نقاب اٹھائے تو دشمن سلام کر دے گا ۔ شہزاد قیس

الشفاء

لائبریرین
نقاب اُٹھائے تو دُشمن سلام کر دے گا
جمالِ یار محبت کو عام کر دے گا

یہ دُھوپ ، چھاؤں کے موسم ہیں اُس کی مٹھی میں
اَگر ضَروری لگا ، دِن میں شام کر دے گا


ہے کوہ قاف پہ اُس شوخ گُل کا ذِکر حرام
کہ ننھی پریوں کو یہ بے لگام کر دے گا

طلسمِ مصر ہے اُس کے حسین ہاتھوں میں
جو وُہ بنائے تو چائے کو جام کر دے گا

نہ چھوڑ اِس قَدَر آزاد اَپنی آنکھوں کو
یہ کام تجھ کو کسی کا غلام کر دے گا

تمام رات فقط چاند دیکھتے رہنا
تمہارا کام کسی دِن تمام کر دے گا

غزل ، صنم پہ سبھی لکھتے ہیں مگر مجنوں!
کتاب لکھے گا ، لیلیٰ کے نام کر دے گا

خدا کے واسطے ، اُمید کی حفاظت کر
خدا نے چاہا تو دُشمن بھی کام کر دے گا

اُداس ہو تو غزل اور بھی سناؤں حُضور؟
جو مسکراؤ تو قیس اِختتام کر دے گا۔
۔۔۔۔۔
 

طارق شاہ

محفلین
قطع نظر اس کے کہ سنجیدہ غزل ہو یا نمکین شہزاد قیس کے اشعار کے مصرعوں میں ربط آسمان پر ہوتا ہے
کوئی شعر مبہم نہیں ہوتا، یعنی مصرعوں میں باہمی ربط پراُسے بلا کا کمال حاصل ہے۔

تمام رات فقط چاند دیکھتے رہنا
تمہارا کام کسی دِن تمام کر دے گا
کیا ہی اچھا ہے صاحب !

الشفاء صاحب!
بہت مربوط خیالوں سے مُزیَّن غزل منتخب اور شیئرکرنے پر بہت سی داد قبول کیجیے
بہت خوش رہیں اور لکھتے رہیں
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
غزل ، صنم پہ سبھی لکھتے ہیں مگر مجنوں!
کتاب لکھے گا ، لیلیٰ کے نام کر دے گا

لیلیٰ کا لفظ شہزاد صاحب کی شاعری میں بہت استعمال ہوا ہے۔
 

الشفاء

لائبریرین
قطع نظر اس کے کہ سنجیدہ غزل ہو یا نمکین شہزاد قیس کے اشعار کے مصرعوں میں ربط آسمان پر ہوتا ہے
کوئی شعر مبہم نہیں ہوتا، یعنی مصرعوں میں باہمی ربط پراُسے بلا کا کمال حاصل ہے۔

تمام رات فقط چاند دیکھتے رہنا
تمہارا کام کسی دِن تمام کر دے گا
کیا ہی اچھا ہے صاحب !

الشفاء صاحب!
بہت مربوط خیالوں سے مُزیَّن غزل منتخب اور شیئرکرنے پر بہت سی داد قبول کیجیے
بہت خوش رہیں اور لکھتے رہیں

شاہ صاحب۔شعر ، شاعری اور شاعروں سے متعلق میرا علم بہت کم ہے۔ لیکن جب کبھی کوئی شعر یا غزل من کو اچھی لگے تو آپ لوگوں کے ساتھ شیئر کر لیتے ہیں۔۔۔
آپ کو غزل کا انتخاب پسند آیا ۔ اس کے لئے مشکور ہوں۔۔۔
خوش رہیں۔۔۔
 

الف عین

لائبریرین
شاعر تو قیس بہت اچھا ہے، لیکن بس تکنیک کے معاملے میں کبھی کبھی پٹری سے اتر جاتے ہیں۔ اگر کسی استاد کو اپنی شاعری دکھا لیا کریں تو یہ سقم بھی دور ہو جائے۔ بلال، ایک مجموعے کا نام بھی لیلیٰ ہے شہزاد قیس کے۔
 
Top