نویں سالگرہ نو برس کا قصہ ہے

زیک

مسافر
تین دن پہلے لکھنا تھا مگر بوجوہ لکھ نہ سکا۔

جب میں نے اردو میں بلاگنگ شروع کی تو نہ ان پیج کا پتا تھا نہ کسی اور اردو بلاگ کا علم۔ بعد کی معلومات سے خیال ہے کہ عمیر سلام شاید اردو کے پہلے بلاگر ہیں۔

وقت کے ساتھ کچھ اردو بلاگرز سے واقفیت ہوئی۔ تکنیکی مسائل اس زمانے میں بہت زیادہ تھے۔ انہیں حل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے آصف سے بات ہوئی اور انہوں نے ایک مشترکہ بلاگ شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ نبیل نے اردو وکی شروع کرنے کی بات کی۔ اس طرح اردوویب بلاگ کا آغاز میری زیک وژن ڈومین پر اور اردو وکی کا آصف کی ڈومین پر ہوا۔

کچھ عرصے بعد اردو سیارہ بھی سیٹ اپ ہو گیا جس پر اس وقت چند ہی بلاگ تھے۔

پھر ہمیں احساس ہوا کہ ایک علیحدہ ڈومین پر یہ سب اکٹھا کیا جائے۔ رائے شماری سے اردوویب ڈاٹ آرگ نام طے پایا اور ہوسٹنگ ڈریم ہوسٹ پر لی جو کافی سال رہی یہاں تک کہ مسائل کی وجہ سے وہاں سے منتقل ہوئے۔

نبیل نے اردوویب رجسٹر ہونے کے چند دن بعد پی ایچ پی بی بی انسٹال کی اور اردو محفل کا آغاز ہوا۔ معلوم نہیں کیا وجہ تھی کہ میں محفل میں دس دن لیٹ شامل ہوا۔ مجھ سے پہلے 24 ارکان ممبر بن چکے تھے۔

وقت کے ساتھ بہت سی تبدیلیاں ہوئیں۔ محفلین آئے اور چلے بھی گئے۔ internationalization، لوکلائزیشن، یونیکوڈ اور ویب ہوسٹنگ کے متعلق بہت کچھ سیکھا۔

محفل اردوویب کا مرکز بن گئی اور اس نے کئی یونیکوڈ اردو فورمز کو جنم دیا۔

جہاں محفل پر ایک نئی کمیونٹی بنی اور نیٹ پر اردو پھیلتی گئی وہاں مجھے کچھ باتوں سے مایوسی بھی ہوئی۔ ایک تو یہ کہ نیٹ پر اردو کا محور شاعری، اسلام، سیاست اور کرکٹ سے زیادہ آگے نہ بڑھا۔ اگر آپ ایسے اردو سائٹس سے واقف ہیں جن کا فوکس اس کے علاوہ ہے تو پلیز ان کے بارے بتائیں۔

دوسری بات کچھ ذاتی تھی۔ میں نے یہ کبھی نہیں چھپایا کہ میں مغرب کا آدمی ہوں۔ اس لحاظ سے اکثر محفلین سے میرا فکری اختلاف ہی نہیں تھا بلکہ ہم الگ دنیاؤں کے باسی تھے اور ایک دوسرے کے بنیادی اصولوں ہی کو سمجھنے سے قاصر تھے۔ یہ بات مصروفیت کے ساتھ نتھی ہوئی اور میں محفل سے کچھ عرصہ دور رہا۔

بھلا ہو آئی فون کا اور نبیل کا کہ انہوں نے آخر میری درخواست قبول کی کہ مجھے منتظم کے عہدے سے ہٹا دیا جائے کہ میں آج یہاں آپ سب کو محفل کی نویں سالگرہ کی مبارکباد دیتا ہوں۔
 
نایاب

لائبریرین
محترم بھائی آپ کو بھی دلی دعاؤں بھری مبارکباد
میں تو آپ کوآزاد انسانیت کے یکساں دائرے کا قیدی سمجھتا تھا ۔ آپ تو صرف مغرب کے نکلے ۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ کی نگاہ میں اردو کا محور اسلام سیاست شاعری اور کرکٹ کے علاوہ اور کیا ہو سکتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔؟
بہت دعائیں
 
صائمہ شاہ

محفلین
آپ نے لکھا اردو کا محور اسلام ، شاعری اور سیاست سے آگے نہیں بڑھ سکا آپ کس حد تک لے جانا چاہتے تھے کچھ اور وضاحت کیجیے
 
زیک

مسافر
محترم بھائی آپ کو بھی دلی دعاؤں بھری مبارکباد
میں تو آپ کوآزاد انسانیت کے یکساں دائرے کا قیدی سمجھتا تھا ۔ آپ تو صرف مغرب کے نکلے ۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم جو پڑھتے ہیں اور جس ماحول میں رہتے ہیں اس کا اثر ہماری سوچ پر ہوتا ہے۔ انسانیت کے بارے میں سوچتے ہوئے بھی ہم کچھ باتیں لاشعور سے لاتے ہیں۔
 
اردو ویب کے بانی کو بھی اردو محفل اور اردو ویب کی سالگرہ مبارک ہو۔ اردو ویب ڈاٹ آرگ کا قیام بھی اردو زبان کی ایک خدمت ہے۔ میری طرف سے مبارکباد اور شکریہ دونوں پیش ہیں۔ :)
 
آخری تدوین:

عثمان

محفلین
محفل کی سالگرہ مبارک :)
دوسری بات کچھ ذاتی تھی۔ میں نے یہ کبھی نہیں چھپایا کہ میں مغرب کا آدمی ہوں۔ اس لحاظ سے اکثر محفلین سے میرا فکری اختلاف ہی نہیں تھا بلکہ ہم الگ دنیاؤں کے باسی تھے اور ایک دوسرے کے بنیادی اصولوں ہی کو سمجھنے سے قاصر تھے۔ یہ بات مصروفیت کے ساتھ نتھی ہوئی اور میں محفل سے کچھ عرصہ دور رہا۔
آپ یہاں اپنی اس شناخت میں تنہا تو نہیں ہیں۔ محفلین میں ایسے کئی ہیں جو مغرب کو اپنی شناخت کا ایک اہم حصہ سمجھتے ہیں۔
 
زیک

مسافر
آپ کی نگاہ میں اردو کا محور اسلام سیاست شاعری اور کرکٹ کے علاوہ اور کیا ہو سکتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔؟

آپ نے لکھا اردو کا محور اسلام ، شاعری اور سیاست سے آگے نہیں بڑھ سکا آپ کس حد تک لے جانا چاہتے تھے کچھ اور وضاحت کیجیے

دنیا اور زندگی کا ہر موضوع۔ کار، سائیکل، نٹنگ، ککنگ، فلسفہ، سائنس، تاریخ، کڑھائی، بےبی بلاگ، آرٹ، وغیرہ وغیرہ
 
صائمہ شاہ

محفلین
دنیا اور زندگی کا ہر موضوع۔ کار، سائیکل، نٹنگ، ککنگ، فلسفہ، سائنس، تاریخ، کڑھائی، بےبی بلاگ، آرٹ، وغیرہ وغیرہ
یہ آپ کے قارئین پر منحصر ہے بہت سے دیسی لوگ سائیکلنگ نہیں کرتے بےبیز کے بعد خواتین ایسے ہی غائب ہوجاتی ہیں جیسے مقدس غائب ہیں حالانکہ یہ انتہائی دلچسپ موضوع ہے مگر اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے لوگوں کی ترجیحات کیا ہیں اور ککنگ تو روزمرہ کے کاموں میں سے ایک ہے یہ تو ضرور ہو سکتا ہے
 
اگر امریکی، فارسی یا عربی بلاگز سے مقابلہ نہ بھی کریں تو پاکستانی انگریزی بلاگز میں بھی تنوع اردو والوں کی نسبت زیادہ ہے۔
 
محمداحمد

لائبریرین
بانیانِ اردو محفل خواہ جس بھی مکتبہ فکر سے یا معاشرے سے وابستہ ہیں اردو محفل کے لئے شروع سے اب تک کی جانے والی اُن کی تمام کاوشیں لائقِ صد ستائش ہیں۔ در حقیقت ویب پر اردو کمیونٹی آپ (زیک)، نبیل بھائی اور سعود بھائی اور محفل کے دیگر اولین ساتھیوں کی زیرِ احسان ہے۔

ہماری طرف سے آپ کو بھی محفل کی سالگرہ مبارک ہو۔
 
محمداحمد

لائبریرین
جہاں محفل پر ایک نئی کمیونٹی بنی اور نیٹ پر اردو پھیلتی گئی وہاں مجھے کچھ باتوں سے مایوسی بھی ہوئی۔ ایک تو یہ کہ نیٹ پر اردو کا محور شاعری، اسلام، سیاست اور کرکٹ سے زیادہ آگے نہ بڑھا۔

دراصل اس کی وجہ وہی ہے جو پاکستانی معاشرے میں اردو کی ترویج کے آڑے آتی رہی ہے۔

پاکستان میں اردو زبان عوام میں بولی تو جاتی ہے لیکن لوگوں کی پیشہ ورانہ اور تعلیمی زندگی میں انگریزی ہی غالب ہے۔ سو ایسے میں جو لوگ اردو زبان کی طرف راغب ہوتے ہیں اُن کی اکثریت یا تو ادب کے شعبے سے ہوتی ہے یا مذہب وغیرہ سے۔ اب البتہ ایسے لوگ بھی محفل میں آ رہے ہیں جو دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ہیں اور آہستہ آہستہ اردو کمیونٹی کی طرف سے دیگر موضوعات بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
محفل کے بانیوں کو سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔ نو سال کی داستاں میں تو اس لئے بھی نہیں کھول رہا تھا کہ کم از کم نوے سطور پر مبنی ہوگی۔ اگر پتا ہوتا کہ تلخیص نگاری سے کام لیا گیا ہے تو کب کا پڑھ چکا ہوتا۔ :)

دنیا اور زندگی کا ہر موضوع۔ کار، سائیکل، نٹنگ، ککنگ، فلسفہ، سائنس، تاریخ، کڑھائی، بےبی بلاگ، آرٹ، وغیرہ وغیرہ
اصل میں ایک وجہ یہ بھی ہے زیک بھائی کہ پاکستان میں بلاگنگ اس قدر عام نہیں ہے۔ مزید یہ کہ اوپر جو موضوعات آپ نے گنوائے یا زندگی کے زیادہ سے زیادہ پہلو ہوں۔ لوگ اکثر انٹر نیٹ استعمال نہیں کرتے۔ بلکہ اگر یہ کہوں کہ عمومی آراء میں انٹرنیٹ کا استعمال ابھی تک محض تفریح کا اک بہانہ ہے تو غلط نہ ہوگا۔ میں نے دستکاری کے بہت سے نمونے محفل پر شئیر کیے تھے۔ جو میرے گھر والوں کے ہاتھ سے بنے ہیں۔ لیکن وہ سب بنانے والے انٹرنیٹ کے استعمال سے بالکل نابلد ہیں۔ زیادہ تر آئی ٹی سے تعلق رکھنے والے بیٹھے ہوتے ہیں۔ سو وہ اپنی دلچسپی کے موضوعات تک ہی محدود رہ جاتے ہیں۔ یہ محض میری ذاتی رائے ہے اس سے اختلافات رکھنا ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ زیک۔ کہیں ایسا تاثر مل رہا جیسے آپ کو پکڑ کر یہ سب کچھ لکھوایا گیا ہو۔ عنوان باقی تحریر سے زیادہ جاندار ہے۔ :)
اردو ویب اور اردو محفل فورم کو نو برس ضرور ہو گئے ہیں لیکن ابھی بھی بقول شاعر۔۔
تشکیل و تکمیل فن میں جو حصہ نبیل کا ہے
نو برس کا قصہ ہے نصف صدی کی بات نہیں
:)
 
Top