مچھ کے قریب بولان میل میں‌دھماکہ‘ ایک مسافر ہلاک‘ 35 سے زائد زخمی

زین

لائبریرین
کوئٹہ+مچھ :
بلوچستان کے علاقے مچھ کے قریب کراچی سے کوئٹہ آنے والی بولان میل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور35سے زخمی ہوگئے ہیں‘ دھماکے کے بعد ٹرینوں کی آمدروفت روک دی گئی ہے ‘ کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق جمعرات کو کراچی سے کوئٹہ آنے والی بولان میل بلوچستان کے ضلع بولان میں واقع مچھ ریلوے اسٹیشن سے کوئٹہ کی طرف روانہ ہوئی تو مچھ سے بیس کلو میٹر کے فاصلے پر دوزان کے مقام پر اکانومی کلاس کی بوگی نمبر تین میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں لاڑکانہ کا رہائشی نبی بخش گوپانگ جاں بحق جبکہ35سے زائد زخمی ہوگئے جن میں گیارہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم تخریب کاروں نے دھماکہ خیز مواد بوگی کے لیٹرین میں رکھا تھا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے ،زخمیوں کو ٹرین سے نکال کر ایمبولینس اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے کوئٹہ اور مچھ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے ۔کوئٹہ کے سول اور بولان میڈیکل ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں کو ڈیوٹیوں پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
ریلوے ذرائع نے دھماکے میں ایک شخص کے ہلاک اور تیس سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔ دھماکے کے بعد پنجاب ،سرحد سے آنے والی ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک لیا گیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ریلوے سے امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کردی گئی ہیں جس کے بعد متاثرہ ٹرین کی مرمت کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی جائے گی ۔دھماکے کے بعد تمام ریلوے اسٹیشنوں پر ریلوے پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔
ادھر کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی کے ترجمان سرباز بلوچ نے نامعلوم مقام سے کوئٹہ میں میڈیا کے دفاتر فون کرکے ٹرین دھماکے کی ذمہ داری اپنے سر لے لی ہے۔
 

arifkarim

معطل
یہ ہر جگہ کالعدم تنظیمیں کیسے بن جاتی ہیں اور انہیں اسلحہ کون فراہم کرتا ہے؟
 

شمشاد

لائبریرین
ایسے حملوں کے بعد جو پولیس کو ریڈ الرٹ کرتے ہیں تو پہلے ہی یہ کیوں نہیں الرٹ رہتے؟

بہرحال افسوس ناک واقعہ ہے۔
 
Top