نائب وزیر اعلی مہاراشٹر نے بھی استعفیٰ دیدیا،وزیر اعلیٰ کی طرف سے بھی استعفے کی پیشکش

زین

لائبریرین
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ آرآر پٹیل نے بھی استعفیٰ دے دیا،وزیر اعلیٰ کی طرف سے استعفے کی پیش کش
ممبئی ............بھارتی ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ آرآر پٹیل نے بھی ممبئی دہشت گرد حملوں میں انتظامیہ کی کوتاہی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ولاس راﺅ دیش مکھ نے بھی استعفیٰ دینے کی پیشکش کی ہے۔ پیر کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ آر آر پٹیل نے صحافیوں سے گفتگو کرنے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ ولاس راﺅ دیش مکھ کو پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے کا فیصلہ انہوں نے کسی دباﺅ میں آکر نہیں کیا بلکہ خود کیا ہے۔ دوسری طرف نائب وزیر اعلیٰ کی طرف سے استعفیٰ کے بعد وزیر اعلیٰ ولاس راﺅ دیش مکھ نے بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی پیش کش کی ہے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرنے ہوئے ولاس راﺅ دیش مکھ نے کہا کہ اگر ممبئی دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری وزیراعلیٰ پر عاہد ہوتی ہے تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے استعفیٰ کا فیصلہ حکمران جماعت کانگرس کی اعلیٰ قیادت کرے گی ۔کانگرس کے ایک رہنما نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ اگر وزیر اعلیٰ یا نائب وزیر اعلیٰ میں سے کوئی ایک استعفیٰ دیتا ہے تو پھر دوسرے کو خود بخود عہدہ چھوڑنا پڑتا ہے کیونکہ معاملہ تو ایک ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ولاس راﺅ دیش مکھ نے دہشت گرد حملوں کا نشانہ بننے والے تاج محل ہوٹل کا بالی وڈ کے فلمساز رام گوپال ورما اور اپنے بیٹے اداکار رتیش کے ہمراہ دورہ کیا جس پر ان پر شدید تنقید کی گئی اور آل پارٹیز اجلاس میں بھی اس نکتہ کو اٹھایا گیا۔ واضح رہے کہ ممبئی دہشت گرد حملوں کی روک تھام میں ناکامی پر وزیرداخلہ شیوراج پٹیل اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر ایم کے نارائنن پہلے ہی استعفیٰ دے چکے ہیں۔
 
Top