ صبح کبھی تو آئے گی

دولت کے لیے جب عورت کی عصمت کو نہ بیچا جائے گا
چاہت کو نہ کُچلا جائے گا، عزت کو نہ بیچا جائے گا
اپنے کالے کرتوتوں پر جب یہ دنیا شرمائے گی

وہ صبح کبھی تو آئے گی

بیتیں گے کبھی تو دن آخر یہ بھوک کے اور بےکاری کے
ٹوٹیں گے کبھی تو بُت آخر دولت کی اجارہ داری کے
جب ایک انوکھی دنیا کی بنیاد اٹھائی جائے گی

وہ صبح کبھی تو آئے گی

مجبور بڑھاپا جب سُونی راہوں کی دھول نہ پھانکے گا
معصوم لڑکپن جب گندی گلیوں میں بھیک نہ مانگے گا
حق مانگنے والوں کو جس دن سُولی نہ چڑھائی جائے گی

وہ صبح کبھی تو آئے گی

فاقوں کی چتاؤں پر جس دن انسان نہ جلائے جائیں گے
سینے کے دہکتے دوزخ میں ارماں نہ جلائے جائیں گے
یہ نرک سے بھی گندی دنیا جب سورگ بنائی جائے گی

وہ صبح کبھی تو آئے گی

ساحر لدھیانوی
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت شکریہ فرحت کیانی - ساحر کی بہت ہی خوبصورت نظم ہے - یہ نظم کسی فلم میں گائی بھی گئی ہے - راج کپور اور مالا سنہا کی فلم تھی - اس وقت فلم کا نام ذہن میں نہیں‌ آرہا -
 

فرحت کیانی

لائبریرین
بہت شکریہ فرحت کیانی - ساحر کی بہت ہی خوبصورت نظم ہے - یہ نظم کسی فلم میں گائی بھی گئی ہے - راج کپور اور مالا سنہا کی فلم تھی - اس وقت فلم کا نام ذہن میں نہیں‌ آرہا -

شکریہ سخنور :)
مجھے ڈھونڈنے پر یہ معلومات ملی ہیں۔

فلم: پھر صبح ہوگی ( 1958(
گلوکار: مکیش، آشا بھوسلے
 

فرحت کیانی

لائبریرین
شکریہ فرحت شیئر کرنے کیلیئے

بہت شکریہ۔ اچھی نظم ہے


فرحت بہت ہی اچھی نظم ہے:):)

فرحت! بہت خوب شیئرنگ ہے لیکن یہ مصرعہ کچھ بے وزن لگ رہا ہے

آپ سب کا بہت شکریہ :)

فہد! اس میں 'بھی' کی کمی تھی۔ میں ٹھیک کر دیا ہے۔ بہت شکریہ :)
 
Top